ایمان وعمل کی بہاریں

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
ایمان وعمل کی بہاریں
متکلم اسلام مولانا محمد الیاس گھمن
مالک ارض وسما کے بے پایاں انعامات کا شکر کیونکر اداہوجس نے ہماری کاوشوں کو اپنے فضل وکرم سے قبولیت سے نوازا،بے شک وہ بہت نوازنے والا ہے۔ تعلیمی اداروں میں موسم گرماکی تعطیلات کے ساتھ ہی ملک کے طول وعرض میں صراط مستقیم کورسز کا آغاز ہوگیا، ہمارے مخلص رفقاءکی شبانہ روزانتہائی محنت نے اپنارنگ دکھاناشروع کیا۔ بحمد اللہ تعالی کراچی، لاہور، پشاور، راولپنڈی اورفیصل آباد جیسے گنجان آباد شہروں سے لے کردوردراز کے دیہاتوں تک اس کورس کو پڑھانے کے لیے مراکز قائم ہوئے۔
اسکولز،کالجز، مدارس،مساجد ،گھر، بیٹھکیں،ڈیرے کون سی ایسی جگہ ہے جہاں تعلیم وتعلم کی یہ محفلیں نہ جمائی گئیں۔ہماری بہنوں کی دلچسپی اور توجہ کایہ عالم کہ اس مرتبہ خواتین کے حلقہ جات کی تعداد مردوں سے کہیں بڑھ گئی۔ مکتبہ اہل السنة والجماعة کے منتظمین کو صراط مستقیم کورس کی کتب کے لیے تقاضوں پر تقاضے آرہے تھے اور یہ حضرات مسرت بھری حیرانی میں گم تھے کہ کیاکریں؟ جتنی کتب چھپوائی جاتیں فوراً ختم اور تقاضے بدستور!اللہ تعالیٰ جزائے خیر عطاکریں” احناف میڈیا سروس“کی باہمت ٹیم کو جنہوں نے دن رات میں فرق روا رکھے بغیر صراط مستقیم کورس کی کتب، اشتہارات اور متعلقہ موادکو طباعت واشاعت کے مراحل سے گزار کرباوقت ہر جگہ پہنچانے کا انتظام کیا۔تادم تحریر تقاضے جاری ہیں اور ان باہمت، مخلص اور قابل رشک نوجوانوں کی محنت وکاوش بھی!
علم دین سیکھنے سکھانے کی ان مبارک محفلوں میں اسکولز،کالجزاوریونیوسٹیز کے طلبہ وطالبات کے ساتھ ساتھ سفید ریش بزرگ اور عمر رسیدہ خواتین بھی شریک ہیں اورکیوں نہ ہوںکہ دین دیکھنا سکھانا کسی خاص عمر کا پابندنہیں کہ ہمارے حبیب پیغمبر ﷺ نے فرمایاہے:
”اطلبو العلم من المہد الی اللحد۔“
کہ ماں کی گود سے لے کر قبر کے کناروں تک علم حاصل کرو۔
ہمارا ریکارڈ بتا رہا ہے کہ اس سال ملک بھرمیں ایک ہزار سے زیادہ مقامات پر یہ کورس منعقد ہورہا ہے جب کہ گذشتہ سال یہ تعداد تقریباً850تھی۔ یہ بڑھتی ہوئی تعداد جہاں اس کورس کی عندا للہ مقبولیت پر دلیل اور ہمارے قلوب کے اطمینا ن کا باعث ہے تو دوسری طرف ہمارے ان دوستوں کے لیے دعوت فکر کاسامان بھی ہے جو صبح شام یہ کہتے نہیں تھکتے کہ” جی!لوگوں میں دین پڑھنے پڑھانے کا جذبہ ہی نہیں رہاکیا کریں کوئی پڑھنے ہی نہیں آتا،جی ہمارے پاس کون آئے گا دینی باتیں سیکھنے؟؟ وغیرہ....“ ہم ان تمام احباب کی خدمت میں گذارش کریں گے کہ مایوسی سے باہر نکلیں، کمر ہمت باندھیں اور دین کو سیکھنے سکھانے کا جوجذبہ ہمارے لوگوں خصوصاً ہماری بہنوں میں ہے اس کو خداوندِذوالجلال کا انعام عظیم سمجھتے ہوئے یہ عہد کریں کہ جووقت گذرگیااس کی تلافی کریں گے۔
یادرکھیے!اب بھی وقت ہے موسم گرما کی تعطیلات ابھی نصف سے زیادہ باقی ہیں آئیں ہمارے ساتھ مل کر اپنے پیارے نبی کے دین کو ان لوگوں تک پہنچائیں جو اس کے پیاسے تو ہیں لیکن یہ نہیں جانتے کہ اس کی اصل صورت میں اسے کہاں سے حاصل کریں۔
نہیں ہے نا امید اقبال اپنی کشت ویراں سے
ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی
صراط مستقیم کورس کو کتابی شکل میں منگوانے اور دیگر تفصیلات کے لیے درج ذیل نمبرز پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے دین کی محنت کے لیے قبول فرمائیں۔