تقریظ حضرت مولانا پیر عزیز الرحمن ہزاروی مدظلہ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
حامدا و مصلیا ومسلما
صلوٰۃ و سلام کے فضائل و مناقب قرآن کریم اور احادیث شریفہ میں جس عظمت اور شان کے ساتھ بیان ہوئے ہیں ۔ ان پر ہر زبان اور ہر زمان میں اہل علم و اہل قلوب نے بہت کچھ لکھنے کی سعادتیں حاصل کی ہیں ۔ زیر نظر سرمایہ سعادتِ ابدی "صلوٰۃ و سلام" محترم و مکرم حضرت مولانا محمد الیاس گھمن صاحب زید مجدہ نے مرتب فرمایا ہے ۔
حضرت مولانا محمد الیا س زید مجدہ جہاں متکلم اسلام ہیں ، اللہ تعالیٰ نے ان کو عشق الٰہی اور عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی دولت بھی عطا کی ہے اور یہ دولت ان کو حضرت تھانوی نوراللہ مرقدہ کے آستانہ سے بواسطہ حضرت مولانا حکیم محمد اختر صاحب رحمہ اللہ تعالی اور آستانہ شیخ الاسلام حضرت مدنی نور اللہ مرقدہ سے بواسطہ حضرت مولانا محمد امین شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ اور آستانہ قطب الاقطاب شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا نور اللہ مرقدہ سے بواسطہ حضرت مولانا عبدالحفیظ مکی رحمہ اللہ تعالی مدفون جنت البقیع حاصل ہوئی ہے ۔ان تینوں حضرات کے علاوہ بندہ کی طرف سے بھی ان کو اجازت و خلافت حاصل ہے۔
صلوٰۃ و سلام کی اشاعت کتنی بڑی سعادت ہے اس سلسلے میں جب ہمارے مرشد پاک برکۃ العصر شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا نور اللہ مرقدہ کو جنوبی افریقہ کے سفر کے دوران اطلاع ہوئی تو درج ذیل تحریر میں اپنی خوشی کا اظہار فرمایا:
"بسم اللہ الرحمن الرحیم
نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم وعلی اٰلہ و صحبہ و ازواجہ و اتباعہ اجمعین
آج شب سہ شنبہ ۱۷/شوال ۱۴۰۱ھ مولانا حافظ عبدالرحمن بن ابراہیم میاں صاحب نے مثردہ سنایا کہ چہل حدیث مشتمل بر صلوۃ و سلام جو کہ اس سیاہ کار کے رسالہ فضائل درود شریف میں مذکور ہے اس کا انگریزی ترجمہ ہو چکا ہے اور ان شاء اللہ " دار النشر الرحمانیہ لینشیا جوہانسبرگ" اسے چھپوا کر نشر کر رہا ہے ، سن کر ازحد مسرت ہوئی ، اللہ تعالی اس رسالہ مبارک کو ان کے ادارہ کے لیے اور پورے ملک کے لیے خیر و برکت کا ذریعہ بنائے اور عامۃ المسلمین کو اسے حرزِ جان بنانے کی توفیق عطاء فرمائے کہ درود شریف کے پڑھنے ، سننے ، پھیلانے میں دونوں جہانوں کی خیرو صلاح مضمر ہے اور قُرب الٰہی یقینی ہے ۔ یہ سیاہ کا ر ہمیشہ اپنے دوستوں سے عرض کرتا رہتا ہے دل سے موت کو ہمیشہ یاد رکھو اور زبان سے جتنا ہو سکے درود شریف پڑھتے رہو ۔
اللہ تعالی اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کی سچی محبت اور کامل اتباع سے اس ناکارہ کو اور اس رسالہ کی اشاعت کرنے والوں اور سب پڑھنے والوں کو نوازے ۔ آمین ۔ محمد زکریا ) بقلم عبد الحفیظ(
مقیم حال جامع مسجد لینشیا جوہانسرگ )جنوبی افریقہ("
یہ فقیر بھی اپنے حضرت کی اتباع میں حضرت گھمن صاحب کے لیے مندرجہ بالا دعا کرتا ہے۔
اٰمین بجاہ النبی الکریم صلی اللہ علیہ وعلی الہ و اصحابہ اجمعین
فقیر محمد عزیزالرحمن ہزاروی عفی عنہ
۳ / ذیقعدہ ۱۴۳۸ھ
مطابق ۲۷ / جولائی ۲۰۱۷ء