تبصرۂِ کتب

User Rating: 5 / 5

Star ActiveStar ActiveStar ActiveStar ActiveStar Active
 
تبصرۂِ کتب
……… مولانا محمد کلیم اللہ حنفی
نام کتاب: ارشاد الحواشی شرح اردو اصول الشاشی
مؤلف: مولانا شبیر احمد
ملنے کا پتہ : دارالعلوم عیدگاہ کبیر والا 03008390993
اس میں کوئی دوسری رائے نہیں ہے کہ دینی علوم میں علمِ فقہ کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ فقہ؛ اصل میں قرآن و سنت سے اخذشدہ مسائل شرعیہ کے مرتب شدہ مجموعہ کا نام ہے۔ متعدد آیات و احادیث میں جہاں تفقہ فی الدین کی ترغیب دلائی گئی ہے وہاں پر فقہاء مجتہدین کا بلند مرتبہ و مقام بھی سمجھا دیا گیا ہے۔
چنانچہ المعجم الاوسط طبرانی میں حضرت علی کرم اللہ وجہہ سے روایت ہے کہ انہوں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا :ان نزل بنا امر لیس فیہ بیان امر ولا نہی فما تامرونا؟ قال : تشارون الفقہاء۔۔ الخاگر ہمیں کوئی ایسا مسئلہ در پیش آجائے جس کے بارے میں نہ توکرنے کا حکم ہو اور نہ ہی اس سے رکنے کا، تو ہم کیا کریں ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ فقہاء سے پوچھ لینا۔
فقیہ اور مجتہد اس عظیم منصب تک رسائی کے لیے جہاں خداداد صلاحیتوں کو بروئے کار لاتا ہے وہاں پر اسے قواعد و ضوابط اور اصولوں کے سنہری زینے بھی طے کرنے پڑتے ہیں۔ انہی اصولوں کو اہلِ علم کی اصطلاح میں ”اصولِ فقہ“ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔
اس فن کی اہمیت کے پیش نظر دینی مدارس کے طلباء و طالبات میں فقہی شعور و فکر کو بیدار کرنے کے لیے اربابِ مدارس نے اصول ِفقہ کی چند معتبر اور مستند کتابیں شامل نصاب کی ہیں تاکہ طلباء و طالبات کو فقہ کے مسائل قرآن و سنت اور اجماعِ امت سے نکلتے ہوئے دکھائی دیں۔ مزید یہ کہ فقہاء کی محنت کا اندازہ بھی ہو سکے کہ مجتہد کس طرح مسائل شرعیہ کو قرآن و سنت سے مستنبط اور مستخرج کرتا ہے۔ اصول فقہ کی چند بنیادی اور اساسی کتابوں میں ایک معروف نام ”اصول الشاشی“ کا بھی ہے۔ اس فن میں اس کتاب کو مرجع ، ماخذ اور مصدر کی اہمیت حاصل ہے۔ اس کے مصنف فقیہ وقت ابو علی احمد بن محمد بن نظام الدین الشاشی الحنفی رحمہ اللہ )متوفیٰ334ھ(ہیں۔ موصوف امام ابو الحسن کرخی رحمہ اللہ کے مایہ ناز تلمیذ تھے۔ صاحبِ کتاب نے سہل اور اقرب الی الفہم انداز میں” اصولِ فقہ “ پر مفید اور جامع بحث فرمائی ہے۔
ملک پاکستان کے مشہور دینی ادارے دارالعلوم عیدگاہ کبیر والا کے لائق ،محنتی اور ماہر اساتذہ کی کئی کتب و شروحات اہل علم میں دادِ تحسین پا چکی ہیں انہی میں ایک بہت معتبر نام محبوب الطلباء استاذ ی المکرم مولانا شبیر احمد دام ظلہ صاحبِ ارشاد الحواشی کا بھی ہے
اگرچہ اصول الشاشی کی متعدد شروحات لکھی گئی ہیں۔ مثلاً: شرح مولیٰ محمد بن الحسن الخوارزمی رحمہ اللہ )متوفیٰ 781 ھ (، حصول الحواشی علی اصول الشاشی ازحسن ابو الحسن بن محمد ، عمدۃ الحواشی از محمد فیض الحسن ، تسہیل اصول الشاشی از محمد انور بدخشانی وغیرہ۔
لیکن زیر تبصرہ کتاب ارشاد الحواشی اپنے منفرد طرزتفہیم کے سبب ان میں الگ مقام رکھتی ہے۔ طالبِ علم کو صورت مسئلہ سمجھانے میں تقطیع عبارت کو ملحوظ رکھا گیا ہے۔ پہلے عبارت کا مختصر سا حصہ اس پر اعراب اور اس کے بعد آسان اور سہل ترجمہ بعدازاں اس کی تشریح و توضیح۔ جو نہ تو اس قدر طویل ہے کہ جس سے طالب علم اکتاہٹ کا شکار ہوتا ہے اور نہ اتنی مختصر کہ نفس مسئلہ سمجھنے میں کوئی دِقت اٹھانی پڑے۔
ارشاد الحواشی؛ اصول فقہ پر کام کرنے والے ، اس علم کے حصول کے خواہش مند طلباء و طالبات اور اس کو پڑھانے والے مدرسین کے لیے بیش بہا علمی تحفہ ہے اور میدانِ علم کے شاہسواروں کا مضبوط ہتھیارہے۔ ٹائٹل خوبصورت اور بائنڈنگ عمدہ ہے۔