عقیدہ 65:
متن:
وَالْمُؤْمِنِيْنَ كُلُّهُمْ أَوْلِيَاءُ الرَّحْمٰنِ وَأَكْرَمُهُمْ عِنْدَ اللهِ أَطْوَعُهُمْ وَأتْبَعُهُمْ لِلقُرْآنِ .
ترجمہ: سارے ایمان والے اللہ تعالیٰ کے دوست ہیں لیکن اللہ کے نزدیک سب سے زیادہ عزت والا وہ ہے جو زیادہ فرماں بردار ہو اور قرآن کی زیادہ اتباع کرنے والا ہو۔
شرح:
ولایت کی دو قسمیں ہیں:
1: ولایت عامہ ۔ یہ تمام مؤمنین کو حاصل ہے۔ ارشاد باری ہے:
﴿اَللّهُ وَلِيُّ الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا يُخْرِجُهُمْ مِّنَ الظُّلُمٰتِ اِلَى النُّوْرِ﴾
(البقرۃ: 257)
ترجمہ: اللہ ایمان والوں کا دوست ہے انہیں اندھیروں سے نکال کر روشنی کی طرف لاتا ہے۔
2: ولایت خاصہ۔ یہ متقین کو حاصل ہے۔ ارشاد باری ہے:
﴿اِنْ أَوْلِيَاۗؤُهٗٓ اِلَّا الْمُتَّقُوْنَ﴾.
(الانفال: 34)
ترجمہ: اللہ کے دوست متقین لوگ ہی ہیں۔
اللہ تعالیٰ کے نزدیک مقام ومرتبہ کا معیار شریعت کی اتباع ہے۔ جو شخص جتنا زیادہ متبع شریعت ہو گا اتنا اللہ کے ہاں عزت ومرتبہ کا حقدار ہو گا۔