تبصرۂِ کتب

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
تبصرۂِ کتب
……… مولانا محمد کلیم اللہ
نام کتاب: اشعار خطابت
مؤلف: مفتی فیصل رشید
ملنے کا پتہ : مکتبۃ الرشید 03226917519
خطابت ایک عظیم الشان فن کا نام ہے۔ لیکن یہ فن محض فن ہی نہیں جسے دنیا کے حصول کے لیے استعمال کیا جائے بلکہ ایک دلی درد اور قلبی کڑھن ہے۔ جس سے مقصود معاشرے میں بسنے والے لوگوں کی سوچ و فکر اور ان کی عملی زندگی کو اپنے خیالات کے مطابق ڈھالنے کا۔ اسلامی خطابت کا مطلب یہ ہے کہ خلوص نیت اور صدق مقال کے ساتھ اسلامی عقائد و نظریات اور تعلیمات کو لوگوں کے دلوں میں پیوست کیا جائے اور شکوک و شبہات سے ان کے اذہان و قلوب کو صاف کیا جائے۔
اس خطابت میں چاشنی پیدا کرنے اور اس کی افادیت کو دوچند کرنے کے لیے جہاں باقی لوازمات خود اعتمادی ، وضع قطع ،باڈی لینگویج ، صوتی مدو جزر اور لہجے کا اتار چڑھائووغیرہ ضروری ہیں وہاں پر اشعار کو بھی اس میں خاصا دخل ہے۔
آج کے دور میں دینی مدارس میں علوم نبوت حاصل کرنے والے طلباء کرام کل کے مقتداء ، پیشواء اور راہنمائے قوم ہیں۔ یہی غنچے جب چٹخیں گے تو چمن میں بہار آئے گی۔ اس قوم کی قیادت و سیادت علماء کرام کے سر پر ہے۔ اس لیے ہمارے مدارس کے طلباء کو اپنے اندر ہر وہ خوبی پیدا کرنے کی محنت کرنی چاہیے جس سے خود ان کی اپنی اور معاشرے کی اصلاح ممکن ہو سکے۔
حدیث پاک میں ارشاد ہے کہ ان من الشعر حکمۃ بعض اشعار پر حکمت ہوتے ہیں۔
زیر تبصرہ کتاب محترم جناب مفتی فیصل رشید چنیوٹی کی بہت عمدہ تالیف ہے اکابر شعراء کےکلام کی معنویت کے ساتھ ساتھ اس کتاب کا خاصہ یہ ہے کہ یہ معرفت خداوندی ، محبت نبوی ، اطاعت صحابہ ، عظمت اولیاء اور معاشرتی احوال کی اصلاح پر مشتمل سینکڑوں اشعار کا خوبصورت گلدستہ ہے۔ کتاب جہاں مؤلف کے حسن ذوق کی آئینہ دار ہے وہاں پر یہ طلباء برادری کو اس موضوع پر کافی زیادہ کتابوں سے مستغنی اور بے نیاز کر دیتی ہے دینی مدارس کے طلباء اور فضلاء کرام کے لیے بے حد مفید اور نایاب تحفہ ہے۔
درمیانے کاغذ پر خوبصورت قافیہ بندی اس کے حسن میں مزید نکھار پیدا کر رہی ہے۔ ٹائٹل کی جاذبیت قاری کے سکون میں اضافے کا باعث ہے۔ طلباء کرام بالخصوص اسے خریدیں اور ان اشعار کو اپنی تقاریر میں استعمال کریں۔