مقدمہ کتاب

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
مقدمہ کتاب
اللہ تعالیٰ نے انسانیت کی فلاح اور ہدایت کے لیے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو رسول اور نبی بنا کر بھیجا ہے۔ امت کے ذمہ ہے کہ اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کو پڑھے، سمجھے اور اس پر عمل کی کوشش کرے اور دوسرے انسانوں کو نبوی ہدایات کے مطابق زندگی گزارنے کی ترغیب دے۔ معاشرہ کو صحیح راستہ پر چلانے کی جس حد تک ممکن ہو بھرپور دعوت دے، گھر اور باہر کے ماحول کو صاف ستھرا اور پاکیزہ بنائےتاکہ پوری زندگی پاک ماحول میں گزرے
اس کےلیے دور نبوت کے ماحول کو پڑھنا اور سمجھنا از حد ضروری ہے۔
نبوت کی زندگی کا ایک حصہ جلوت )باہر (کا ہے جو کہ کھلا ہوا ہے اور ہر صحابی رضی اللہ عنہ کے سامنے ہے جس تک رسائی بہت آسان ہے اس کو پڑھ کر اور سُن کر اپنی زندگی اس کے مطابق گزاری جا سکتی ہے اور ایک حصہ خلوت یعنی گھر کے اندر کا ہے جس تک رسائی نہیں ہو سکتی سوائے اس کے کہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواج مطہرات امہات المومنین رضی اللہ عنہن ہی امت کو بتائیں کہ آپ کے گھر کے اندر خلوت کے حالات کیا اور کیسے تھے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی گھر کے اندر عبادات، بیویوں کے ساتھ برتاؤ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا گھر میں رہنے کا طریقہ کیا تھا؟ وغیرہ۔
اسی طرح نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی امت کا ایک فرد خواتین بھی ہیں جوکہ کسی مرد کی ماں ہے تو کسی کی بیٹی، کسی کی بیوی ہے تو کسی کی بہن۔ جن کے بغیر معاشرہ کی تشکیل ناممکن ہے اور جن کے بغیر معاشرہ نامکمل ہے۔ اب مرد تو نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت اپنائیں تو ان خواتین کو زندگی کیسے گزارنی چاہیے؟ اس کے لیے ضروری ہے کہ یہ بھی ازواج مطہرات امہات المومنین رضی اللہ عنہن کے حالات کو پڑھیں اور سمجھیں کیونکہ ان کے بغیر خواتین اپنی زندگی کو شریعت کے مطابق گزار نہیں سکتیں۔
ان دو ضرورتوں کے پیش نظر امہات المومنین رضی اللہ عنہن کتاب ترتیب دی گئی ہے جو کہ خواتین اسلام کے لیے مرکز اصلاح النساء سرگودھا کی جانب سے صراط مستقیم کورس کے بعد دوسری کتاب ہے۔ جبکہ اس کے بعد ان شاء اللہ العزیز مسلمان عورت کے نام سے ایک کتاب تحریر کرنے کا ارادہ ہے۔
تمام ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں سے بطور خاص درخواست ہے کہ دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچادیں، مقبول فرمائیں اور صدقہ جاریہ بنائیں۔
آمین بجاہ النبی الکریم صلی اللہ علیہ وسلم
والسلام محتاجِ دعا
محمد الیاس گھمن
4-1-2017