حج کا چوتھا دن11 ذوالحجہ

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
حج کا چوتھا دن11 ذوالحجہ
آج تینوں جمرات کی رمی کرنی ہے۔ پہلے جمرہ اولیٰ کی، پھرجمرہ وسطیٰ کی اور آخر میں جمرہ عقبہ کی۔ اس لیے اپنے ساتھ 21 کنکریاں لے جائیں۔ احتیاطاً دو چار کنکریاں زائد بھی ساتھ رکھیں تو اچھاہے۔ (رمی کا طریقہ پہلے لکھاجا چکا ہے، اسے دوبارہ دیکھ لیں) جب جمرہ اولیٰ کی رمی سے فارغ ہوجائیں تو ذرا آگے بڑھ کر قبلہ رخ کھڑے ہوں اور ہاتھ اٹھا کر دعاکریں۔ اس کے بعد جمرہ وسطیٰ کی رمی کریں اور اسی طرح ذرا آگے بڑھ کر قبلہ رخ کھڑے ہوکر ہاتھ ا ٹھاکر دعاکریں۔ اس کےبعد جمرہ عقبہ پر جائیں اور رمی کریں لیکن اس رمی کے بعد وہاں دعاکے لیے نہ ٹھہریں بلکہ بغیر دعا مانگے واپس اپنی رہائش گاہ پر آجائیں۔ باقی وقت جتنا زیادہ ہوسکے تلاوت، ذکر اور دعا میں گزاریں اور فضولیات سے بچتے رہیں۔
مسائل:
1: آج کی رمی کا وقت زوال کے بعد شروع ہوجاتاہے۔ زوال سے غروب تک کا وقت مستحب وقت ہے۔ اگر اس وقت عذرہو مثلاً ہجوم بہت زیادہ ہو یا ناقابل برداشت تکلیف کا خطرہ ہو تو مغرب یا عشاء کے بعد بھی بلا کراہت جائز ہے لیکن بلا عذر غروبِ آفتاب کے بعد سے لے کر بارھویں ذو الحجہ کی صبح صادق تک مؤخر کرنا مکروہ ہے۔
2: آج کی رمی زوال سے پہلے کرنا جائز نہیں ہے، اس لیے کہ زوال سےپہلے 11 ذوالحجہ کی رمی کا وقت شروع ہی نہیں ہوتا۔ اگر کسی نے غلطی سے یہ رمی زوال سے پہلے کی تو وقت شروع ہونے پر دوبارہ کرنی واجب ہوگی ورنہ دم لازم ہوگا (جس کی تفصیل آگے آرہی ہے)