انجام گستاخاں

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
انجام گستاخاں
عبدالصمد، بدین
گستاخ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا انجام:۔
سرزمینِ عرب کی تلخ فضائووں میں فاران کی چوٹی پر جب خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم نے اعلان نبوت فرمایاتو پہلا وہ شخص جورحمۃ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم کی گستاخی کے لیے کھڑاہوا وہ’ ’ابولہب‘‘ تھا رب لم یزل نے اس کی تذلیل کے لیے ایک مکمل سورت نازل فرمائی۔
تَبَّتْ یَدَا اَبِیْ لَہَبٍ وَّتَبَّo مَااَغْنٰی عَنْہٗ مَالُہٗ وَمَاکَسَبَo سَیَصْلٰی نَاراً ذَاتَ لَہَبٍ وَّامْرَأَ تُہٗ ط حَمَّالَۃَ الْحَطَبِo فِیْ جِیْدِ ھَاحَبْلٌ مِّنْ مَّسَدٍo
اور پھرارض وسماء نے اس بدبخت کاعبرتناک انجام دیکھا۔
گستاخ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کاانجام:۔
اروی بنت اویس نامی ایک مکارعورت نے صحابی رسول صلی اللہ علیہ وسلم حضرت سعید بن زید رضی اللہ عنہ پریہ جھوٹا الزام لگایاکہ انہوں نے اس کی زمین غصب کی ہے اس پرحضرت سعید بن زیدرضی اللہ عنہ نے بددعاکی کہ الٰہی اگریہ عورت جھوٹی ہے تواس کی آنکھیں پھوڑ دے اور اس کو اسی زمین میں موت دے۔تاریخ گواہ ہے کہ پھریہ عورت اندھی ہوئی اوردیواروں کوٹٹول ٹٹول کرچلاکرتی تھی اور اسی زمین میں ایک کنویں میں گرکر مر گئی۔
[ملخص از مشکوۃ،546]
امام اعظم نعمان بن ثابت ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے گستاخ کاانجام:۔
مسلک غیر مقلدیت مولانادائود غزنوی کے والد مولاناعبدالجبار غزنوی کے درس بخاری میں ایک طالبعلم نے کہہ دیا:’ ’ نعمان بن ثابت امام ابوحنیفہ کوفقط پندرہ حدیثیں یادتھیں مجھے ان سے زیادہ حدیثیں یادہیں۔ ‘‘ مولانا عبدالجبار غزنوی کاچہرہ غصہ سے سرخ ہوگیااس کو حلقہ درس سے نکال دیا اورمدرسہ سے بھی خارج کردیااورکہاکہ اس شخص کاخاتمہ دین حق پر نہ ہو گا ابھی اس واقعہ کوایک ہفتہ بھی نہ گزراتھاکہ وہ طالب علم مرتد ہوگیا۔
[ملخص سوانح مولانادوائود غزنوی ص384]
امام الاولیاخواجہ نظام الدین اولیاء رحمۃ اللہ علیہ کے گستاخ کاانجام:۔
سلطان قطب الدین مبارک خلجی خواجہ سے بعض بے بنیاد شبہات کی وجہ سے بدظن تھا آپ رحمہ اللہ کوکھلم کھلا برا بھلاکہتا اورایذا رسانی کی مساعی میں رہتااس وقت شاہی دربارکی رسم ہوا کرتی تھی کہ نئے چاند کی مبارک باد دینے تمام ائمہ ومشائخ شاہی دربارمیں آیاکرتے تھے لیکن خواجہ صاحب اپنے نمائندہ کو بھیجا کرتے تھے۔ بادشاہ نے تیش میں آکر حکم دیاکہ’’ اگر آئندہ ماہ بھی خواجہ صاحب خود نہ آئے توپھرہم خود بلوا لیں گے جیسے ہم بلوایا کرتے ہیں۔ ‘‘خواجہ صاحب کوجب اس کی اطلاع ملی توسنی ان سنی کردی۔
ایک ولی خداکی شان میں نازیباالفاظ کہنے والے اس گستاخ کاانجام عالم دنیانے دیکھاکہ جس رات نیاچاند دکھائی دیناتھااسی رات بادشاہ کے محبوب غلام نے اس کاسرکاٹ کر رکھ دیا۔
[ملخص از سلاطین دھلی کے مذہبی رجحانات]
آج وہ لوگ جنہوں نے خاتم النبیین والمعصومین صلی اللہ علیہ وسلم یاان کے اصحاب یاآل یاامام اعظم یادیگر اولیاء اللہ اکابرین علماء کی گستاخی کواپنا شعار بنا لیاوہ اپنے انجام کومدنظر رکھتے ہوئے گستاخیوں سے تائب ہوں اورعلماء حق اہل السنت والجماعت سے وابستہ ہوجائیں
امین بجاہ النبی الذی حی فی قبر وسامع بصلا تناعند القبر