اچانک مہمان آجائیں تو

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
اچانک مہمان آجائیں تو…..
عائزہ بتول ، فورٹ عباس
جی جناب! گھر میں لمبی تان کے بیٹھے ہو اور اچانک مہمان آجائیں تو…؟ مہمان بھی ایسے جنہیں کھانے کے بغیر رخصت کرنے کا سوال ہی نہ ہوتو کیا کریں گے؟اچھا! بازار سے کھانا لے آئیں گے؟ لیکن اگر بازار بند ہو چکا ہو تو پھر؟۔ ایک حل تو میں نے یہ نکال رکھا ہے کہ چکن کو نمک لگا کر تھوڑی دیر چھوڑ کر تل لیتی ہوں اور مناسب پیکٹ بنا کر فریز کر دیتی ہوں۔ اسی طرح کوفتے بھی بنا کر کچے فریز کر دیتی ہوں یہ کام کوفتہ مسالہ کی مدد سے بھی ہو سکتا ہے۔تیسرا حصہ اس کا یہ ہے کہ باریک کٹی ہوئی پیاز تل کر نچوڑ کر رکھتی ہوں،وہ بھی محفوظ رہتی ہےاور چوتھا یہ کہ لہسن ادرک پیسٹ بنا کر رکھتی ہوں۔ اب جناب اگر اچانک کھانا بنانا پڑ جائے تو فٹافٹ چکن یا کوفتے نکال کر مائیکرو ویو میں رکھیں۔ اسی دوران پیاز اور ٹماٹر بلینڈر میں ڈالیں۔ تھوڑی دہی ڈالیں،جو کہ ہر وقت گھر میں ہوتی ہی ہے۔نمک مرچ ڈالیں اور ذرا سا پانی اب 1 منٹ بلینڈر چلائیں اور ساتھ تیل گرم ہونے رکھ دیں۔ پسا ہوا مسالہ اس میں ڈال دیں۔اگر زیادہ پانی نہ ڈالا ہو تو یہ مسالہ 10 منٹ میں بھن جاتا ہے یعنی تیل اوپر آجاتا ہے۔ اب کوفتے یا چکن اس میں ڈالیں 2-4 منٹ اس میں مکس کریں پھر اگر چکن ہے تو وہ تو پکا پکایا ہے، اس میں شوربہ ڈال دیں حسب ضرورت اور اگر کوفتے ہیں تو دم پر رکھ دیں۔ یہ بھی دس منٹ میں بھن جائیں گے یعنی پکنے کی مہک، اوپر آیا ہوا تیل اور کوفتوں کا رنگ گواہی دے گا۔بس اب اس میں شوربہ ڈال سکتے ہیں۔اب 5-7 منٹ شوربہ پکا کر یہ سرو ہو سکتا ہے۔ ارے روٹی؟ وہ تو بازار سے مل ہی جائے گی، ہر جگہ ملتی ہے نا۔