خواب اور انکی تعبیر

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
خواب اور انکی تعبیر
مولانا عابد جمشید
خواب میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کرنے کے لیے مجھے کیا کرنا چاہیے؟
ماجدہ خان،DHA لاہور
ماشاءاللہ آپ کا حوصلہ بہت بڑا اورجذبہ بہت بلند ہے اللہ تعالیٰ آپ کو اس مبارک مقصود تک پہنچائیں۔ اس مبارک مقصد کے لیے آپ درج ذیل امور کا پورا پورا التزام کریں:
رات دن میں ہرکام سنت کے مطابق کرنے کی پوری پوری کوشش کرتی رہیں۔ روزانہ سورہ احزاب کی تلاوت کریں، نیز تفسیر معارف القرآن ( مولانا مفتی محمد شفیع صاحب رحمہ اللہ تعالی) میں اس سورت کا ترجمہ اور تفسیر روزانہ کم ازکم آدھا گھنٹہ یکسوئی سے دیکھیں۔ اگر کسی بات کا معنی سمجھنے میں کوئی مشکل درپیش ہو تو اپنے افراد خانہ میں سے کسی مرد کے ذریعے کسی عالم دین سے پوچھ لیا کریں۔
مولانا اشرف علی تھانوی کی سیرت طیبہ پر لکھی ہوئی کتاب” نشر الطیب فی ذکر النبی الحبیب ﷺ“ کا مطالعہ کیا کریںنیز مولانا زکریا صاحب رحمہ اللہ تعالیٰ نے درود شریف کے جو صیغے فضائل درود شریف میں نقل فرمائے ہیں ان کو روزانہ ایک دفعہ باوضو خوشبو لگاکر پڑھ لیا کریں۔حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کی ادائیگی کا اہتمام رکھیں، اگر کچھ کوتاہی ہوجائے تو جلد از جلد اس کی تلافی کریں۔
عبادات میں خشوع و خضوع پیدا کرنے کی کوشش کریں، جسم اور روح کی پاکیزگی کا اہتمام کریں، قلب ونظر، اعضاءوزبان کی حفاظت کریں، شرعی پردہ کا خصوصی خیال فرمائیں۔ بہشتی زیور میں ایک مضمون ہے جس کا عنوان ہے” مرید بلکہ ہرمسلمان کو رات دن اس طرح رہنا چاہیے“ یہ تقریباً دو صفحات کا مضمون ہے، ہفتہ میں ایک مرتبہ اطمینان سے اس کو پڑھ لیا کریں اور اس پر عمل کی پوری پوری کوشش کریں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اورہم سب کو اس سعادت سے بہرہ ور فرمائیں۔ آمین ثم آمین
عرض یہ ہے کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو کوئی خواب میں دیکھے تو اس کا کیا معیار ہے کہ واقعی اس نے رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا؟ اور کیا حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو کوئی انسان مختلف حالتوں میں دیکھتا ہے جیسے (جوان، بوڑھا، مختلف شکلوں میں یا لباسوں میں یا مختلف زبان بولتے ہوئے)، تو کیا یہ مانا جائے کہ واقعی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہیں؟ اور کیا اگر خواب میں صرف آواز آئے اور یہ بتایا جائے یا گمان ہو کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہیں تو کیا وہ صحیح تسلیم ہوگا؟ اور کیا ان کا حکم ماننا لازم ہوگا؟ اور تمام صحابہ اور فرشتوں کو خواب میں دیکھنے کا کیا معیار ہے کہ واقعی حق یا سچ دیکھا؟ اس کا جواب ضرور دیجیے گا۔
ماجدہ خان،DHAلاہور
1۔ اگر کوئی شخص خواب میں حضرت نبی اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کو دیکھتا ہے یا خواب میں آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی آواز سنتا ہے یا خواب میں اس کے گمان وذہن میں آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی زیارت سے مشرف ہونا محسوس ہوتا ہے تو بلاشبہ اس کو زیارتِ رسول اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے شرف سے نوازا گیا ہے، خواب میں اس قسم کی زیارتِ مبارکہ کی احادیث میں ضمانت دی گئی ہے۔ البتہ اگرخواب دیکھنے والا آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے حلیہ مبارکہ کو اس کے برخلاف دیکھے جو سیرت طیبہ کی کتب میں مذکور ہے تو اس کی وجوہات دوسری ہوتی ہیں اور اس طرح کا کوئی معاملہ درپیش ہو تو فوراً کسی معتبر عالم دین سے اس کا مطلب دریافت کر لینا چاہیے۔ تاہم جب خواب میں رسول اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی زیارت ہونا محسوس ہوجائے تو یہ زیارت آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی ہی زیارت ہو گی۔
2۔ اگر خواب میں حضرت نبی اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کوئی حکم ارشاد فرمائیں تو اس کی تفصیل لکھ کر علماءاور مفتی حضرات سے معلوم کرلیا جائے اور پھر جیسے وہ کہیں ویسے اس مبارک حکم پر عمل کیا جائے، اپنی عقل اور سمجھ کو معیار نہ بنایا جائے۔
3۔ اگر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم یا فرشتوں کو خواب میں دیکھاجائے تو اغلب یہی ہے کہ اس قسم کا خواب بھی سچا ہی ہے تاہم خواب دیکھنے والوں کے اعتبار سے تعبیرات بہت مختلف ہوتی ہیں، اس لیے خواب دیکھنے والے کو چاہیے کہ اس کے لیے علماءسے پوچھے بغیر کوئی فیصلہ کن بات اپنے ذہن میں نہ جمائے۔
مولانا صاحب! میں نے کئی بار خواب میں سانپ کو دیکھا ہے اور یہ خواب مجھے ہر چند دن بعد نظر آتا ہے، لیکن سانپ سے مجھے کوئی نقصان نہیں پہنچتا۔ اس کے بعد میں نے کل خواب دوقبریں دیکھیں جو کھلی ہوئی تھیں ایک قبر والا آرام سے سو رہاتھا جبکہ دوسری قبر والا شخص عذاب میں مبتلا تھا۔ میں نے دیکھا کہ میرے کچھ دوست بھی میرے ساتھ ہیں میں نے اپنے دوستوں سے قریب آنے اور اس آدمی کے لیے دعا کرنے کو کہا۔ ہم نے ان کے لیے فاتحہ پڑھی، اس دعا کے بعد فوراً اسے عذاب سے راحت مل گئی۔ اس کا کیا مطلب ہے؟ ریحان عمر، سمندری
نفس اور شیطان آپ کو اطمینان دلانا چاہتے ہیں کہ ناجائز طریقے سے مال کمانے میںکوئی حرج نہیں حالانکہ یہ سراسر غلط ہے،لیکن چونکہ آپ سانپ کے ڈسنے سے محفوظ رہے ہیں اس میں اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کے خصوصی فضل و کرم سے آپ اس شیطانی جال سے محفوظ رہیں گے، اعمال حسنہ کا اہتمام فرمائیں اور مشتبہ چیزوں سے بھی بچتے رہیں۔
دوسرے خواب کی تعبیریہ ہے کہ زندہ لوگوں کے ایصال ثواب سے مردوں کو بہت فائدہ پہنچتا ہے اس لیے آپ اپنے اعزہ و اقارب؛ جواس دنیا سے جا چکے ہیں؛ ان کے لیے ایصال ثواب کرتے رہا کریں اور ان کے لیے کوئی صدقہ جاریہ شروع کروا دیں۔