خواب انکی تعبیر

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
خواب انکی تعبیر
مولانا عابد جمشید
محترم مولانا صاحب! السلام علیکم ورحمة اللہ
میرے خاوند کی وفات ہوچکی ہے اور میں بیوگی کی زندگی گذار رہی ہوں۔ مجھے کئی مرتبہ خواب میں اپنے شوہر نظر آتے ہیں،میں دیکھتی ہوں کہ ہم سب مل کر کہیںجارہے ہیں اتنے میں پولیس کے چند سپاہی آتے ہیں اور میرے خاوند کو پکڑ لیتے ہیں۔ وہ بہت شور مچاتے ہیں اور میرے بچے اور میرے دیور بھی ان سے درخواست کرتے ہیںکہ ان کو چھوڑ دیں مگر وہ نہیں مانتے اور ان کو پکڑ کر باندھ دیتے ہیںہم سب بہت رو رہے ہیں مگرکوئی فائدہ نہیں ہوتا۔
مولانا صاحب! میں بہت پریشان ہوں برائے کرم مجھے اس خواب کی تعبیر بتائیں اور یہ بھی بتائیں کہ میں اپنے مرحوم شوہر کے لیے کیا کرسکتی ہوں؟ (عدیلہ احسان،سیالکوٹ)
تعبیر:
محترم بہن! اللہ تعالی آپ کے خاوند مرحوم کی مغفرت فرمائیں اور ان کی کوتاہیوں سے درگزر فرمائیں۔ اس خواب سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ کے مرحوم شوہر کے ذمہ قرض کی ادائیگی باقی ہے یہ بھی ذہن میں رکھیے کہ یہ قرض خاندان میں سے انتہائی قریبی افراد یاکسی قریبی دوست کا ہے۔ آپ تمام خاندان والوں سے دریافت کریں اور اپنے دیور کے ذریعے ان کے مرحوم بھائی کے دوستوں سے بھی معلوم کروالیں۔ جن جن کاقرض باقی ہے ان کو یا تو ادائیگی کردی جائے یا ان سے معاف کروالیا جائے۔ آپ اپنے مرحوم خاوند کے لیے ایصال ثواب اورصدقہ جاریہ کا اہتمام کریں اور اپنی اولاد کو دین کی خدمت کے لیے وقف کردیں۔اللہ سے دعا ہے کہ وہ آپ کے خاوند کے ساتھ خصوصی فضل ورحمت کا معاملہ فرمائیں۔
مولانا صاحب! میں الحمد للہ نماز کی پابند ہوں اور تلاوت بھی کرتی ہوں۔ ایک دن میں گھر کے کام کاج سے فارغ ہوکر سوگئی اور خواب میں دیکھا کہ میرے ننھیال کے گھر کے قریب ایک عجیب وغریب ساکمرہ بنا ہوا ہے اور وہاں کافی لوگ اس کے باہر کھڑے ہیں لیکن سب لوگ ڈرے ہوئے ہیں اور کوئی بھی اس کمرے کے اندر جانے کے لیے تیار نہیں۔ میں کہتی ہوںکہ ٹھہرومیں اس کے اندر داخل ہوتی ہوں میری نانی اماں اور ممانی وغیرہ مجھے منع کرتی ہیں مگر میں زبردستی اس کمرے میں داخل ہوجاتی ہوں اور داخل ہونے سے پہلے آیت الکرسی بھی پڑھتی ہوں۔ جب میں کمرے کے اندر داخل ہوتی ہوںتو وہاں ایک آدمی آجاتاہے جس کی لمبی لمبی ڈاڑھی ہے وہ مجھے بڑے غصے سے دیکھ کر کہتا ہے کہ تم اس کمرے سے کیوں داخل ہوئی ہو؟ تمہیں اس کی سزا ملے گی اور تم خود کشی کرکے مرو گی۔ مولانا صاحب!آئندہ مہینے میری شادی بھی ہونے والی ہے، میں بہت پریشان ہوں مجھے کیا کرنا چاہیے؟ (ثمینہ افضال ،لاہور)
تعبیر:
بہن!اس خواب میں اشارہ ہے کہ اللہ تعالی کی طرف سے آپ کو گناہوں اور فتنوں کے خلاف حفاظت حاصل ہوگی لیکن چند دیگر امور بھی ذہن نشین کرلیں جو اس خواب سے معلوم ہورہے ہیں۔
۱۔ محض اپنے ایمان پر بھروسہ کرکے فتنوں کے قریب نہیںجانا چاہیے کیونکہ جب تک کسی اللہ والے کی راہنمائی میسر نہ ہو انسان کے بھٹک جانے کا خدشہ رہتا ہے۔
۲۔ عقائد نظریات کی اصلاح کی جذبہ ماشاءاللہ بہت مبارک ہے لیکن پہلے سانپ پکڑنے کا منتر سیکھیں، پھر سانپ پکڑنے کی کوشش کریں ورنہ یہ باطل عقائد اورفاسد نظریات کے سانپ ڈسے بنا نہ رہیں گے۔
۳۔ محرم کے بغیر ہرگز ہرگز گھر سے باہر نہ نکلیں خواہ سفر مختصر ہی کیوں نہ ہو۔
اللہ تعالی آپ کی آمدہ ازدواجی زندگی میںخوب خوب برکت عطا فرمائیں۔