خواب اور انکی تعبیر

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
خواب اور انکی تعبیر
عابد جمشید
خواب:
مولانا صاحب! السلام علیکم ورحمة اللہ:
چند دن پہلے میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے ابو کے ساتھ کھڑی ہوئی ہوں اور میرے تایا جان بھی وہاں موجود ہیں اور میرے ابو سے بات کر رہے ہیں۔اتنے میں کچھ کتے آتے ہیں اور مجھ پر حملہ کردیتے ہیں۔ میں بھاگنا چاہتی ہوں لیکن وہ میرا ہاتھ پکڑ کراس کو زخمی کردیتے ہیں ،حتیٰ کہ ہاتھ سے گوشت الگ ہوجاتا ہے۔میں اسی تکلیف کی کیفیت میں دیکھتی ہوں کہ میرے ہاتھ کا رنگ سبز ہوگیا ہے۔ میرے والد اسے دیکھ کر کہتے ہیں کہ کچھ نہیں ہوا، کوئی ضرورت نہیں ڈاکٹر کے پاس جانے کی۔لیکن پھر جب تکلیف بڑھتی ہے تو میں اپنی ایک کزن کے ساتھ ہسپتال چلی جاتی ہوں۔
سدرہ احسان، قصور
تعبیر:
فکر مند نہ ہوں، یہ محض شیطانی وساوس ہیں جن کا مقصد اعمال صالحہ کی طرف سے توجہ ہٹانا اور گناہوں کی طرف رغبت پیدا کرنا ہے۔ دنیاوی زیب وزینت کی طرف توجہ کم کیجیے اور آخرت کی کامیابی کی طرف دھیان لگائے رکھیے۔ آپ کے خواب کی یہی تعبیر ہے، ان پریشان کن خوابوں کی وجہ سے اپنے دینی اور روزمرہ کے معمولات میں خلل نہ آنے دیں۔ اللہ تعالی آپ کی حفاظت فرمائیں۔
خواب:
میں نے چند دن پہلے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر والوں کو بغیر بتائے باہر نکل گئی ہوں۔ راستے میں مجھے ایک سہیلی اپنے گھر بلاتی ہے ( میری اس سہیلی کے انتقال کو تقریبا ایک سال ہو چکا ہے)میں اس کے قریب جاتی ہوں تو وہ مجھے اندر آنے کے لیے کہتی ہے۔ میں کہتی ہوں کہ نہیں !مجھے جانا ہے لیکن وہ مجھے زبردستی اندر لیجاتی ہے۔اندر کئی اور بھی لوگ تھے جو کہیں جانے کی تیار ی کررہے تھے۔ میں نے پوچھا کہاں جانے کی تیاری ہے اس نے کہا شادی میں۔ اس نے اپنا لباس بھی مجھے دکھایا جو سبز رنگ کا تھا۔ پھر ایک او رسہیلی نے مجھے آواز دی او روہ بھی اندر آگئی اتنے میں میں نے اپنے والدصاحب کی آواز سنی، وہ مجھے ڈھونڈ رہے تھے۔ میں جلدی سے باہر آئی توانہوں نے مجھے سینے سے لگالیا اور کہنے لگے کہ آئندہ بغیر بتائے کہیں نہ جانا۔
ثمینہ ماجد، سیالکوٹ
تعبیر:
اس خواب میں آپ کی سہیلی کے مرنے کے بعد اچھی حالت میں ہونے کی طرف اشارہ ہے، اللہ تعالیٰ نے آپ کی سہیلی کے ساتھ اپنے خصوصی فضل وکرم والا معاملہ فرمایا ہے۔ دوسری بات اس خواب سے یہ ظاہر ہورہی ہے کہ آپ کے اندر حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی میں کچھ کمی موجود ہے۔یوں سمجھیں کہ آپ کی سہیلی نے آپ کو یہ نصیحت کی ہے کہ تم بھی دنیا کے بجائے ہمیشہ ہمیشہ رہنے والے گھر کی فکر کرو اور نماز، ذکر، تلاوت، استغفار، وغیرہ میں وقت گذارو، کیونکہ یہ دنیاوی زندگی ایک دن بہرحال ختم ہونے والی ہے۔
خواب:
میں نے خواب دیکھا ہے کہ میری والدہ محترمہ کے ہاں بچی کی پیدائش ہوئی ہے حالانکہ میری والدہ کے انتقال کو تقریبا نو سال کا عرصہ گذر چکا ہے۔ برائے کرم اس کی تعبیر بتائیں۔
ذیشان ، مانسہرہ
تعبیر:
آ پ کی والدہ محترمہ الحمد للہ اچھی حالت میں ہیں اور ان کی برکت سے آپ لوگوں کودینی کے ساتھ ساتھ دنیاوی فوائدبھی ان شاء اللہ حاصل ہوں گے۔ آپ اپنی بہنوں سے حسن سلوک کا اہتمام کریں اور والدہ کو ایصال ثواب کرتے رہا کریں۔