مواعظ متکلم ِاسلام ……ایک تعارف

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
مواعظ متکلم ِاسلام ……ایک تعارف
مولانا محمد کلیم اللہ
عورت؛ اس معاشرے کا اہم حصہ ہے اپنی ذات کے لحاظ سے”صنفِ نازک“ کہلاتی ہے جس طرح مرد کے لیے اصلاح ِعقائد اور اصلاح ِاعمال واحوال ضروری ہیں اسی طرح عورت کے لیے بھی یہ بات ناگزیر ہے۔ مرد کے حصولِ علم اور اصلاح ِعقائد واعمال کے لیے گھر سے باہر وسیع دنیا ہے : مسجد ، مکتب ، خانقاہ ، اصلاحی مجالس ، دینی محافل اہل دل اولیاء اللہ کی صحبتیں الغرض تمام اسباب تک اس کی باآسانی رسائی ہے۔
جبکہ شریعتِ اسلامیہ کے فطری قوانین کے مطابق عورت کو”خاتونِ خانہ“ کہا جاتا ہے ظاہر ہے کہ اس کو تحصیلِ علم اور اصلاح ِاعمال واحوال کے لیے مرد کی طرح مواقع میسر نہیں ہیں اور نہ ہی اس کو مرد کی طرح اس کی”کھلی چھٹی“ دی جا سکتی ہے۔ ہاں چند شرائط وقیود کے ساتھ عزت وحرمت کی پاسداری بجالاتے ہوئے حصول علم کی بامر ِمجبوری ”گنجائش “ہے۔ اگر گنجائش کو اسی کے درجے میں رکھا جائے اور شرائط وقیود شرعیہ کی رعایت رکھ کر عورت کو علوم سے آگاہی کرائی جائے تو بالکل ”بجا“ ہے اور ضروری بھی ہے۔ لیکن کیا کیا جائے ؟
متحدہ برصغیر میں ہم پاکستانی مسلمان ایک عرصے تک ہندؤوں کے ساتھ رہے ہیں اس لیے ان کے اور ہمارے سماجی مسائل ، طور طریقے ، رہن سہن ، معاشرتی رویے اور عادات و اطوار کم وبیش ملتے جلتے ہیں۔ بالخصوص آج کے اس دور میں مغرب کے افکار؛ اذہان وقلوب ِ مسلم پر سایہ فگن ہیں عقائد اسلامیہ میں بگاڑ سے لے کر اعمال واحوال کی زبوں حالی تک جہاں مرد بے راہ روی کا شکار ہیں وہیں عورتیں بھی ان کے ساتھ بلکہ یوں کہیے کہ دوقدم آگے کھڑی ہیں یہ ایک مسلم حقیقت ہے کہ جبتک ماں کی گود کو”صدف“ نہیں بنایا جاتا اس وقت تک وہاں سے” گوہر“حاصل کرنے کی خواہش بے معنیٰ اور مہمل ہے۔
اس ضرورت کو مدِ نظر رکھ کر حضرت الاستاذ متکلم اسلام مولانا محمد الیاس گھمن نفعنااللہ بعلومہ کی سرپرستی میں ایک ادارے …… مرکز اصلاح النساء …… کی بنیاد رکھی گئی۔ جس کا اولین مقصد ”خاتونِ خانہ“ کو اسلامی عقائد اور اصلاح اعمال واحوال کا سہل راستہ فراہم کرنا ہے۔ اس مقصد کی تکمیل کے لیے عملاً مرکز اصلاح النساء میں تعلیم وتزکیہ کا اجراء کر دیا گیا ہے۔
زیرِ نظر کتاب مواعظ متکلمِ اسلام حضرت الاستاذ کےایسے دروس وبیانات کا پہلا مجموعہ ہے جو خاص طور پر خواتین اسلام کو مختلف مقامات پر بغرض اصلاح ارشاد فرمائے گئے۔ مشمولات وعنوانات درج ذیل ہیں :

1.

دین کی اہمیت

2.

معراج کب اور کیسے ہوا؟

3.

پردے کی اہمیت وضرورت

4.

تحصیلِ علم کا 6 نکاتی فارمولہ

5.

منافقین کی نشانیاں

6.

استقامت اور عافیت

7.

عبادت کسے کہتے ہیں ؟

8.

ختم نبوت اور خواتین کی ذمہ داریاں

9.

اولاد کی تربیت
کتاب کی ایک ایک سطر خواتین کی زندگیوں میں انقلاب لانے والی ہے خاص طور پر یہ کتاب خواتین اسلام کے عقائد کی اصلاح ، معاشرتی ذمہ داریاں ، سماجی رویے اور اہل باطل کی دین دشمن سازشوں کے چنگل سے نکال کر صحیح دینی ودنیاوی کامیابیوں سے ہم کنار کرانا ہے۔
مواعظ متکلم اسلام کی ورق گردانی کرتے ہوئے قاری اس نتیجے پر جا پہنچتا ہے کہ اس میں اللہ تعالیٰ کی محبت ومعرفت ، سرورِ دو جہاں صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت و مقصد بعثت ،رسالت و ختم رسالت ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی عالمگیر نبوت حضرات صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی جانثاری ،ائمہ متبوعین خصوصاً سید الفقہاء والمحدثین امام اعظم ابو حنیفہ کی دینی خدمات اور علمائے اہل السنت والجماعت کی مساعی جمیلہ انگڑائیاں لیتی محسوس ہوتی ہیں۔ کتاب میں اولیاء اللہ کے واقعات کے ساتھ ساتھ امت مرحومہ کی برگزیدہ خواتین کا تذکرہ بھی بکثرت ملتا ہے تاکہ ان کی زندگیوں کوسامنے رکھ کر اپنے آپ اور اپنے نظامِ زندگی کو اسلامی طرز پر ڈھالا جاسکے۔ خواتین کے پیش آمدہ مسائل کا حل بھی کتاب میں ملتا ہے۔
کتاب منگوانے کا پتہ : دارالایمان فرسٹ فلور زبیدہ سنٹر 40 اردو بازار لاہور
مکتبہ اہل السنت والجماعت 87 جنوبی لاہور روڈ سرگودھا