پانچ روزہ دورہ تحقیق المسائل کراچی

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
پانچ روزہ دورہ تحقیق المسائل کراچی
مولانا محمد ریاض
عالمی اتحاد اہل السنت والجماعت وہ واحد جماعت ہے جس کی دن رات کی محنت کا مدار عقائد اسلامیہ اور مسلک اہل السنت والجماعت کو دلائل کے ساتھ امت کے سپرد کرنا ہے۔ مزید یہ کہ اسلامی عقائد ونظریات اور مسائل کو اہل الحاد و بدعت کی باطل تاویلات و تشریحات سے محفوظ کرنا ہے۔ چنانچہ اسی سلسلہ کی ایک کڑی عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے موقع پر روشنی کے شہر کراچی میں پانچ روزہ دورہ تحقیق المسائل کا انعقاد ہے۔
اپنی افادیت و ضرورت کے پیش نظر اہل علم طبقہ میں اس شارٹ کورس کی بہت پذیرائی ہے جونہی عالمی اتحاد اہل السنت والجماعت کی طرف سے یہ اعلان ہوا کہ عید الاضحیٰ کی چھٹیوں میں علماء ، مدرسین اور مدارس کے طلباءکو یہ کورس کرایا جا رہا ہے تو کثیر تعداد میں علماء ، طلبا اور مدرسین اس کی طرف کھنچے چلے آئے۔
مدرسہ معارف اسلامیہ کراچی کچھا کھچ تشنگان علوم سے بھر گیا جس میں بشمول کراچی ،بلوچستان اور اندرون سند ھ سے کثیر تعداد میں علماء کرام ، ائمہ مساجد ، طلباء اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے احباب نے بھر پور شرکت فرمائی،آخر میں شرکاء کی تعداد چھ سو تک رہی۔
عالمی اتحاد اھل السنۃ والجماعۃ کے ممتاز اور جید علماء کرام نے شرکاء دورہ میں لیکچرز دیے، جس میں دین اسلام کی بنیادی عقائد : توحید با ری تعالیٰ، ختم نبوت ،ناموس رسالت ﷺ، قرآن کر یم کی حقانیت وصداقت، معیار صحابیت اور عقیدہ آخرت وغیرہ پر قر آن وسنت اور حضرات صحابہ کرام کے اقوال کی روشنی میں طلباء کو روشناس کروایا ،دیگر ادیان منسوخہ کے مقابلہ میں دین اسلام کی حقانیت وصداقت کو دلائل کی دنیا میں آشکار کیا۔
عالم اسلام کی معروف علمی و روحانی شخصیت متکلم اسلام مولانا محمد الیاس گھمن حفظہ اللہ نے شرکاء کو دورحاضر میں علمی و مسلکی کام کرنے کا طریقہ ، قوت دلیل کا سہل اور موثر انداز ، مشترکہ پلیٹ فارم پرمسلک اہل السنت والجماعت کی ترجمان کا ڈھنگ سکھایا اور تربیتی نشستوں میں طلباء کو اکابر پر اعتماد ، علم میں پختگی اور تزکیہ باطن پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت پر پرمغز جامع گفتگو کی۔
اسی طرح مفسر قرآن مولانا عبد القیوم قاسمی مدیر معارف اسلامیہ نے بطور میزبان اہل علم کی تشریف آوری پر خوب دل کھول کر حق میزبانی ادا کیا اور تمام تر سہولیات شرکاء دورہ کے لیے وقف کر دیں۔ شدید مصروفیت کے باوجودگاہے بگاہے انتظامی امور کی جانچ پڑتال اور دیکھ بھال کرتے رہے۔ کورس میں عالمی اتحاد اھل السنۃ والجماعۃ کے مرکزی رہنما مولا نا ابو ایوب قادری، مفتی عبد الواحد قریشی ،مولانا محمد احمد آف سندھ کے علاوہ عالمی اتحاد اھل السنۃ والجماعۃ کراچی کے ذمہ داران مفتی شمس الرحمٰن ، مفتی محمد ریاض لودھروی،مفتی سید حسنین شاہ اور مفتی محمد عظیم لدھیانوی نے شرکاء دورہ کومختلف مسائل پر منفرد انداز میں اسباق پڑھائے۔
روزانہ ذکر اذکار ، تلاوت ، فرض نماز اور نوافل کی پابندی کے ساتھ اسباق کی ہمہ وقت مصروفیت کے باعث طلباء نے اپنے اندر علمی اور روحانی بالیدگی میں اضافہ محسوس کیا آخر میں قیمتی نصائح کے ساتھ شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئی اور یوں بخیر وخوبی یہ شارٹ کورس مکمل ہوا۔ اللہ کریم اس کی افادیت کو عام تام فرمائے۔