باہمی تنازعات کا سدباب

User Rating: 5 / 5

Star ActiveStar ActiveStar ActiveStar ActiveStar Active
 
باہمی تنازعات کا سدباب
متکلم اسلام مولانا محمد الیاس گھمن
معاشرہ روز بروز باہمی فسادات کے ایک نئے تناظر اور آپس کی لڑائیوں کی دلدل میں پھنستا چلا جا رہا ہے۔ آئے روز اخبارات جس چیز کی ”نوید“ سناتے ہیں، کلیجہ اسے پڑھ کر کانپ اٹھتا ہے۔ ایک دوسرے کو برداشت نہ کرنا اور چھوٹی چھوٹی باتوں پر انتقام کی آگ کا بھڑک اٹھنا وہ عفریت ہیں جن کی تسکین یا تو خنجر کرتا نظر آتا ہے یا پھر گولی۔ حال ہی ایک اخبار پر یہ خبر پڑھنے کو ملی: ”تنخواہ مانگنے پر زمیندار کا باپ بیٹے پر تشدد، والد دم توڑ گیا“ اور اس سے چند روز پہلے یہ خبر لرزہ جان ثابت ہوئی: ”گھریلو جھگڑا: مان نے دو کمسن بچوں کو قتل کر کے خود سوزی کر لی۔“
ہم ایک اسلامی معاشرہ کے فرد ہیں، اسلامی تعلیمات سے اپنے آپ کو بہرہ ور جانتے ہیں۔ کیا وجہ ہے کہ اسلام جس برداشت، معافی اور سلامتی کی تعلیم دیتا ہے ہم اس سے بے بہرہ ہوتے جا رہے ہیں؟ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان محفوظ ہوں۔
(صحیح بخاری)
حقیقت میں وہ شخص مسلمان کہلانے کا مستحق ہی نہیں جس کے ہاتھ سے دوسرے کی جان و مال اور زبان سے عزت و آبرو محفوظ نہ ہو۔ بلکہ آپ صلی اللہ علیہ و سلم اس سے بڑھ کر ان آفتوں کی نشاندہی فرما کر ان سے بچنے کی تاکید بھی فرمائی جو باہمی لڑائی جھگڑوں کا سبب بنتی ہیں۔ چنانچہ حدیث نبوی ہے: مومن طعنہ دینے والا نہیں ہوتا، لعنت کرنے والا نہیں ہوتا، فحش کلامی کرنے ولا نہیں ہوتا اور بد کاری کرنے والا نہیں ہوتا۔
(جامع ترمذی)
ضرورت اس بات کی ہے کہ
”المسلم اخو المسلم“
(مسلمان مسلمان کا بھائی ہے) کی اصل روح کو معاشرے میں اجاگر کیا جائے، تعلیمات اسلامیہ کو اپنی زندگیوں میں لایا جائے، برداشت کا مادہ پیدا کیا جائے، باہم محبت، بھائی چارہ، حسنِ سلوک، ملنساری، خندہ پیشانی جیسی صفات کو عام کیا جائے تو یقیناً معاشرے کے اس فساد پر کافی حد تک قابو پایا جا سکے گا اور ہمارا معاشرہ صحیح معنوں میں اسلامی معاشرہ کہلائے گا
امام اعظم ابو حنیفہ رحمہ اللہ سیمینار
حسب سابق اس دفعہ 26 مئی 2013ء کو اسلام آباد میں چوتھا سالانہ ” امام اعظم ابو حنیفہ نعمان بن ثابت رحمہ اللہ سیمینار“ منعقد ہو رہا ہے۔ سیمینار فقہائے کرام کی کاوشوں ان کی دین حق کی خدمت میں کی جانے والی جانفشانی، عرق ریزی کے تعارف اور ان امت مسلمہ کی محسن شخصیات بالخصوص امام اعظم ابو حنیفہ رحمہ اللہ وغیرہ پر کئے جانے والے اعتراضات اور ان کے بارے میں پھیلائے جانے والے شبہات کا حقائق اور دلائل کی روشنی میں جائزہ لیا جاتا ہے۔ پابندی وقت کو ملحوظ خاطر رکھیں۔ اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ اس سلسلہ میں ہماری جماعت اتحاد اہل السنت والجماعت پنجاب کے نائب امیر مولانا شفیق الرحمان آف راولپنڈی مسئول ہیں ان سے رابطہ کر کے اس سیمینار میں شرکت کریں۔
نوٹ: ” امام اعظم رحمۃ اللہ سیمینار“ میں داخلہ بذریعہ انٹری کارڈ ہو گا۔
برائے رابطہ:0332-5279592