تبصرۂِ کتب

User Rating: 5 / 5

Star ActiveStar ActiveStar ActiveStar ActiveStar Active
 
تبصرۂِ کتب
……… مولانا محمد کلیم اللہ
نام کتاب: معارف و حکم فی شرح اقوال الرسول الاکرم ﷺ
مؤلف: مولانا سید اشہد مدنی )مراد آباد ، انڈیا(
ملنے کا پتہ : مکتبہ قاسمیہ اردو بازار لاہور 03214220554
زیر تبصرہ کتاب شیخ الاسلام مولانا سید حسین احمد مدنی رحمہ اللہ کے نواسے مولانا سید اشہد مدنی کے ان مضامین کا مجموعہ ہے جو موصوف نے ” ندائے شاہی “ میں ”درسِ حدیث “ کے عنوان کے تحت لکھے ہیں۔ کتاب کے دو حصے ہیں ، دونوں میں مؤلف موصوف نے فرمودات رحمۃ للعالمین کی محدثانہ شرح کی ہے۔
موجودہ دور؛ اہل اسلام کے لیے بہت بڑا امتحان ہے۔ ہرطرف سے کفر ، شرک ، ارتداد ، الحاد ، زندقہ ، بدعات ، رسومات ، خرافات ، غیر اسلامی کلچر ، مغربی تہذیب اور دین دشمن ثقافت نے اسے گھیر رکھا ہے۔ ایسے پرفتن دور اور پر خطر حالات میں دنیوی و اخروی ہمیشہ کی کامیابی اور ابدی کامرانی صرف اور صرف رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک تعلیمات میں مل سکتی ہے۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اہل اسلام کو صرف چند عبادات ادا کرنے کے طریقے ہی نہیں بتلائے بلکہ انسانی زندگی کے ہر گوشے کی مکمل رہنمائی فرمائی ہے۔ عقائد سے لے کر اعمال تک ، حقوق اللہ سے لے کر حقوق العباد تک ، عبادات سے لے کر معاشرت تک ، حسنِ اخلاق سے لے کر معاملات تک ہر موڑ پر اسلامی احکامات سے روشناس کرایا ہے۔
آج کے دور میں تعلیماتِ نبوت کی ضرورت کے پیش نظر مؤلف موصوف نے نہایت عرق ریزی سے ان تمام موضوعات پر احادیث مبارکہ کا حسین گلدستہ سجایا ہے۔ چنانچہ خود رقم طراز ہیں :
”معارف و حکم؛ نامی اس کتاب میں عبادات ، اخلاقیات ، آدابِ معاشرہ ، فکرِ آخرت اور معاملات وغیرہ سے متعلق مستند روایات کو حدیث کی مشہور کتابوں کے حوالے سے جمع کیا گیا ہے اور پھر حالاتِ حاضرہ کے تناظر میں ان کی بھر پور توضیح و تشریح کی کوشش کی گئی ہے۔ نیز بے سند باتوں اور بے اصل گفتگو سے پورے طور پر اجتناب برتا گیا ہے۔ “بہر حال ! اخلاق باختگی کے اس دور میں کتاب اپنی جامعیت اور افادیت کے اعتبار سے ہر مسلمان کی اشد ضرورت ہے۔
مکتبہ قاسمیہ[ اردو بازار لاہور ] کے منتظمین نے کتاب کے باطنی حسن کو مد ِنظر رکھتے ہوئے اس کے ظاہری حسن کے خدوخال کو بھی خوب سنوارا ہے۔ دیدہ زیب ٹائٹل اور صحافتی اصولوں کو ملحوظ رکھ کر کتاب کو تزئین بخشی گئی ہے۔
نام کتاب: دلیل المشرکین)عربی(
مؤلف: مولانا احمد الدین بگوی رحمہ اللہ
اردو ترجمہ: اصلاح المسلمین
مترجم: سید فاروق حسین
ناشر: المشرق للنشر والتوزیع اردو بازار لاہور 03212565051
