سی این جی کا مسئلہ

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
سی این جی کا مسئلہ
محمد جنید، کراچی
پاکستانی سرزمین قدرتی ذخائر سے مالا مال ہے جتنے ذخائر دریافت ہوئے ہیں اتنے ہی مزید دریافت ہونے کی امید ہے انہی قدرتی وسائل میں ایک گیس کی پیداوار بھی ہے،گھریلو گیس کی اہمیت کو تو شاید خواتین ہی جانتی ہوں گی خصوصاً وہ خواتین جنہوں نے گاؤں دیہاتوں میں عرصہ دراز اختیار کرنے کے بعد شہری علاقوں کا رخ کیا ہو کیوں کہ گاؤں دیہاتوں میں گیس کے بجائے لکڑی کی آگ سے گھریلو ضروریات پوری کی جاتی ہیں۔گھریلو گیس کے علاوہ اہل پاکستان کو اللہ نے ایک اور نعمت سے بھی نوازا جو ہمارے اور آپ کے مابین سی این جی کی شکل میں موجود ہیں اور ہم برابر اس سے مستفید بھی ہورہے ہیں۔
سی این جی (CNG)جہاں ایک بہت بڑی نعمت کے طور پر ہمیں نصیب ہوئی وہیں بہت بڑی زحمت بھی بن گئی ہے۔ایک دن عوام الناس کے لئے میسر ہوجاتی ہے تو دو دن کیلئے بندہوجاتی ہے۔شہر کی شاہراہوں پر جاتے ہوئے لمبی لمبی قطاریں اور طویل انتظار نے عوام کا جینا دو بھر کردیا۔ یوں لگتا ہے کہ جیسے افریقہ کے کسی ملک میں آئے ہوئے ہیں جہاں لوگ دو روٹی کے انتظار میں لمبی قطار اور طویل انتظارمیں کھڑے ہوتے ہیں۔
میری عقل وفہم کام چھوڑدیتی ہے جب مسلمانوں بالخصوص پاکستانیوں کے مسائل کو سوچتا ہوں۔ ویسے تو دنیا کے دیگر اقوام کا یہ عالم ہوتا ہے اور عام قاعدہ وقانون بھی یہی ہے کہ ایک نعمت کے میسر آنے کے بعدوہ نعمت اس کے لئے ترقی اور مزید آگے جانے کا ذریعہ بن جاتی ہے اور مشہور بھی ہے کہ ہر تنگدستی کے بعد فراخی ہوتی ہے۔لیکن یہاں معاملہ کچھ اس کے برعکس ہے۔
سی این جی کی سہولت جو خصوصاًغریب عوام کیلئے ایک روشن امید کی کرن تھی اب وہی سی این جی ان کےلئے عذاب بن گئی ہے ایک تو ہفتہ بھر میں چار دن بند ہوتی ہے پھر جب سی این جی اسٹیشن کھل جاتے ہیں تو پورا دن لمبی لمبی قطاروں کی وجہ سے شہر کے مشہور عام و خاص شاہراہوں پر ٹریفک جام ہوجاتا ہے۔ کیا یہ پاکستان کی ترقی کا سبب بنے گا؟
ان سطور کے لکھنے تک ایک اور خبر خوشخبری کی نوید سنا گئی کہ گیس کے کچھ اور ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔پاکستان میں گیس کے ذخائر وسیع پیمانے پر موجود ہیں ان کا بہترین استعمال اور ان کےلئے بہترین نظام وقانون وضع کرکے خامیوں پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ پھر نہ لوڈشیڈنگ ہوگی نہ لمبی قطاریں ہونگی نہ ٹریفک جام ہوگا۔عوام کو بھی سہولت ہوگی۔پاکستانی معیشت حرکت میں آئیگی،معیشت مضبوط ہوگی۔عوام خوشحال ہوگی،امن وسکون ہوگا۔
اس لئے گورنمنٹ سے یہ اپیل ہے اور درخواست کی جاتی ہے کہ دیگر مسائل کے ساتھ ساتھ سی این جی کے مسائل کا ازالہ بھی کیا جائے تو اس پاکستانی معیشت پر مثبت نتائج ظاہر ہوں گے۔کیونکہ ٹریفک ضروریات کے علاوہ پاکستان میں کارخانوں کا بہت بڑا دائرہ موجود ہے عوام اس میں برسرروزگار ہیں،گیس کا صحیح نظم پاکستان میں مزید تجارتی موقع پیدا کرےگا۔
اللہ تعالیٰ وطن عزیز کو دن دگنی رات چگنی ترقیوں سے نوازے اورہر طرح کے در پیش مسائل و آفات سے اس کی مکمل حفاظت فرمائے۔ پاکستان پائندہ باد!!