موسم گرما اور آپ کی جلد

User Rating: 5 / 5

Star ActiveStar ActiveStar ActiveStar ActiveStar Active
 
موسم گرما اور آپ کی جلد
چوہدری تنویر سرور
آپ کو خوب اندازہ ہو گیا ہو گا کہ میں نے اس مضمون کا انتخاب کیوں کیا ہے کیونکہ گرمیوں کی آ مد آمد ہے اور اس سے پہلے کے گرمیاں آ جائیں میں آپ کو گرمیوں سے جلد کو محفوظ رکھنے کے لئے چند کارآمد باتیں بتاؤں تاکہ آپ پوری طرح مستفید ہو سکیں اور آپ کی جلد گرمیوں میں بھی صحت مند رہ سکے۔
گرمیوں میں سورج پوری آب و تاب کے ساتھ نکلتا ہے اور ہماری جلد کو نہ صرف نقصان پہنچاتا ہے بلکہ جلد کو کالا بھی کر دیا ہے۔اور اگر کسی کی جلد چکنی ہو تو اس کے لئے الگ سے مسائل کھڑے ہو جاتے ہیں۔ایک تو گرمی اور اوپر سے چکناہٹ پونچھ پونچھ بندہ بے حال ہو جاتا ہے۔گرمیوں میں اکثر ہمارا چہرہ مرجھا یا سا جاتا ہے اور چہرے سے رونق بھی مدھم پڑ جاتی ہے۔ اس کے لئے ہمیں گرمیوں میں پانی کی مقدار بڑھا دینی چاہئے۔ اور ایسی اشیاء کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں جو ٹھنڈی ہوں۔ویسے بھی گرمی کی وجہ سے پسینہ زیادہ آتا ہے جس سے ہمارے جسم میں پانی کی کمی ہو جاتی ہے اس لئے بھی پانی کا پینا ضروری ہے۔
اور اس ایک فائدہ یہ ہوتا ہے کہ ہمارے جسم کا اندرونی درجہ حرارت نارمل ہو جاتا ہے جس سے جلد پر بھی اچھے اثرات پڑتے ہیں۔ورنہ جلد کے مسام کھل جاتے ہیں جن میں میل کچیل پھنس جاتی ہے اور اس طرح ہماری جلد خراب ہو جاتی ہے۔اس کے علاوہ اپنے چہرہ کو دن میں پانچ سے چھ دفعہ پانی کے ساتھ دھوئیں۔ اور اگر گھر سے باہر جانا ہو تو چھتری کا استعمال کریں۔حجاب کا استعمال کریں اور آنکھوں کی حفاظت کے لئے سن گلاسز کا استعمال ضروری ہے تاکہ آنکھوں کو تیز دھوپ سے بچایا جا سکے۔ یا پھر چہرہ پر کسی اچھی کمپنی کا سن بلاک استعمال کریں۔
غیر معیاری کریم یا سن بلاک آپ کی جلد کو مزید نقصان پہنچاسکتے ہیں۔اس کے علاوہ عرق گلاب سے چہرے کو روئی کی مدد سے دن میں دو سے تین بار صاف کریں۔اس سے رنگت میں بھی اضافہ ہو گا۔
آپ کو معلوم ہونا چایئے کہ آپ کی جلد کس قسم کی ہے چکنی،خشک،نارمل یا ملی جلی جلد ہے۔کیونکہ ہر جلد کے اپنے مسائل ہیں۔چکنی جلد سے مراد یہ ہے کہ آپ کا ماتھا ،ناک اور ٹھوڑی چکنی ہوتی ہے جبکہ باقی ماندہ چہرہ خشک ہو تا ہے۔ ایسی خواتین کو دانے اور کیل مہاسے بہت زیادہ نکلتے ہیں۔ اور گرمی کا موسم آتے ہی ان میں اضافہ ہو جاتا ہے۔اس سے بچنے کے لئے اپنے ڈاکٹر سے ضرور رجوع کریں تاکہ گرمیوں میں بھی آپ کی جلد ترو تازہ اور شاداب رہے۔
خشک جلد والی خواتین کی جلد گرمیوں میں نارمل اور سردیوں میں اکٹر جاتی ہے۔خشک جلد کے لئے بھی ایسی کریم کا استعمال کریں تاکہ آپ کی جلد مزید خوبصورت ہو سکے اور رنگ بھی نکھر جائے۔نارمل جلد ایس جلد ہوتی ہے جو نہ خشک اور نہ ہی چکنی ہوتی ہے اسے ہم نارمل جلد کہتے ہیں۔اس قسم کی جلد والی خواتین کو زیادہ تردد نہیں کرنا پڑتا۔ لیکن ایسی جلد بھی گرمیوں میں کالی ہو جاتی ہے اس کے لئے اچھی کریم کا استعمال آپ کے رنگ کو خراب ہونے سے بچا سکتا ہے۔
گرمیوں میں ہمیں اپنی غذا کی طرف بھی توجہ دینی چایئے۔ ہماری غذا کا متوازن ہونا ضروری ہے۔ اس کے لئے آپ سلاد ، ہری سبزیوں اور موسمی پھل کا استعمال ضرور کریں۔ اس کے علاوہ موسمی پھلوں کا رس،لیموں کی شکنجبی بھی آپ کے جسم میں ٹھنڈک پیدا کر سکتی ہے۔اگر آپ مندرجہ بالا باتوں کو دھیان میں رکھ کر عمل کریں گی تو پھر آپ گرمیوں میں بھی ترور تازہ رہیں گی۔