روحانی علاج

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
روحانی علاج
ابوالسمعان المدنی
بے روزگاری:
جو نفس بھی اس دنیا میں آتا ہے وہ اپنے مقدر کا لکھا ساتھ لے کر آتا ہے پوری کائنات کی تمام مخلوقات کو جس ذات نے پیدا کیا ہے اسی نے ان تمام مخلوقات کے رزق کا ذمہ بھی لیا ہے۔
ارشاد ربانی ہے۔
وما من دابة فی الارض الا علی اللہ رزقھا
۔
”اس زمین پر حرکت کرنے والے ہر جاندار کا رزق اللہ کے ذمے ہے۔ “
اس تمہید کا مقصد اس بات کو ذہن نشین کروانا ہے کہ رازق صرف اللہ تعالی کی ذات ہے۔ اب دوسری بات کی طرف آئیں۔ اللہ تعالی کی ذات بابرکات اگرچہ اس بات پر پوری طرح قادر ہے کہ ہر مخلوق کو گھر بیٹھے اس کے حصے کا رزق پہنچا دے لیکن اس خالق و مالک نے نظام کائنات کو ایک ترتیب سے تشکیل دیا ہے اور اس ترتیب کا تقاضا ہے کہ حضرت انسان ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہ بیٹھ رہے بلکہ خود کو حرکت میں لاکر اس دنیا کی بہتر اور ترقی میں اپنے حصے کا کام کرے۔
ہماری نوجوان نسل کا ایک بڑا حصہ صرف خوابوں اور خیالی منصوبوں کے سہارے زندہ ہے اور عملی طور پر کچھ کرنے کے بجائے ہاتھ پر ہاتھ رکھ کرمنتظرِ فردا ہے، عملی طور پر کوشش کرنے کے بعد دعا کریں اور نتائج کو اللہ تعالی کی ذات پر چھوڑ دیں۔
یاد رکھیں کہ یہ دنیا دار الاسباب ہے اور اللہ تعالی نے ہمیں وسائل و اسباب اختیار کرنے کا مکلف بنایا ہے۔ ہر ممکن وسائل و اسباب اختیار کریں اور پھر اللہ تعالی سے برکت کی دعا مانگیں۔
اگر آپ بے روزگاری اور رزق کی تنگی کا شکا رہیں تو مندرجہ بالا تحریر کو اچھی طرح ذہن میں بٹھا لیں اور اس کے ساتھ ساتھ درج ذیل باتوں کا بھی اہتمام کریں۔
-1 قریبی رشتہ داروں سے اچھا سلوک کریں۔ یاد رکھیں کہ صلہ رحمی سے رزق میں برکت ہوتی ہے اور عمر میں اضافہ ہوتاہے۔
-2 مالی تنگی کے باوجود صدقہ کا اہتمام کریں۔ صدقہ کے لئے ضروری نہیں کہ بہت بڑی رقم ہو بلکہ جتنا آسانی سے ہو سکے صدقہ کر دیا کریں اور اس کو اپنا معمول بنائیں۔ صدقہ سے مال میں ترقی ہوتی ہے۔
-3 شکر ادا کرنے والا دل اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے جس حال میں بھی ہوں اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے رہا کریں۔ شکر سے نعمتوں میں ترقی ہوتی ہے۔ یہ قرآنی فیصلہ ہے۔
-4 ہمیشہ اپنے سے کمتر لوگوں کو دیکھیں۔ اپنے سے زیادہ مالدار اور خوشحال لوگوں کو دیکھنے کے بجائے غریب اور مفلوک الحال افراد کو دیکھیں گے تو دل سے بے اختیار شکر کے کلمات ادا ہوں گے۔ اچھی اور خوشحال زندگی گزارنے کا یہ نبوی نسخہ استعمال کریں اور پر سکون اور مطمئن زندگی کے مزے لوٹیں۔
-5 اگر روز گار نہ ملتا ہوتو درج ذیل عمل کریں۔ ان شاءاللہ بہت جلد غیب سے کوئی نہ کوئی انتظام ہو جائے گا۔
پارہ نمبر 29 میں ایک سورة ہے جس کا نام سورة مزمل ہے۔ یہ سورة رزق کی کشائش کے لئے تیر بہدف نسخے کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس کو درج ذیل طریقے سے پڑھےں۔
دن رات میں کوئی خاص وقت مقرر کرلیں۔ ہرروز اس خاص وقت پر پہلے گیارہ مرتبہ درود شریف پڑھیں پھر گیارہ سو گیارہ مرتبہ ”یامغنی“ پڑھیں۔ اس کے بعد گیارہ مرتبہ سورة مزمل پڑھیں اور آخر میں پھر درود شریف گیارہ مرتبہ پڑھ لیں۔ یہ عمل مسلسل چالیس دن تک کریں۔
ان شاءاللہ اللہ رب العزت غیبی طور پر مدد فرمائیں گے۔