تبصرۂِ کتب

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
تبصرۂِ کتب
مولانا محمد کلیم اللہ
نام کتاب: حضرت عائشہ صدیقہ کی مجلس کے سو پھول
مؤلف: مولاناقاضی محمد اسرائیل گڑنگی
ملنے کا پتہ : مکتبہ انوار مدینہ ، مانسہرہ 03023501755
مولانا محمد اسرائیل گڑنگی کا نام علمی دنیا میں جانا پہچانا ہے آپ تصنیفی ذوق کے حامل انسان ہیں۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی زیر ِتبصرہ کتاب بھی ہے۔
نبی آخر الزمان حضر ت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے روحانی باپ ہیں اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواجِ مطہرات بنص قرآنی وازواجہ امہاتہم ہماری مائیں ہیں۔ اولاد کی تربیت میں جہاں باپ کی شفقتیں مطلوب ہوتی ہیں وہاں” ماں“ کی نصیحتیں بھی درکار ہوتی ہیں۔حضرت عائشہ صدیقہ ہماری” ماں“ ہیں۔ آپ کی بے شمار ایسی فضیلتیں ہیں جو آپ کو دیگر امہات المومنین سے نمایاں کرتی ہیں۔ ان میں سے ایک یہ بھی ہے کہ آپ جہاں رونق افروز ہوتی تھیں اور جس حجرہ مبارکہ میں اپنی زندگی رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی معیت میں بسر کی، اسی حجرہ کو نبوت جنت کا درجہ دے کرخود اس میں قیامت تک سکون پذیر ہوگئے۔ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے فرامین مبارکہ کتب حدیث میں بکثرت موجود ہیں۔ مؤلف موصوف نے ان میں سے 100 سے کچھ زائد فرمودات کو یکجا کر دیا ہے۔ آج مسلمان کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات اپنانے کی بے حد ضرورت ہے اور تعلیمات نبوت کو ہماری ماں حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نے کس خوبصورت پیرائے میں بیان کیا ہے ؟ اس کا اندازہ زیر تبصرہ کتاب پڑھ کر بخوبی سمجھ آسکتا ہے۔