تعلیم وتعلم

User Rating: 4 / 5

Star ActiveStar ActiveStar ActiveStar ActiveStar Inactive
 
تعلیم وتعلم
مولانا عاشق الہی بلند شہری
یعنی دین سیکھنااورسکھانایہ تو سب جانتے ہیں کہ عمل بغیرعلم کے نہیں ہوسکتااورجب بندہ نے کلمہ طیبہ کا اقرارکرلیااوراپنے آپ کواللہ کے حکموں کا پابند بنادیا،اللہ کے فرمان کے مطابق زندگی گزارنے کا عہد کرلیاتواب اس کے ذمہ یہ لازم ہوگیاکہ اس کے دین یعنی اسلام کے عقیدوںاورحکموںکوسیکھے اورمعلوم کرے ایسے آدمیوںکے پاس اٹھنابیٹھنارکھے جواسلام خوب جانتے ہیں۔ آج کل بڑے بڑے اسکول اورکالج کھل گئے ہیں اوران میں دنیابھر کی باتیں سکھائی اورپڑھائی جاتی ہیں اورطرح طرح کی ریسرچ کرائی جاتی ہے۔
مگر ان معلومات سے آدمی کونہ اللہ سے تعلق پیداہوتاہے نہ مرنے کے بعد پیش آنے والے حالات معلوم ہوتے ہیں نہ وہاں کی تیاری کی فکر ہوتی ہے بیس بیس سال پڑھ لیتے ہیں مگر”دعائِ قنوت“ اور”الحمدشریف“ بھی یادنہیں ہوتی اورکیسے یاد ہوجبکہ اسکولوں اورکالجوں کی اصلی غرض وغایت دینی تعلیم نہیں ہے۔
جب کسی نے دین نہ سیکھا اور اس کے علاوہ ساری دنیا کی باتیں سیکھ لیں تواللہ کے نزدیک وہ علم فائدہ مند نہیں ہوااللہ کو وہی علم پسند ہے جوخداتک پہنچائے اورانسان کوخداکے حکموں پرچلائے ،جس سے آخرت کی زندگی درست ہوجائے۔
دین کااتناعلم حاصل کرنا جس سے اپناعمل درست ہوسکے ہر مسلمان مردوعورت پرفرض ہے نماز،روزہ،زکوٰة،حج،آپس کے معاملات، رہن سہن ،کھانے پینے، اٹھنے بیٹھنے، سونے جاگنے اوران کے علاوہ زندگی کی تمام حالتوں کے حکموں کومعلوم کروجوقرآن شریف وحدیث میں بتائے گئے ہیں۔ بہت سے مردوعورت بچپن میں دین سیکھتے نہیں اوربڑے ہوکرلحاظ کی وجہ سے نہیں پوچھتے اورعمربھرجاہل رہتے ہیں اوراللہ تعالی کے حکموں کے خلاف چلتے ہیں ایسے لوگوں کوسمجھاکردین سیکھنے پرآمادہ کرواورخود بھی سیکھو۔
جن کی عمریں بڑی ہوگئیں ان کے دین سیکھنے اورسکھانے کی ترکیب یہ ہے کہ روزانہ ورنہ کم از کم ہفتہ میں ایک روز مقررکرکے وقت کی پابندی کے ساتھ کسی مقررمکان میں پردے کے اہتمام کے ساتھ گھرسے آکر جمع ہوں اورایک دوسرے کوسیکھنے اورسکھانے میں لگ جایاکریں زبانی تعلیم بھی کریں اورکتابی تعلیم بھی۔
زبانی تعلیم یہ ہے کہ جس کو کلمہ یاد نہ ہواس کو کلمہ یاد کرادیں جسے نماز یاد نہ ہوسے نماز سکھادیں باربار کہلادیں اورجسے یاد ہووہ انجان کو حقیر نہ سمجھے نہ اپنی فضیلت جتاوے نہ ایسے انداز میں بات کرے جس سے کسی کادل دُکھے۔ آپ سے میں نمازاوروضوکے فرضوں،سنتوں کاذکرچھیڑیں پوچھ گچھ کریں جسے معلوم نہ ہوبتادیں دین پر چلنے کی تاکیدکریں خداکا خوف دلوں میں بٹھائیں حضرت رسول اللہﷺ اورصحابہ ؓ وبزرگان دین کے قصے سنائیں۔
کتابی تعلیم یہ ہے کہ دینی کتابوں میں سے کوئی کتاب لے کرپڑھی جائے ایک کتاب پڑھے اورباقی سب غور وفکر کے ساتھ سنیں، بات سنتے ہی عمل شروع کردیں کتابیں بہت سی چھپ گئی ہیں ہم چند کتابوں کے نام لکھتے ہیں ان کو منگاکرسنو،پڑھو،سب کوسناﺅ اورخوب سمجھاکرآگے دوسرامضمون شروع کرو۔
نصائح نبویﷺ،مسلمان بیوی ،رسول اللہ ﷺ کی بیویاںؓ،رسول اللہﷺ کی صاحبزادیاں سیرت خاتم الانبیائﷺ،رحمت عالمﷺ،تبلیغ دین ،بہترین جہیز،فضائل صدقات ،حیات المسلمین ،آداب معاشرت ،اغلاط العوام ،احوال جہنم ،احوال برزخ ،جنت کی نعمتیں،دوزخ کاکھٹکا ،،رسول ﷺ کی پیشن گوئیاں،ارکان اسلام ،اصلاح الرسوم ،اصلاح معاشرت ،مسنون دعائیں ،معارف الحدیث ،فضائل صلوة وسلا م ،اسوہ صحابیات ،فضائل اعمال ،موت کا منظر مع مرنے کے بعد کیاہوگا؟بہشتی زیور،تفسیر بیان القرآن تفسیر ابن کثیر، بخاری، مسلم ، ترمذی، ابوداﺅد ، نسائی،ابن ماجہ مترجم ، سیرة النبیﷺ ، تاریخ اسلام،رحمة للعالمینﷺ قصص القرآن وغیرہ۔