خدا کی کرم نوازی

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
خدا کی کرم نوازی
ارحم کریم
نماز کا ٹائم تھا اور میں مسجد کی طرف جا رہا تھا.. رستے میں دو دوست اور ساتھ مل گئے.. وہ کسی موضوع پہ بات کرتے آ رہے تھے.. میں نے سلام کیا اور ان کے موضوع کو جاری رکھنے کا کہہ کر چپ چاپ ان کے ساتھ چل پڑا..ان میں سے ایک کہنے لگا.. "میں ایک بار ٹرین کے سفر پہ تھا.. راستے میں ٹرین ایک سٹیشن پہ رکی تو میں کچھ کھانے پینے کے لیے نیچے اترا.. ایک سٹال والے سے چاولوں کی پلیٹ خریدی اور ادھرہی کھانے لگ گیا.. چاول کھا کے پلیٹ واپس کی اور پیسے دے کے واپس مڑا تو ایک سائل عورت نے فریاد کی کہ اے بابو ! صبح سے کچھ نہیں کھایا پیا. . خدا کے نام پہ کچھ کھانے کو لے دو نا..میں نے اسی سٹال سے ایک پلیٹ چاولوں کی خریدی اور اس کو دی. اسی لمحے ٹرین کی وسل سنائی دی اور میں بھاگ کے ٹرین میں سوار ہوا اور اپنی سیٹ پہ جا کے بیٹھ گیا.. ٹرین نے آہستہ آہستہ چلنا شروع کیا تو اچانک میری نگاہ باہر پڑی تو میں مسکرا دیا.. کیونکہ باہر وہی عورت سٹال والے کو چاولوں کی پلیٹ واپس کر کے 50 کا نوٹ لے رہی تھی..!میں نے سوچا واقعی دنیا بہت فاسٹ ہو گئی ہے اور اس ملک نے کیا خاک ترقی کرنی جہاں ایک سائل بھی داؤ لگانے سے باز نہیں آتا.. لیکن اسی طرح ایک اور سفر کے دوران میں سٹال پہ کھڑا کھانا کھا رہا تھا کہ ایک خستہ حال سائل میرے پاس آیا اور کہا.. بیٹا ! دو دنوں سے کچھ نہیں کھایا.. رب کے نام پہ کھانا کھلا دو.. میں نے سٹال والے سے ایک اور کھانا لے کے اس خستہ حال سائل کو دیا تو وہ ایسے کھانے پہ ٹوٹ پڑا جیسے صدیوں سے کچھ نہ کھایا پیا ہو۔اسے یوں کھاتا دیکھ کے میری نگاہیں اوپر کی جانب اٹھیں کہ واہ مالک ! تیرے اپنے ہی رازہیں سارے! کوئی حقیقت میں بھوک کا مارا ہوتا ہے اور کوئی بھوک کی آڑ میں حرص کا مارا ہوتا ہے.. اگر میں اس سائل عورت والے واقعہ کو ذہن میں رکھتے ہوئے تیرے اس بندے کو کچھ نہ کھلاتا تو نجانے بیچارا اور کہاں کہاں مانگتا پھرتا۔
مسجد آگئی تھی اور اس کی گفتگو ختم ہو گئی تھی.. میں وضو کرتےہوئے سوچ رہا تھا کہ اللہ رب العزت آپ کے در پہ سوالی آپ کی اوقات دیکھ ہی بھیجتا ہے.. اسے اللہ رب العزت کی کرم نوازی سمجھنا چاہیے کہ اس نے اپنی مخلوق کی حاجت پوری کروانے کے لیے آپ کے در کو سعادت بخشی ہے۔
اللہ رب العزت ہمیں اپنے دیےہوئے رزق سے صدقہ و خیرات کرنے کی توفیق عطا فرمائے.. آمین۔