تمام انبیاء کرام علیہم السلام کی مشترکہ محنت اور بالخصوص امام الانبیاء سرور کائنات حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ساری زندگی کی محنت کا دائرہ جس نقطے کے گرد مکمل ہوتا ہے ، اس کا نام ” عقیدہ توحید“ہے۔
یعنی اللہ تبارک و تعالیٰ اپنی ذات اور صفات میں یکتا ہیں ، اس کا کوئی شریک نہیں۔یہاں تک کہ امام الانبیاء خاتم المرسلین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کا اعزاز بھی ” بعد از خدا بزرگ توئی قصہ مختصر“ کے ذیل میں آتا ہے۔
خدا کی ذات کو نہ ماننا کفر ہے اور اللہ تعالیٰ کو مان کر کسی اور کو …خواہ امام الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم ہی کیوں نہ ہوں …اللہ کی ذات یا صفات خاص میں شریک کرنا ”شرک “ ہے۔
ہمارے معاشرے میں پروان پاتی جہالت نے عوام الناس کے عقائد میں ایسا بگاڑ پیدا کیا ہے کہ لوگ بیچارے شرک کے مرتکب ہو رہے ہیں لیکن پھر بھی اس خام خیالی میں ہیں کہ ہم ہی مسلمان ہیں۔
مگر مومنوں پر کشادہ ہیں راہیں پرستش کریں شوق سے جس کی چاہیں نبی کو جو چاہیں خدا کر دکھائیں اماموں کا رتبہ نبی سے بڑھائیں مزاروں پہ دن رات نذریں چڑھائیں شہیدوں سے جا جا کے مانگیں دعائیں نہ توحید میں کچھ خلل اس سے آئے نہ اسلام بگڑے نہ ایمان جائے
ظلم بالائے ظلم یہ ہے کہ مسلمانوں میں اب ایسے ایسے الفاظ زبان زد عام ہونا شروع ہوگئے ہیں جو صریحا کفر ہیں۔ مؤلف موصوف نے ایسے چند الفاظ ، جملوں اور محاورات کی نشان دہی کر دی ہے۔
مترجم نے عربی زبان سے اردو میں منتقل کر کے اردو خواں طبقے پر احسان فرمایا ہے۔ دلیل المشرکین کا ترجمہ کافی عرصہ قبل شیخ التفسیرصوفی عبدالحمید خان سواتی رحمہ اللہ نے کیا تھا جسے”ادارہ نشر و اشاعت گوجرانوالہ“ نے شائع کیا تھا۔ مترجم کے پیش نظر حضرت صوفی صاحب ہی کا ترجمہ رہا ہے۔ مترجم نے آیات کاحوالہ ، آیات نمبرز ، مغلق اور پیچیدہ عبارات کی بین القوسین وضاحت اور حواشی ،مؤلف کے ذکر کردہ گمراہ فرقوں کی حسب ضرورت تفصیل بھی کردی ہے۔
شرک ، اقسام شرک ، شرکیہ رسوم ، کفریہ الفاظ اور چند دیگر گمراہوں فرقوں کی واقفیت اور ان سے بچاؤ کے طریقہ کار ”حاصلِ کتاب“ ہیں۔ البتہ پروف ریڈنگ پر مزید توجہ کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے ٹائٹل پر آیت کریمہ اس طرح درج ہے : لَا تُشْرِكْ بِاللّٰهِ اِنّْ الشِّرْکَ لَظُلْمٌ عَظِيْمٌ۔ خط کشیدہ لفظ کو غلط لکھا گیا ہے اسے یوں لکھنا چاہیے تھا۔اِنَّ الشِّرْكَ لَظُلْمٌ عَظِيْمٌ۔ عوام الناس بالخصوص علماء کرام اس کتاب کا مطالعہ ضرور کریں۔
توجہ فرمائیں!

تبصرے کے لیے دو کتابوں کا بھیجنا ضروری ہے۔

ادارہ کا مؤلف کتاب کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرہ کے لیے بھیجی جانے والی کتابیں درج ذیل پتہ پر روانہ کریں۔
دفتر رسائل و جرائد
(برائے تبصرۂ کتب:ماہنامہ فقیہ )
مرکز اہل السنت والجماعت 87جنوبی لاہور روڈ سرگودھا
03326311808