ابتدائیہ

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
ابتدائیہ
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ أَمَّا بَعْدُ!
شریعت کے پانچ اجزاء ہیں:
اعتقادات، عبادات، معاملات، اخلاقیات اور معاشرت
ان میں سب سے اہم اور بنیادی جزء ”اعتقادات“ ہیں۔ انہی پر باقی اجزاء کاقبول ہونا موقوف ہے۔ اگر اعتقادات صحیح ہوں تو باقی اعمال اللہ تعالیٰ قبول فرماتے ہیں، اگر یہی فاسد ہو جائیں تو باقی اعمال کی قبولیت ناممکن ہے۔
اھل السنۃ والجماعۃ کے عقائد پر کئی کتب موجود ہیں البتہ امام ابوجعفر احمد بن محمد بن سلامہ الطحاوی کی تالیف ”العقیدۃ الطحاویۃ“ اپنے اختصار اور جامعیت کے پیش نظر بنیادی حیثیت کی حامل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عرب و عجم کے جامعات اور مدارس میں عقائد کے باب میں داخل نصاب ہے اور اھل السنۃ والجماعۃ کے تمام مذاہب کے نزدیک یہ متفقہ اور مسلمہ دستاویز کی حیثیت رکھتی ہے۔
عقائد کی اہمیت کے پیش نظر ہم نے مختلف متون پر کام کا سلسلہ شروع کرنے کا ارادہ کیا ہے جس کا آغاز شرح عقیدہ طحاویہ سے کر رہے ہیں۔ اس شرح پر ہم نے درج ذیل جہات سے کام کیا ہے:
1: شروع میں امام طحاوی رحمۃ اللہ علیہ کے حالات کو ذکر کیاہے۔
2: کتاب میں ذکر کردہ عقائد پر نمبر لگائے ہیں ۔
3: ان عقائد کا سلیس اردو ترجمہ کیا ہے۔
4: ہر عقیدہ کی مختصر سی تشریح کی ہے۔
5: اکثر مقامات پر دلائل بھی ذکر کیے ہیں۔
6: بعض مقامات پر اہم اشکالات کا جواب بھی دیا ہے ۔
7: بعض تعارضات کو بھی حل کیا ہے۔
ان شاء اللہ اس سلسلہ کو آگے بڑھایا جائے گا اور عقائد کی مختلف کتب کو سلیس کر کے عام فہم تشریحات کے ساتھ پیش کیا جائے گا تاکہ عقائد کے حوالے سے عوام وخواص کے پاس ایک وسیع ذخیرہ موجود ہو۔
بندہ نے ملک و بیرون ملک مختلف مقامات پر عقیدہ طحاویہ کا درس دیاہے۔ مرکز اھل السنۃ والجماعۃ سرگودھا میں منعقد ہونے والے 2018ء کے دورہ تحقیق المسائل میں بھی اسے سبقاً سبقاً تفصیل کے ساتھ پڑھایا ہے جس کی ویڈیوز Ahnaf Media Service کے یو ٹیوب چینلز اور فیس بک پیجز پر اپ لوڈ کر دی گئی ہیں۔ زیرِ نظر شرح عقیدہ طحاویہ کو ان ویڈیو اسباق کے ساتھ ملاحظہ کیا جائے تو انتہائی مفید ہو گا۔
قارئین سے گزارش ہے کہ اگر کوئی غلطی دیکھیں تو مطلع فرمائیں تاکہ آئندہ ایڈیشن میں اس کی اصلاح کی جا سکے۔
محتاج دعا
محمدالیاس گھمن
مرکز اھل السنۃ والجماعۃ سرگودھا