ایسا فون مت سنیے گا

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
ایسا فون مت سنیے گا
راحیلہ ہمدانی
ٹرن ٹرن ٹرن۔۔ میرا موبائل فون بجے جا رہا ہے۔ اس کی وجہ میرا اتنا بیمار ہونا نہیں ہے کہ میں فون تک نہ اٹھا سکوں۔ اس کی وجہ----- لیکن ٹھہریں پہلے میں اس ساری بات کی تفصیلات بتاتی ہوں۔
ابھی دس دن پہلے صبح نو بجے کے قریب فون آیا کہ میں ٹیلی نار کے آفس سے بول رہا ہوں۔ اتنے میں مشعل نے آکر اپنے ایک سنگین مسئلے سے آگاہ کیا کہ وہ لان میں جانا چاہتی ہیں۔ میں نے اقرار میں سر ہلایا کہ وہ جا سکتی ہیں۔ لیکن گرل بند ہے ماما، ساتھ میں ایک چوں چوں۔ میں نے اشارے سے کہا کہ رابعہ سے کہو کھول دے گی۔ ادھر ٹیلی نار والے صاحب نےجھلائےہوئے لہجے میں کہا کہ آپ ذرا بچوں کو ادھر کر دیں آپ کو ایک اہم بات بتانی ہے۔ خیر اتنی دیر میں گرل کھلی اور وہ روانہ ہوئیں۔
حالات ایسے ہوئے کہ اہم امور پہ بات کی جا سکے۔ سو، میں نے ان موصوف سے دریافت فرمایا کہ کیا بات ہے؟ کہنے لگے کہ میں اسلام آباد سے ٹیلی نار کے ہیڈ کواٹر سے بات کر رہا ہوں جی۔ آپ کا سم نمبر ہمارے پاس موجود تھا جی اور ہم نے ایک قرعہ اندازی کی تھی، جی، جس میں آپ کے نمبر کو پہلا انعام ملا ہے جی۔ یہ دس لاکھ کا انعام ہے ، ہیں جی۔ مجھے اس کی آواز اور انداز گفتگو سے احساس ہوا کہ کوئی خاصہ کم پڑھا لکھا شخص ہے۔ کسی کمیونیکشن محکمے کا شخص ایسے غیر پیشہ ورانہ انداز میں بات نہیں کریگا جی۔ یہ تو کوئی فراڈ ہے، ہیں جی۔
میں نے بات ٹالنے کے لئے کہا 'اچھا تو اب مجھے کیا کرنا ہوگا'۔ جواب ملا۔ آپ کو جی، اب میں جیسے ہی نمبر آپ کا بند کروں گا جی، تو یہ کرنا ہوگا کے کہ اپنی سم نکال کر اس کا نمبر دیکھیں، ہیں جی۔ پھر انہوں نے مجھے ایک نمبر لکھوایا کہ یہ آپ کا نمبر ہوگا۔ آپ کے پاس ہمارا کنٹیکٹ نمبر تو آگیا ہوگا جی، اسی نمبر پہ پندرہ منٹ کے اندر فون کر کےسم نمبر کے صحیح ہونے کی اطلاع دیں، ہیں جی۔ انعام حاصل کرنے کا طریقہ آپ کو بتا دیا جائے گا جی۔ یاد رکھیں پندرہ منٹ کے اندر فون کرنا ہے ورنہ پھر آپ کو مشکل ہوگی، جی۔
مشکل ہوگی میری بلا سے، میں نے ان کے احکامات پہ عمل کرنا وقت کا زیاں سمجھا۔ اور سمجھا کہ ایک چپ ہزار بلا ٹالتی ہے۔ اب دس دن بعد آج پھر ایک فون آیا۔ اوجی میں ٹیلی نار کے آفس سے بات کر رہاہوں، جی۔ اچھا اور میرا کوئی انعام نکل آیا ہے، میں نے ایک کامیاب اندزہ لگایا۔ جی، آپ کا پانچ لاکھ کا انعام نکل آیا ہے، جی۔ اچھا تو، مجھے نہیں لینا یہ انعام اپنے پاس رکھیں۔ ان کے ارمانوں پہ لٹرز کے حساب سے اوس ڈالتے ہوئے، میں نے بھنا کر لائن کاٹ دی۔ بیس سیکنڈ بعد پھر موبائل فون بجا۔
میں نے سوچا اب اس دفعہ کچھ تفصیلات لے لیتی ہوں شاید اس طرح جان چھٹ جائے۔ لیکن اب یہ کوئی اور صاحب تھے، البتہ نمبر وہی تھا۔ انہوں نے نہایت دلبرانہ انداز میں کہا۔ کیہ حال ایہہ۔، کیا کر رہے ہو آپ۔ آپ کو کس سے بات کرنی ہے یہ بتائیے۔ جی آپ ہی سے بات کرنی ہے، پوچھنا تھا ایسی کیا مصروفیت ہے، جناب۔ اب کیا کہوں الو کے۔۔۔۔ تجھے اٹھ کھیلیاں سوجھی ہیں ہم بیزار بیٹھے ہیں۔ لیکن نہیں الو کے۔۔۔۔۔ کہنا تو غیر مہذب ہونے کی علامت ہے۔ میں اپنے مہذب ہونے کا ثبوت دیتی ہوں اور خاموشی سے لائن کاٹ دیتی ہوں۔ یہ فون اب بھی بج رہا ہے۔ ٹرن ٹرن۔ اس کی وجہ تو آپ جان چکے ہوں گے۔