خاک نشینوں کا لہو تھا

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
خاک نشینوں کا لہو تھا ……
متکلم اسلام مولانا محمد الیاس گھمن
مسلمانان عالم کی حیثیت آج بازیچہ اطفال سے زیادہ نظر نہیں آتی۔ ساری دنیا میں اہل اسلام کا تمسخر اڑایا جا رہا ہے مسلم خواتین کو تشدد کا نشانہ جبکہ معصوم بچوں اور بچیوں کو بڑی بے رحمی سے تہ تیغ کیا جارہا ہے۔
ایسے پر آشوب حالات میں حکمت عملی کی تدابیر اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ رجوع الی اللہ کی بھی از حد ضرورت ہے وطن عزیز پاکستان میں قتل وغارت گری ، فساد وبربریت اورانارکی اس قدر بڑھ رہی ہے کہ الامان والحفیظ
دارالعلوم کراچی پر چھاپہ ، اشرف المدارس کراچی پر پولیس اور رینجرز کا دھاوا اور احسن العلوم کراچی کے طلباء کی شہادت اور اس پر غیر منصفانہ طرز عمل اپنے اندر بہت سے سوالات لیے ہوئے ہے کہ عالمی استعماری اور طاغوتی طاقتوں کے ایجنڈے کی ایک شق مدارس کو مٹانے پر مبنی ہے وغیرہ وغیرہ
ان طلباء کی جگہ اگر کو تعلیم حاصل کرنے والی ”ملالہ “ ہوتی تو چیختی چنگھاڑتی اخباری سرخیاں ، عالمی ذرائع ابلاغ کا بے ہنگم شور شرابا ، سیاسی بیان بازیاں ، ہمدردیاں اس وقت عروج پر ہوتیں۔ لیکن علوم نبوت کے حاملین دن دیہاڑے قتل کر دیے گئے کوئی پوچھنے والا نہیں ، علماء کو سرے عام چلتے راہوں پر بے دردی سے موت کے گھاٹ اتار دیا جاتا ہے۔ تعلیم تعلیم کا ڈھنڈورا پیٹنے والے بلکہ ”تعلیم “کے بت کی پوجا کرنے والے کسی ”علم دوست“ کے ماتھے پر سلوٹ نہیں آئی۔
یہ کیا ماجرا ہے کیا ان علماء کے وارثین کے ساتھ…… جنہوں نے فرنگی اقتدار سے لے کر فرنگی تہذیب تک کو دیس نکالا دیا تھا اور ایک آزاد ملک ہمارے حوالے کیا تھا ……یہی سلوک روا رکھا جائے گا !!!!
اگر ہم مدارس بنا سکتے ہیں۔ اس میں قرآن کی تعلیم دے سکتے ہیں ، علوم حدیث ، اصول حدیث ، فقہ اور اصول فقہ کو پڑھا سکتے ہیں ، تعلیم وتربیت کے ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہوسکتے ہیں تو ہم مدارس کو بچانا بھی اچھی طرح جانتے ہیں۔
شاید ہماری تعلیمی مصروفیات اور ہمارے حب الوطنی کے جذبے کو بزدلی اور بے حمیتی کا نام دیا جا رہا ہے۔ اگر ایسا ہے تو پھر ہم اپنے طلباء کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے اسمبلی ہال کا گھیراؤ کریں گے۔ ہمارے بزرگوں، مدارس کے مہتمم حضرات اور وفاق المدارس کے ذمہ داران کا اس بارے میں جو لائحہ عمل ہوگا اس کے لیے ہم ہر وقت تیار بیٹھے ہیں۔ اشرف المدارس کراچی اور احسن العلوم کراچی کے ذمہ داران حضرات خصوصاً صاحبزادہ حکیم محمد مظہر اور مفتی محمد زرولی ادام اللہ ظلہم کے ہر حکم پر لبیک کہتے ہوئے صاد کریں گے۔ شہید طلبا تو ابدی کامیابوں کو حاصل کر گئے اللہ ان سے راضی ہو۔
؏ خاک نشینوں کا لہو تھا رزق خاک ہوا
والسلام محمد الیاس گھمن