پاکستان میں سرمایہ کاری کریں

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
پاکستان میں سرمایہ کاری کریں !
متکلم اسلام مولانا محمد الیاس گھمن
کسی بھی ملک کے استحکام اور ترقی یافتہ ہونے میں معیشت کا بہت بڑا کردار ہوتا ہے۔ معیشت مضبوط اور محفوظ ہو تو ملک مستحکم ہوتا ہے اور ترقی کی منزلیں طے کرتا ہے اور اگر اس کی معیشت مضبوط نہ ہو تو ملکی استحکام کمزور ہوتا ہے اور ملک ترقی کے بجائے تنزلی کی طرف گرتا جاتا ہے۔
معیشت کی مضبوطی کے لیے جہاں ملکی صنعت و حرفت اورتجارت کا کردار ہوتا ہے وہیں پر بیرونی سرمایہ کاری کا بھی اس میں بہت بڑا دخل ہوتا ہے۔ اگر ملکی صنعت و حرفت اور تجارت ناکافی ہوں تو ملک اورعوام کے خیرخواہ حکمران اپنے ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کو اہمیت دیتے ہیں۔ تاکہ ملک مالی بدحالی سے نکل کر خوشحالی تک پہنچے اور وہاں کے عوام خوشحال زندگی بسر کریں۔
پاکستان میں گزشتہ کئی سالوں سے بیرونی سرمایہ کار اپنا سرمایہ لگانے سے گریز کر رہے ہیں، اس کی بہت سے وجوہات ہیں مثلاً یہاں دہشت گردی کے مسلسل ایسے واقعات پیش آ رہے ہیں کہ لوگوں کو جان کے ساتھ ساتھ اپنے مال کا تحفظ بھی غیر یقینی نظر آرہا ہے دہشت گرد عناصر کی جانب سے سرمایہ کاری کرنے والوں کو جان و مال سے ہاتھ دھو ڈالنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں اور پاکستان کے بدخواہ بیرونی سازشی عناصر بھی غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری سے روکنے کی سازشیں کر رہے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ بیرونی سرمایہ کارجب پاکستان میں سرمایہ کاری کا سوچتے ہیں تو وہ یہ جان کر حیران رہ جاتے ہیں کہ اس ملک کی قسمت بدلنے والے حکمرانوں کی اولادیں یہاں سرمایہ کاری نہیں کرتیں بلکہ پاکستان سے باہر آف شور کمپینوں کے مالک ہیں تو ان کا ارادہ یکسر بدل جاتا ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل غور ہے کہ کچھ دہائیوں سے پاکستان کی صورتحال ابتری کا شکارہے۔ سابق حکمران طبقے نے یہاں کی دولت سوئس بینکوں میں اکٹھی کی اور پاکستان کو غربت کی طرف دھکا دیا۔ عوام کو ان سے نجات دلانے کے لیے موجودہ حکمران طبقے نے بہت وعدے کیے۔
علی الاعلان یہ دعوے بھی داغے کہ وہ ملک کی لوٹی ہوئی دولت وطن میں واپس لائیں گے ، پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کےلیے ساز گار ماحول بنائیں گے تاکہ ملک ترقی کر سکے۔
لیکن حالات کا رخ اس کے الٹ جا رہا ہے ہمارے حکمران طبقے کی اپنی دولت پاکستان سے باہر بیرونی ملکوں میں ہے ،پاکستان کا ہر محب وطن اور صاحب عقل شہری یہ کہہ رہا ہے کہ پاکستان کے حکمران جب تک خود پاکستان میں سرمایہ کاری نہیں کریں گے بھلا بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ لگانے پرکیسے تیار ہوں گے ؟ اگر بیرونی سرمایہ کاری پاکستان نہیں آئے گی تو پاکستان کی معیشت ہرگز مضبوط نہیں ہوگی اور ترقی میں راہ میں مشکلات بھی جوں کی توں برقرار رہیں گی اور اگر معیشت کو مضبوط نہیں بنایا جائے گا تو وطن عزیز میں استحکام کے خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوں گے۔ ایسے حالات میں ہمارے حکمرانوں کو چاہیے کہ اپنی قوم سے کیے گئے وعدوں کو پورا کریں اور وطن عزیز میں خودبھی سرمایہ کاری کریں اور بیرونی سرمایہ کاری کے ماحول کو سازگار بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