سالانہ اجتماع2013

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
سالانہ اجتماع2013
مولانامحمدنوید حنیف حفظہ اللہ
اتحا داہل السنۃ والجماعۃ کے زیرِ اہتمام پانچواں سالانہ اجتماع3 مارچ بروز اتوارمرکز اتحاد اہل السنۃ والجماعۃ سرگودھا منعقد ہوا۔ اجتماع کےلیے پنڈال کو نہایت خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ پنڈال میں تقریباً 2000نشستیں مختص تھیں۔ اجتماع میں مہمانوں کی آمد 2 مارچ شام سے ہی شروع ہوگئی تھی جو تین مارچ تک جاری رہی۔ ملک کے چاروں صوبوں ، گللگت، بلتستان اور آزاد کشمیر وغیرہ سے کثیر تعداد میں علماء کرام اور عوام الناس نے شرکت کی۔اجتماع کانظم وضبط قابل دادتھا۔ شرکاءنے مکمل دل جمعی سےپوراپروگرام سماعت فرمایاکسی قسم کی نعرہ بازی سے مکمل پرہیز کیا گیا۔یہ پروگرام انٹرنیٹ پر بھی براہ راست نشرکیاگیا۔پنڈال کی وسعت 2000کرسیوں کے باوجوداپنی تنگ دامنی کاگلہ کررہی تھی۔
اجتماع کی پہلی نشست کا آغاز قاری محمد صفی اللہ کی تلاوت سے ہوا۔ اجتماع کی پہلی نشست کےسٹیج سیکرٹری کے فرائض مر کز کے استاد مفتی محمدرضوان عزیز نے سر انجام دیئے۔ تلاوت کے بعد ملک کے مشہور نعت خواں قاری فاروق معاویہ نے بارگاہ رسالت میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں مرکز کے متخصصین نے عربی ، اردو، انگریزی، فارسی ،پشتو، سندھی اور گلکتی زبان میں مختلف موضوعات پر بیانات کئے۔ اس کے بعد مولانا عبد القدوس صاحب نے قیام پاکستان میں علماء دیوبند کے کردار پر بہت احسن انداز میں گفتگوفرمائی۔ اتحاد اہل السنۃ والجماعۃ پنجاب کے امیر مولانا عبداللہ عابد صاحب نے نام نہاد اہل حدیثوں کا مکہ ،مدینہ والوں سے اختلافات کو بیان کیا۔ مولانا ابو ایوب قادری صاحب نے نہایت مختصر وقت میں عقیدہ کی اہمیت پر جامع بیان کیا۔ اس کے بعد مفتی عبد الواحد قریشی نے مسئلہ عقیدہ حیات النبی صلی اللہ علیہ وسلم بیان کیا۔ پہلی نشست کے آخر میں مرکز کے استاد مفتی شبیر احمد حنفی صاحب نے مرکز میں ہونے والی سرگرمیوں اور متکلم اسلام مولانا الیاس گھمن حفظہ اللہ کی کتابوں کا تعارف کروایا ، اس کے ساتھ ہی پہلی نشست کا اختتام ہوا۔
دوسری نشت کاآغاز حضرت متکلم اسلام حفظہ اللہ کے صاحبزادہ قاری محمد عبداللہ گھمن کی تلاوت سے ہوا۔ دوسری نشست میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض مولانا عبدالشکور حقانی صاحب نے سر انجام دیے۔ اتحاد اہل السنۃ والجماعۃ پنجاب کے نائب امیر مولانا شفیق الرحمٰن صاحب نے اتحاد اہل السنۃ والجماعۃ کی پالیسیوں اور اکابرین کے ساتھ نسبت کومختصر وقت میں نہایت ہی احسن طریقے سے بیان کیا۔ اس کے بعد ناظم اعلیٰ اتحاد اہل السنۃ والجماعۃ متکلم اسلام حضرت مولانا محمد الیاس گھمن حفظہ اللہ نے فتنوں کے تعاقب کی اہمیت اور اکابرین کے طرزِ عمل کو بیان کیا ،ساتھ ساتھ سالانہ اجتماع کے انعقاد کا مقصد اور مستقبل کے لائحہ عمل کو بیان کیا۔ آخر میں امیر اتحاد اہل السنۃ والجماعۃ مولانا منیر احمد منور صاحب سٹیج پر جلو ہ افروز ہوئے۔ سب سے پہلے انہوں نے اتنے عظیم الشان اور کامیاب اجتماع کے انعقاد پر متکلم اسلام مولانا محمد الیاس گھمن حفظہ اللہ کو مبارک باد پیش کی۔ اس کے بعد ” قرآن وحدیث کے ہوتے ہوئے فقہ کی کیا ضرورت ہے؟“ کے عنوان پر نہایت ہی مدلل گفتگو کی۔ دعا کےلیے یاد گارِ اسلاف حضرت مولانا قاضی ارشد الحسینی صاحب کو مدعو کیا گیا۔ حضرت نے دعا سے پہلے یہ ارشاد فرمایا کہ آج کے اس اجتماع کو دیکھ کر مجھے حکیم الامت مولا نا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ کا وہ قول یاد آتا ہے جو انہوں نے مولانا محمدالیاس دہلوی بانی ِ تبلیغی جماعت کی محنت دیکھ کر فرمایا تھا : ”الیاس نے یاس کو آس میں بدل دیا ہے“،میں بھی آج مولانا الیاس گھمن کی محنت کو دیکھ کر کہتا ہوں کہ الیاس ،یاس کو آس میں بدل کر خدا کے ہاں پاس ہوگیا ہے۔“ اس کے بعد دعا فرمائی اور اجتماع اختتام پذیر ہوا۔

************************

وفیات

مرکز اہل السنۃ والجماعۃ کے سال چہارم کے متخصص مولانا عبدالمجید تونسوی کے والد ماجدانتقال کرگئے۔

مدیر اعلیٰ مرکز اہل السنۃ والجماعۃ اور احناف میڈیا کی پوری ٹیم دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور درجات بلند فرمائے۔آمین بجاہ النبی الکریم