روشنی

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
روشنی
میاں محمد ابو ذر
والدمحترم کی زندگی کے اس خاص پہلو پر روشنی ڈالنے کا مقصد صرف یہ ہے کہ لوگوں پر یہ امر منکشف ہو جائے کہ تائید غیبی اللہ کے نیک بندوں کی پُشت پر ہوتی ہے۔ نیک لوگوں سے غیر طبعی حالات کا بدونِ اسباب ظہور پذیر ہونا سحر یا کہانت نہیں ہے بلکہ اللہ تعالیٰ اپنے خاص بندوں کی برگزیدگی اور ارفع مقام ظاہر کر کے کرامت عطا فرماتے ہیں جو کہ خدائی فضل ہوتاہے اور اس میں نہ تو بندہ کا عمل دخل ہوتاہے اور نہ ہی وہ فن شعبدہ بازی کا نتیجہ ہوتاہے۔ عا م انسان آنکھ کے ذریعے حالات کا مشاہدہ کر تاہے جبکہ بندہ مومن قلب کے نور سے دیکھتا ہے اور حالات کو پرکھتاہے۔ اللہ پاک اپنے نیک بندوں کو بصیرت قلبی عطا فرماتے ہیں۔ جیسا کہ سورۃ بقرہ میں ارشاد باری تعالیٰ ہے ’’ کہ وہ جس کوچاہتاہے دانائی بخشتا ہے اور جس کو دانائی مل گئی اُس کو بڑی نعمت مل گئی۔ ‘‘(آیت نمبر269]
حدیث شریف کا مفہوم ہے: ’’ مومن کی فراست سے ڈرو کہ وہ اللہ کے نور سے دیکھتاہے۔‘‘
عمر نہ پوچھ اِن خرقہ پوشوں کی ارادت ہو تودیکھ
ان کویدبیضا لیے پھرتے ہیں اپنی آستینوں میں
قرآن پاک کی سورۃ بقرہ ’’ آیۃ الکرسی ‘‘ میں ارشاد باری تعالیٰ ہے۔
’’وَلاَ یُحِیْطُوْنَ بِشَیْ ئٍ مِّنْ عِلْمِہٖ اِلَّا بِمَاشَآئَ‘‘
(آیت نمبر255]
ترجمہ: ’’ اور اللہ تعالیٰ کی معلومات میں سے دسترس حاصل نہیں کر سکتے مگر جس قدر وہ اللہ چاہتاہے۔ ‘‘
موخر الذکر فوت ہونے سے پہلے محترم والد کا یہ فرمانا کہ بیٹا! دیکھنا اگر میرے مرنے کے بعد لوگ میری اچھائی بیان کریں تو اللہ کا شکر کرنا اور اگر معاملہ اس کے برعکس ہوتو میرے لیے مغفرت کی دُعا کرنا۔
والد محترم کی تمام زندگی پر محیط یہ ایک الہامی ارشاد ہی نہیں بلکہ اُن کے فوت ہونے کے بعد اُن کے جنازے کے مناظر، لوگوں کے ہجوم بیکراں، محبت اور کیفیات کے جذبات بھی ان کی نیک زندگی کی ترجمانی کرتے ہیں۔ انہی نیک بندوں کے حالات سے یہ ثابت ہو تاہے کہ جو اپنی خواہشات کو اللہ کی مرضی اور عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر قربان کر دیتاہے تو اللہ تعالیٰ سارے عالم کو اِس کے لیے مسخر کر دیتے ہیں۔
اپنے حضرات کے حکم پر یہ بیڑہ اُٹھا رہا ہوں کہ والد محترم اور اکابرین دیوبند کی زندگی کے خفیہ گوشوں سے آپ لوگوں کو آگاہ رکھ سکوں تا کہ آنے والی نسلیں اپنے اکابرین کے ملفوظات سے بہرہ مند ہوں اور مستقبل میں ہماری زندگی اکابرین کے افکار سے منور ہو۔ ان شاء اللہ آپ آئندہ ماہ کے شمارے میں (روشنی ) کے نام سے سلسلہ وار مضمون پڑھیں گے جو دلچسپ اور فکرانگیز ہوگا۔ آپ حضرات سے درخواست ہے کہ دُعا فرمائیں اللہ کریم اس نیک کام میں میری مدد و نصرت فرمائے اور اکابرین کے ملفوظات کو ہمارے لیے وجہ بخشش اور کارِ ہدایت بنائے۔ (آمین ]