والدین کے حقوق

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
والدین کے حقوق
مولانا عاشق الہی بلند شہری
والدین کے بڑے حقوق ہیں اللہ تعالٰے نے قرآن شریف میں کئی جگہ والدین کے ساتھ اچھا سلوک کرنے کاحکم فرمایاہے اورپندرھویں پارے میں فرمایا:” ماں باپ کواف بھی نہ کہو،نہ ان کوجھڑکو، ان سے تعظیم کے ساتھ بات کرواوران کے آگے عاجزی کابازورحمت کے ساتھ جھکائے رکھو۔ان کے لیے یوں دعاکروکہ اے میرے رب! میرے ماں باپ پررحم فرما ! جیسا کہ انہوں نے بچپن میں میری پرورش کی۔“ آپ ﷺ نے فرمایاہے کہ بڑے گناہ یہ ہیں: 1:کسی کوخدا کے ساتھ شریک کرنا۔2:ماں باپ کوستانا۔3:ناحق کسی کو قتل کرنا۔4:جھوٹی قسم کھانا۔
آپ ﷺ کایہ بھی ارشاد ہے کہ اللہ تعالیٰ کی رضامندی والدین کی رضامندی میں ہے اوراللہ تعالیٰ کی ناراضگی والدین کی ناراضگی میں ہے۔ آپ ﷺ نے یہ بھی فرمایاکہ جو کوئی اپنے والدین کی طرف ایک مرتبہ رحمت کی نظر سے دیکھے گا اللہ تعالیٰ اس کے لیے ہر نظر کے بدلے ایک مقبول حج لکھ دیں گے۔ صحابہ نے پوچھا کہ اگر کوئی سومرتبہ روزانہ رحمت کی نظر سے دیکھے تب بھی یہی اجر ہے؟
آپﷺ نے فرمایا(اس میں کیا شک ہے)اللہ بہت بڑا اورہرعیب سے پاک ہے لہذا تم والدین کی خدمت بڑی خوشی سے کرو، ان کی سختی کوبرداشت کرو،ان کاکہا مانو۔ ہاں اگر شرع کے خلاف کوئی حکم دیں تواس وقت اللہ کے حکم پر چلو، ان کی فرمانبرداری نہ کرو۔