نواں سبق

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
نواں سبق
[1]: پانچ باتوں کاعلم اللہ ہی کے پاس ہے
﴿اِنَّ اللهَ عِنْدَهٗ عِلْمُ السَّاعَةِ ۚ وَيُنَزِّلُ الْغَيْثَ ۚ وَيَعْلَمُ مَا فِي الْاَرْحَامِ ۭ وَمَا تَدْرِيْ نَفْسٌ مَّا ذَا تَكْسِبُ غَدًا ۭ وَمَا تَدْرِيْ نَفْسٌۢ بِاَيِّ اَرْضٍ تَمُوتُ ۭ اِنَّ اللهَ عَلِيْمٌ خَبِيْرٌ﴾
( لقمٰن:34)
ترجمہ: بیشک اللہ ہی کے پاس قیامت کا علم ہے، وہی بارش نازل کرتاہے اور وہی جانتاہے جو(ماداؤں)کے رحموں میں ہے، اورکوئی نفس نہیں جانتا کہ وہ کل کو کیا کرے گا اور کوئی شخص نہیں جانتا کہ کس زمین میں وہ مرے گا۔ بے شک اللہ جاننے والا باخبرہے۔
[2]: پردہ پوشی کی فضیلت
عَنْ عَبْدِ اللّهِ بْنِ عُمَرَ رَضِيَ اللّهُ عَنْهُمَا أَنَّ رَسُولَ اللّهِ صَلَّى اللّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: "مَنْ سَتَرَ مُسْلِمًا سَتَرَهُ اللّهُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ".
(صحیح البخاری:ج1 ص330ابواب المظالم والقصاص باب لا یظلم المسلمُ المسلمَ)
ترجمہ: حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص دنیا میں کسی مسلمان کی پردہ پوشی کرتا ہے اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کی پردہ پوشی کرے گا۔
[3]: اللہ تعالیٰ مسبب الاسباب ہیں
ہر چیز کا وجود اور عدم اللہ کے قبضہ قدرت میں ہے۔ ہر چیز کی کیفیت، خاصیت اور اس کی تاثیر کا ہونا اور نہ ہونابھی اسی کے اختیار میں ہے۔ وہ مسبب الاسباب ہے،کائنات کے اسباب اسی کی مخلوق ہیں اور اسباب کی سببیت بھی اس کی مخلوق اور اسی کی مشیت کے تابع ہے۔ دنیا کی کوئی چیز اپنی ذات میں موثر نہیں؛ نہ لطف وثواب نہ قہر وعذاب۔ وہ جسے چاہے عزت دے اور یہ ا س کی رحمت ہے اور جسے چاہے ذلت ومصیبت دے اور یہ اس کی حکمت ہے۔ وہ مالک الملک جسے چاہے اختیار اوراقتدار دے اور جس سے چاہے چھین لے۔
[4]: غسل کے فرائض اور سنتیں
غسل کے فرائض:
1: کلی کرنا
2: ناک میں پانی ڈالنا
3: سارے جسم پرایک مرتبہ پانی بہانا
غسل کی سنتیں:
1: بسم اللہ پڑھنا
2: دونوں ہاتھ دھونا
3: بدن کے جس حصے پر نجاست لگی ہو اس کو دھونا
4: استنجا ءکرنا
5: مکمل وضو کرنا
6: پہلے سر پر، پھر دائیں اور پھر بائیں کندھے پر پانی بہانا
7: پے در پے غسل کرنا
8: جسم کو مَل کر دھونا
9: سارا بدن تین بار دھونا
[5]: قرض کی ادائیگی کے لیے دعا
أَللّٰهُمَّ اكْفِنِيْ بِحَلَالِكَ عَنْ حَرَامِكَ وَأَغْنِنِيْ بِفَضْلِكَ عَمَّنْ سِوَاكَ.
(سنن الترمذی:ج2ص196 ابواب الدعوات )
ترجمہ: اے اللہ! مجھے اپنی حلال چیزیں عطا کرکے حرام چیزوں سے محفوظ فرمااور مجھے اپنے فضل وکرم سے اپنے علاوہ دوسروں سے بے نیاز کردے۔