حضرت پاک صلی اللہ علیہ و سلم کا کھانے کے وقت ہاتھ دھونا

User Rating: 1 / 5

Star ActiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
بَابُ مَا جَاءَ فِي صِفَةِ وُضُوءِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عِنْدَ الطَّعَام
باب: حضرت پاک صلی اللہ علیہ و سلم کے کھانے کے وقت ہاتھ دھونے کے بیان میں
حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ مَنِيعٍ قَالَ : حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ ، عَنْ أَيُّوبَ ، عَنِ ابْنِ أَبِي مُلَيْكَةَ ، عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ ، أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ خَرَجَ مِنَ الْخَلاَءِ فَقُرِّبَ إِلَيْهِ الطَّعَامُ فَقَالُوا : أَلاَ نَأْتِيكَ بِوَضُوءٍ؟ قَالَ : إِنَّمَا أُمِرْتُ بِالْوُضُوءِ إِذَا قُمْتُ إِلَى الصَّلاَةِ.
ترجمہ: حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما فرماتےہیں کہ حضرت پاک صلی اللہ علیہ وسلم بیت الخلاءسےباہرتشریف لائے۔آپ کےسامنےکھاناپیش کیاگیاتوصحابہ رضی اللہ عنہم نےعرض کیا:کیاہم آپ کےوضوکے لیے پانی نہ لائیں؟ آپ نے ارشاد فرمایا کہ مجھےوضوکرنےکاحکم صرف اسی وقت دیاگیا ہےجب میں نماز پڑھنےکاارادہ کروں۔
حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ مُوسَى قَالَ : حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ نُمَيْرٍ قَالَ : حَدَّثَنَا قَيْسُ بْنُ الرَّبِيعِ ، ( ح ) وَحَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ قَالَ : حَدَّثَنَا عَبْدُ الْكَرِيمِ الْجُرْجَانِيُّ ، عَنْ قَيْسِ بْنِ الرَّبِيعِ ، عَنْ أَبِي هَاشِمٍ ، عَنْ زَاذَانَ ، عَنْ سَلْمَانَ قَالَ : قَرَأْتُ فِي التَّوْرَاةِ أَنَّ بَرَكَةَ الطَّعَامِ الْوُضُوءُ بَعْدَهُ ، فَذَكَرْتُ ذَلِكَ لِلنَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، وَأَخْبَرْتُهُ بِمَا قَرَأْتُ فِي التَّوْرَاةِ ، فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : بَرَكَةُ الطَّعَامِ الْوُضُوءُ قَبْلَهُ وَالْوُضُوءُ بَعْدَهُ.
ترجمہ: حضرت سلمان فارسی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے تورات میں پڑھا تھا کہ کھانے سے فارغ ہونے کے بعد ہاتھ دھوناکھانےمیں برکت کاسبب ہےاور میں نے جو کچھ تورات میں پڑھا تھاحضرت پاک صلی اللہ علیہ وسلم کےسامنےاس کو ذکر کیا تو حضرت پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کھانے کی برکت کھانا کھانے سے پہلےاور بعد میں ہاتھ دھونےمیں ہے۔
زبدۃ:
1: لغت عرب میں صرف ہاتھ دھونے کو بھی وضو کہتے ہیں اور یہ وضولغوی کے نام سےمشہورہے۔جو وضو نماز کی لیے شرط ہےیہ وضواصطلاحی کے نام سے مشہور ہے۔ کھانا کھانے سے پہلے اور بعد میں وضو اصطلاحی یعنی نمازوالاوضونہ فرض ہے، نہ واجب، نہ سنت۔ ویسےہروقت باوضورہنامستحب ہے۔
2: کھانا کھانے سے پہلے ہاتھ دھونا سنت ہے۔ اس میں برکت کا مطلب یہ ہے کہ کھانے میں زیادتی ہوتی ہے،کھانے والوں کا پیٹ بھر جاتا ہے اور کھانا کھانے کے بعد ہاتھ دھونا بھی سنت ہے۔ اس میں برکت کا مطلب یہ ہے کہ جن مقاصد کے لیے کھانا کھایا جاتا ہے وہ پورے ہوتے ہیں۔ مثلاً کھانا بدن کا جزء بنتا ہے، نشاط پیدا کرتا ہے،عبادات اور عمدہ اخلاق پر تقویت پیدا کرتا ہے۔