حفاظت نظر کا ایک عجیب فائدہ

User Rating: 5 / 5

Star ActiveStar ActiveStar ActiveStar ActiveStar Active
 
خزائن السنن:
حفاظت نظر کا ایک عجیب فائدہ
مفتی شبیر احمد حنفی
نظر شیطان کے زہریلے تیروں میں سے ایک تیر ہے،اس لیے نظر کی حفاظت بہت ضروری ہے۔ حفاظت نظر کے بہت سے فوائد ہیں۔ حضرت اقدس مولانا شاہ حکیم محمد اختردامت برکاتہم نے اپنے ایک ملفوظ میں نظر کی حفاظت کا ایک عجیب فائدہ بیان فرمایا جووہ واقعی لاجواب ہے،افادہ عام کے لیے پیش خدمت ہے۔
حضرت اقدس مولانا شاہ حکیم محمد اختر صاحب دامت برکاتہم نے فرمایا:
”ایک بات یاد آگئی، میرے دوست نے بتایا کہ ایک فرانسیسی جوڑا ہوٹل میں بیٹھا ہوا تھا۔انہوں نے تقریر کی کہ دیکھو اللہ تعالیٰ نے نظر کی حفاظت کا حکم دیا ہے اس کے فائدے یہ ہیں کہ شوہر کے دل میں بیوی کی محبت بس جاتی ہے۔ جب غیروں کو نہیں دیکھتا تو اس کی نظر کا تمام مرکز اس کی بیوی ہوتی ہے۔اس لیے بیوی سے محبت بڑھ جاتی ہے،تو بیوی بھی خوش رہتی ہے اور شوہر بھی خوش رہتاہے،برعکس یورپ کی ترقی ترقئی معکوس ہے یعنی الٹی ترقی،اللہ کے غضب اور قہر والی ترقی ہے،ان کی ہر بیوی ہروقت خائف رہتی ہے۔ شوہر نے اگر کسی عورت سے مسکرا کر بات کرلی تو عورت جل کے خاک ہوجاتی ہے،دل تڑپ جاتاہے کہ ہائے!معلوم ہوتا ہے کہ ظالم اس عورت سے پھنسا ہوا ہے اور اگر عورت نے کسی مرد سے ہنس کر بات کرلی اور ہاتھ ملا لیا، تو شوہر صاحب کی نیند حرام ہوجاتی ہے،سمجھتے ہیں کہ دال میں کچھ کالا ہے۔ غرض سارا یورپ آج عذاب میں مبتلاء ہے۔اس کے بعد اس دوست نے کہا کہ زیادہ نہیں صرف تین دن تم کسی نامحرم کو نہ دیکھو،اپنی بیوی کو دیکھو اور عورت صرف اپنے شوہر کو دیکھے۔ صرف تین دن قرآن کی آیت: يَغُضُّوْا مِنْ أَبْصَارِهِمْ[النور:30]پر عمل کرلو کہ اے ایمان والو!اپنی نگاہوں کو نیچی کرلو،نامحرم عورتوں کو،کسی کی ماں بہن بیٹی کو مت دیکھو،کسی کی بیوی کو مت دیکھو،تین دن عمل کرلو اس کے بعد دیکھو گے کہ تمہیں اپنی بیوی کو دیکھنے میں اور تمہاری بیوی کو تمہیں دیکھنے میں کتنا مزا آتا ہے۔ کیونکہ شبہات ختم ہوجائیں گے اور زندگی خوشگوار ہوجائے گی۔اس فرانسیسی عورت نے ڈاڑھی والے دوست کا شکریہ ادا کیا کہ ہم بالکل بات سمجھ گئے کہ واقعی بدنظری کی وجہ سے سارا یورپ عذاب میں مبتلاء ہے۔
آج بھی جو مسلمان اپنی آنکھوں کو تقویٰ سے رکھتے ہیں ان میاں بیوی میں جو محبت ہے وہ ان میں نہیں جو اپنی آنکھوں کو ادھر ادھر لڑاتے رہتے ہیں، کیونکہ جب ادھر ادھر دیکھتے ہیں تو شیطان ان کی آنکھوں پر اور عورت کے گالوں پر مسمریزم کردیتاہے جس کی وجہ سے انہیں وہ غیرعورت اپنی بیوی سے دس گنا زیادہ حسین نظر آتی ہے، لہذا جب وہ گھر آتے ہیں تو منہ پر افسردگی اور غم کے آثار ہوتے ہیں،بیوی سمجھ جاتی ہے کہ کسی کا مارا پیٹا اور ستایا ہوا چلا آرہا ہے۔اسی لیے کہتا ہوں کہ تقویٰ سے رہو، میاں بیوی میں اگر محبت ہوجائے تو گھر جنت بن جاتاہے۔“
نماز اہل السنت والجماعت )انگریزی (
متکلم اسلام ، سفیر احناف مولانا محمد الیاس گھمن کی شہرہ آفاق کتاب نماز اہل السنت والجماعت کی اردو میں بے پناہ مقبولیت کے بعد اب انگریزی اور فارسی زبان میں بھی مارکیٹ میں آچکی ہے۔ اسکول وکالج اور یونیورسٹیز کے اسٹوڈنٹس اور پڑھے لکھے دوستوں کو ہدیہ میں دیں۔
کتاب منگوانے کے لیے : دارالایمان زبیدہ سنٹر فرسٹ فلور 40 اردو بازار لاہور 3216353540