تبصرۂِ کتب

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
تبصرۂِ کتب
……… مولانا محمد کلیم اللہ
نام کتاب: دینی مدارس کا نظام تعلیم اور جدید تعلیمی انقلاب
مؤلف: محمد عرفان ندیم
ملنے کا پتہ : المشرق اردو بازار لاہور ،03212565051
مدرسہ اور اس میں دی جانے والی تعلیم مسلم معاشرے اور اسلامی اقدار و روایات کی بقا کا ذریعہ ہے ، اس وقت معاشرہ جس بے اعتدالی کا شکار ہے اس کی بنیادی وجہ وحی کی تعلیم کو پس پشت ڈالنا اور نظر انداز کرنا ہے۔ پیغمبر دو جہاں صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمودات سے کنارہ کشی ہمارے فکری انحطاط اور زوال کا باعث ہے۔
خالق دوجہاں نے تلاوت کتاب ، تعلیم کتاب ، حکمت اور تزکیہ چاروں مناصب نبی کو عطا فرمائے اور نظر غائر سے دیکھا جائے تو صدیوں سے انہی چاروں مناصب کو مدرسہ نے مٹنے نہیں دیا بلکہ ایسے رجال کار پیدا کیے جنہوں نے فریضہ علم و عمل کی ادائیگی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ چونکہ علماء کرام ، حضرات انبیاء کرام علیہم السلام کے وارث ہیں اس لیے انہیں یہ علم و عمل ورثہ میں ملا ہے۔
آج کے دور میں مدرسہ اور اس کا نظام تعلیم جہاں اہل اسلام کے دینی کلچر ، تہذیب ، تمدن اور روایات کا محافظ ہے وہاں پر عقائد اسلامیہ و اعمال صالحہ کو صحیح منہج پر گامزن کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔ مدرسہ آج تلک اسی ڈگر پر اہل اسلام کی رہنمائی کر رہا ہے جوغار حرا، صفہ اور دار بنی ارقم سے تسلسل کے ساتھ چلی آرہی ہے۔
آج کے دور میں اغیار اور غیر مسلم بلکہ دین دشمن اقوام کی آنکھ سے مدارس کو تنقیدی نظر سے دیکھنے کی روش نے مدارس کے پاکیزہ اور عملی کردار کو دھندلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ قومی سلامتی پالیسی میں مدارس کو حکومتی نظام میں ضم کرنے کی سازشیں عروج پر ہیں۔ مدارس کی خود مختاری کو سلب کرنے کے لیے نئے ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ ایسے حالات میں دینی مدارس کے نظام تعلیم اور جدید تعلیمی انقلاب کا موازنہ ہر اس منصف مزاج اور سلیم الفطرت شخص کے لیے دعوت فکر ہے جو اغیار کی یورش سے متاثر ہو چکا ہے۔
زیر تبصرہ کتاب محترم جناب محمد عرفان ندیم کی انمول کاوش ہے جس میں انہوں نے طلباء اور مدرسین کے باہمی ربط سے لے کر دینی مدارس کے نظام تعلیم کی افادیت پر کھل کر اپنے مافی الضمیر کا اظہار کیا ہے۔ اور اظہار رائے میں مشاہدات اور تاریخی اور زمینی حقائق سے نظر یں نہیں چورائیں۔ واقعیت پسندی اور لاجواب پیرائے میں بیان کیا ہے۔ مدارس کے اندر کیا کچھ سیکھا اور سکھایا جاتا ہے اس کو جاننے کے لیے کتاب بے حد مفید ہے۔
توجہ فرمائیں!

تبصرے کے لیے دو کتابوں کا بھیجنا ضروری ہے۔

ادارہ کا مؤلف کتاب کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرہ کے لیے بھیجی جانے والی کتابیں درج ذیل پتہ پر روانہ کریں۔
دفتر رسائل و جرائد
(برائے تبصرۂ کتب:ماہنامہ فقیہ )
مرکز اہل السنت والجماعت 87جنوبی لاہور روڈ سرگودھا
03326311808