آئیے عزم کیجیے

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
آئیے عزم کیجیے!
متکلم اسلام مولانا محمد الیاس گھمن
انسان کے اس دنیا میں آنے کا مقصد اپنے خالق کی عبادت کرنا ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْإِنْسَ إِلَّا لِيَعْبُدُونِ
[الذاریات:56]
کہ میں نے جنات اور انسانوں کو اپنی عبادت ہی کے لیے پیدا کیا ہے۔
خداوند قدوس کے اوامر کی تعمیل اور اس کی منع کی ہوئی چیزوں سے بچنا اس کی کامیابی و کامرانی کے ضامن ہیں۔
’’عالمی تبلیغی اجتماع رائیونڈ‘‘ اصلاحِ امت اور دین اسلام کو پورے عالم میں پھیلانے کی ایک عالمی محنت کے جذبہ سے منعقد ہوا اور بحمد اللہ تعالیٰ خیر و عافیت سے اختتام پذیر ہوا۔ حضرت حاجی عبد الوہاب صاحب، مولانا محمد سعد صاحب، مولانا زبیر احمد صاحب، مولانا احمد صاحب و دیگر حضرات کے اصلاحی و فکر انگیز خطابات یقیناً ان بھولے بسرے لوگوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں جو راہِ ہدایت سے بہت دور جا چکے ہیں۔
اس اجتماع میں مسلمانوں نے لاکھوں کی تعداد میں شرکت کی۔ ملک و بیرونِ ملک سے آنے والے حضرات کی ایک ہی فکر تھی:’’اللہ تعالیٰ کے احکامات اور بنی اکرم صلی اللہ علیہ و سلم کے مبارک طریقے ہماری زندگی میں کیسے آئیں گے؟‘‘۔ان کی یہ عالمی فکر اس بات کی غمازی کر رہی ہے کہ اگر آج ہم قرآن و سنت کی تعلیمات اور حضرات اسلاف رحمہم اللہ کی طرزِ زندگی پر عمل پیرا ہو جائیں تو یقیناً بدامنی، الحاد و بدعت، گمراہی و ضلالت کی جگہ امن و امان، سنت مبارکہ اور ہدایت کے سر چشمے پھوٹیں گے۔
اس اجتماع سے ہمیں یہ فکر ملتی ہے کہ عالم کا نظام اس وقت ٹھیک ہو گا جب انسان حقیقی معنوں میں طاعت باری اور اتباع رسول صلی اللہ علیہ و سلم کے جذبہ سے سرشار ہو گا۔
لہذا آئیے!عزم کیجیے، کہ خود بھی بدلیں اور اپنے ماحول کو بھی بدلنے کی کوشش کریں، نورِ ہدیت سے جہاں اپنی زندگی روشن کریں وہاں دوسروں کی حیات سے بھی تاریکی دور کریں۔ع خود تڑپنا ہی نہیں اوروں کو تڑپانا بھی ہے
Īعلماء اجتماعĨ
اہل السنت و الجماعت کے عقائد و مسائل کی حفاظت اورترویج کی غرض سے ادارہ مرکز اہل السنت و الجماعت 87 جنوبی سرگودھا قائم کیا گیا ہے جس میں بحمد اللہ تعالیٰ کل وقتی یہی کام ہو رہا ہے۔ اپنے اس مقصد کی طرف گامزن یہ ادارہ اپنے سات سال پورے کر کے آٹھویں سال میں قدم رکھ رہا ہے۔
مزید اس کام کو آگے بڑھانے کے لیے 9 دسمبر 2012ء بروز اتوارحضرات علماء کرام اور مرکز کے سابقہ متخصصین کا اجتماع بلایا گیا ہے جس کا مقصد باہمی مشاورت کے ذریعےمحترم علماء کرام کو اس کارِ خیر میں شریک کرنا ہے۔
علماء کرام کی خدمت میں گزارش ہے کہ اس تحریر کو دعوت نامہ سمجھ کر اس اجتماع میں ضرور شرکت فرمائیں اورقارئین کرام بھی اس اجتماع کی کامیابی اورمطلوبہ نتائج کے لیے دعا فرمائیں۔ والسلام