پیش لفظ

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
پیش لفظ
بسم اللہ والصلوٰۃ والسلام علیٰ رسول اللہ۔ اللھم صلی علی محمد وعلی آلہ واصحابہ کما تحب وترضی عدد ما تحب وترضی۔
اللہ تعالیٰ کے ہاں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پرصلوٰۃ و سلام (رحمت و سلامتی) بھیجنا اتنامحبوب اور پسندیدہ عمل ہے کہ اس کا قرآن کریم میں اہل ایمان کو حکم دیا۔ مزید یہ کہ اپنی ذات باری کے بارے میں یہ خبر دی کہ میں خود بھی اپنے محبوب رحمۃ للعالمین پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم پر رحمتیں نازل فرماتا ہوں اور میرے ملائکہ بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجتے ہیں۔
امت ہونے کے ناطے ہمارے ذمہ جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حقوق ہیں ان میں ایک اہم حق آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر صلوٰۃ وسلام پیش کرنا بھی ہے۔ اس حق کو صحیح طور پر ادا کرنا جہاں ہمارے ایمان کا مسئلہ ہےاور حکم خدا کی تعمیل ہے وہاں آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے ہماری عقیدت ومحبت کا اولین تقاضا بھی ہے۔
یہ بات بھی اچھی طرح ذہن نشین رہے کہ صلوٰۃ و سلام رحمتِ الہٰی کےنزول اور حصول کے لیے، محبت نبوی پیدا کرنے کے لیے، اتباعِ سنت کا جذبہ ابھارنے کے لیے، شفاعت رسول کا حقدار بنانے کے لیےاور جنت میں قربت رسول کا مستحق بنانے کے لیےاہم ترین عبادت اورآسان ترین ذریعہ ہے۔
انہی عظیم مقاصد کو پیش نظر رکھتے ہوئے صلوٰۃ وسلام سے متعلقہ چند بنیادی باتیں ایک مختصر سی کتاب میں جمع کردی ہیں۔
اس میں بطور خاص جن امور کو ملحوظ رکھا گیا ہے وہ یہ ہیں:
صلوٰۃ وسلام کے فضائل اور مسائل، پڑھنے کا اجر و ثواب، نہ پڑھنے پر وعیدات، مخصوص اوقات میں مخصوص الفاظ پر مشتمل درود پاک، سماع صلوٰۃ و سلام، روضہ رسول پر حاضری کا مودبانہ طریقہ، قبولیت دعا میں درود پاک کی اہمیت، درود پاک کو بطور ایصال ثواب پڑھنا، بے شمار فوائد میں 40 اہم فوائد کا تذکرہ اور مروجہ صلوٰۃ و سلام کی شرعی حیثیت وغیرہ۔
قارئین کرام !اصل میں یہ کتاب لکھنے کا بنیادی مقصد میرے نزدیک یہ رہا ہے کہ ہم سب زیادہ سے زیادہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود پاک بھیجیں اور اس مقصد کی ادائیگی کے لیے شریعت کی تعلیمات کو سیکھیں ۔ افراط و تفریط سے پاک ہو کر ، غلو اور کوتاہیوں سے خود کو بچا کر اعتدال کے ساتھ درود پاک جیسی عبادت کو ادا کرنے کی کوشش کی جائے۔ اس میں رکاوٹ بننے والی کم علمی، جہالت اور افراط و تفریط کو ختم کیا جائے۔ اپنی بساط کی حد تک مکمل کوشش کی ہے تاہم انسان ہونے کے ناطے کہیں کچھ کمی رہ گئی ہو تو ضرور آگاہ فرمائیے گا ۔
والسلام
محتاج دعا
محمدالیاس گھمن
خانقاہ حنفیہ، مرکز اہل السنۃ والجماعۃ، سرگودھا