امام اعظم ابوحنیفہ امت اور سراج امت

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
امام اعظم ابوحنیفہ امت اور سراج امت
مولانا محمد الیاس گھمن مدظلہ
گرد چھٹ گئی چند شوریدہ سروں کی آبلہ پا ئی نے صحراء کو سمیٹ کر رکھ دیا بدعت والحاد کے خارستان میں تلووں کو سہارنے والے کس قدر خوش تھے جب انہیں بام منزل سے پکارا گیا کہ آو تمہاری منزل تو یہ ہے روشن خیالی کی خیالی روشنی کسی چکاچوند سے امت کو اسلاف سے بدگمان کرنے کی کوشش کی تو بندہ نے عزم کیا کہ ان شاء اللہ امت کے ان چراغوں کی روشنی کو اور تیز کریں گے اور اس روشنی سے مستفید ہونے کے راستے میں حائل شکوک وشبہات کی رکاوٹوں کو ختم کریں گے۔
پس پاکستان کے دار الخلافہ میں امت کے محسن امام اعظم ابوحنیفہ رحمہ اللہ کے فضائل ومناقب بیان کرنے اور امت کو سراج امت سے روشناس کروانے کے لیے امام اعظم ابوحنیفہ رحمہ اللہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا تیسرا پروگرام 10جون بروز اتوار 2012 ء کو اسلام آباد ہوٹل میں وقوع پذیر ہوا۔پروگرام ہماری توقع سے بڑھ کر کامیاب رہا اور عوام الناس،ڈاکٹروں سکالروں اور ایلیٹ کلاس طبقہ کے انتہائی ذوق وشوق سے شمولیت نے استاد محترم حضرت مولانا زاہد الراشدی حفظہ اللہ کے اس جملے کی حقانیت پر مہر تصدیق ثبت کردی کہ اگر ماضی کی الجھی گتھیاں امام اعظم کی فقیہانہ بصیرت سے سلجھی تھیں تو امت کا مستقبل بھی امام ابوحنیفہ ہی کی راہ دیکھ رہا ہے۔
آج اغیار ہمیں اپنے ماضی سے کاٹ کر مستقبل کے گرداب میں پھنسانا چاہتے ہیں جہاں کوئی راہ نما ہو نہ نشان راہ،اس بین الاقوامی سازش کے راستے میں بندھ باندھنے کے لیے اور ذہنی آوارگی کی موثر روک تھام اور ریگولر مسلمانوں کو سیکولر ہونے سے بچانے کے لیے ہر سال اسلام آباد میں اور ملک بھر میں مختلف سیمینارز کا اہتمام کیا جاتاہے جس میں سیاست وعسکریت سے ہٹ کر خالصتاً علمی مسائل پر گفتگو کی جاتی ہے اور علم دوست طبقہ اس پروگرام کا سال بھر انتظار کرتاہے۔مقررہ وقت پر شروع ہوکر مقررہ وقت پر پروگرام کا پایہ تکمیل تک پہنچنا ہمارے خدا کا خالص فضل ہےاور ویسے بھی وقت کی پابندی زندہ قوموں کا شیوہ ہوتاہے اور اتحاد اہل السنۃ والجماعۃ پابندی وقت میں بحمداللہ بے مثال جماعت ہے۔
مشائخ کی شرکت اور عوام الناس کے انہماک نے اس نورانی مجلس کو اور زیادہ پر نور بنا دیا خدا ہمارے عزائم کی تکمیل فرمائے اور انگریز کی پیداکردہ آزادی مذہب کا بےڈہب افسانہ طاق نسیاں بن جائے۔آمین بجاہ النبی الامی الکریم