اہل السنت کی نشانیاں

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
اہل السنت کی نشانیاں
مولاناعابد جمشید
اللہ نے قلم سے تقدیرلکھوالی ہے۔
امام اعظم امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ نے اپنے آخری وقت اپنے متعلقین اورشاگردوں کوجمع کرکے اہل سنت کے عقائد بیان کیے اور ان کواہل سنت کی نشانیاں قراردیاان علامات میں سے دسویں علامت یہ ہے کہ ہم اہل السنت والجماعت اس بات کااقرارکرتے ہیں کہ اللہ نے قلم سے صحیفہ تقدیر لکھوا لیاہے۔امام اعظم ابوحنیفہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں :
’’نُقِرُّ بِاَنَّ اللّٰہَ تَعَالیٰ اَمَرَ الْقَلَمَ بِاَنَّ اُکْتُبْ ! فَقَالَ الْقَلَمُ مَاذَا اَکْتُبُ یَارَبِّ؟ فَقَالَ اللّٰہُ تَعَالیٰ اُکْتُبْ مَا ہُوَکَائِنٌ اِلٰی یَوْمِ الْقِیَامَۃِ۔‘‘
ترجمہ: ہم اس بات کا اقرار کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے قلم کو(تقدیر)لکھنے کاحکم دیااورقلم سے فرمایا: اے قلم لکھ قلم نے پوچھا اے میرے رب میں کیالکھوں ؟اللہ تعالیٰ نے ارشادفرمایاقیامت آنے تک جوکچھ بھی ہونے والاہے وہ تمام باتیں لکھ دے۔
امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ ہمارے اس عقیدے کی دلیل اللہ کایہ فرمان ہے۔
وَکُلُّ شَیْئٍ فَعَلُوْہٗ فِی الزُّبُرِ وَکُلُّ صَغِیْرٍ وَّکَبِیْرٍ مُّسْتَطَرْ
(سورۃ القمر9]
ترجمہ: انسان جوبھی عمل کرتے ہیں وہ ان کے نامہ اعمال میں محفوظ کر دیا جاتا ہے اورہرچیز خواہ وہ چھوٹی ہویابڑی وہ لوح محفوظ میں لکھ دی گئی ہے۔
لوح محفوظ کے بارے میں جوروایات منقول ہیں ان کاخلاصہ یہ ہے اللہ تعالیٰ نے اس کو پیدا کر کے جوکچھ ہوچکا اور جوکچھ آئندہ ہونے والاہے وہ تمام کاتمام درج کردیاہے لوح محفوظ کے مندرجات کواللہ تعالیٰ کی ذات گرامی کے علاوہ کوئی دوسرانہیں جانتا۔ ہرانسان جوعمل کرے گا کون نیک بخت ہوگااورکون سیاہ بخت یہ تمام چیزیں لوح محفوظ میں لکھ دی گئی ہیں۔
قلم کی تخلیق نورسے ہوئی اوراسے تمام مخلوقات میں سب سے پہلے پیدا کیا گیا تھا۔ مسئلہ تقدیر کی حقیقت اوراس کے بارے اہل السنت کاموقف گزشتہ اقساط میں لکھاگیاتھا۔اس کے علاوہ مسئلہ تقدیر پر جواعتراضات اورشبہات وارد ہوتے ہیں ان کاجواب بھی وہیں لکھ دیاگیاتھااسے دوبارہ دیکھ لیں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کواپنے حکموں کے مطابق زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائیں۔