جنایت کے متعلق بعض اہم مسائل
بغیر احرام میقات سے گزرنا:
اگر کسی شخص نے میقات سے احرام نہیں باندھا بلکہ بغیر احرام کے میقات سے گزر گیا ہو تو اس صورت میں اس پر دم واجب ہو گا۔ اس شخص پر لازم ہے کہ کسی میقات پر چلا جائے، وہاں سے احرام باندھ کر مکہ مکرمہ آ جائے تو اس طرح کرنے سے اس کے ذمہ سے دم ساقط ہو جائے گا۔
مرد کا چہرہ یاسر ڈھانپنا
بعض حجاج کرام منیٰ یامزدلفہ میں دانستہ یا نادانستہ طور پر چہرہ یا سر ڈھانپ لیتے ہیں۔ اس کاحکم یہ ہے کہ :
کپڑا چہرے یا سر کو لگتے ہی فوراً ہٹا دیا تو کچھ لازم نہیں ۔
کچھ دیر کےلیے ڈھانپا البتہ ایک گھنٹہ سےکم وقت ڈھانپا تو ایک مٹھی گندم یا اس کی قیمت صدقہ کرنا واجب ہے۔
اگر ایک گھنٹہ یا اس سے زیادہ لیکن ایک کامل دن یا ایک کامل رات سے کم وقت ڈھانپا تو ایک صدقۃ الفطر (پونے دو کلو گندم یا اس کی قیمت )صدقہ کرنا واجب ہے۔
اگر ایک دن کامل یا ایک رات کامل ہو تو ایک دم یعنی بکری یا بھیڑ ذبح کرنا واجب ہے۔
نوٹ: مرد کے لیے سلا ہوا کپڑا پہننے کا بھی یہی حکم اور تفصیل ہے کہ اگر ایک گھنٹہ یا اس سے زیادہ لیکن ایک کامل دن یا ایک کامل رات سے کم وقت پہناتو ایک صدقۃ الفطر کی مقدار صدقہ کرنا واجب ہے۔ اگر ایک دن کامل یا ایک رات کامل ہو تو ایک دم یعنی بکری یا بھیڑ ذبح کرنا واجب ہے۔
عورت کے چہرے کو کپڑا لگنا
اس کا حکم بھی یہی ہے کہ کپڑا چہرے کو لگتے ہی فوراً ہٹا دیا تو کچھ لازم نہیں، کچھ دیر کےلیے لگا رہاالبتہ ایک گھنٹہ سےکم وقت لگا رہا تو ایک مٹھی گندم یا اس کی قیمت صدقہ کرنا واجب ہے۔ ایک گھنٹہ یا اس سے زائد لیکن ایک کامل دن یا کامل رات سے کم وقت کپڑا لگا رہا تو ایک صدقۃ الفطر کی مقدار گندم یا اس کی قیمت کا صدقہ کرنا واجب ہے اور اگر ایک دن کامل یا ایک رات کامل لگا رہا تو ایک دم دینا واجب ہو گا۔
حالت احرام میں بالوں کاگرنا
1: سر، ڈاڑھی یاجسم کے کسی حصہ سے بال اگر خود بخود گر جائیں تو کچھ لازم نہیں۔
2: حالتِ احرام میں وضو کرتےہوئے بہت احتیاط سے کام لیں۔ اعضاء وضو کو زیادہ ملیں نہ ڈاڑھی کا خلال کریں۔ اگر وضو یاغسل کرتے ہوئے بال گریں تو ان میں یہ تفصیل ہے:
٭ تین بالوں سے کم گریں تو کچھ واحب نہیں۔
٭ تین بال گریں تو ایک مٹھی گندم یا اس کی قیمت کا صدقہ کرنا واجب ہے۔
٭ تین بالوں سے زیادہ لیکن چوتھائی سر یا چوتھائی ڈاڑھی سے کم گریں تو ایک صدقہ الفطر گندم کی مقدار صدقہ کرنا واجب ہے۔
٭ چوتھائی سر یا اس سے زائد، اسی طرح چوتھائی ڈاڑھی یا اس سے زائد کے بال گرجائیں یا کا ٹ لیں تو دم واجب ہے۔
3: اگر کھجلانے سے سر یا ڈاڑھی کے بال گریں تو ایک یا دو یا تین بال ہونے کی صورت میں ہر بال کے بدلے میں روٹی کا ٹکڑا یا اس کی قیمت کا صدقہ کرنا واجب ہے۔ تین سے زائد ہونے کی صورت میں وہی حکم ہے جو ابھی اوپر گزرا۔
4: بال ٹوٹنے کے مسئلہ میں مرد خواتین دونوں برابرہیں۔
حالت احرام میں ناخن کاٹنا:
1: ایک ہاتھ یا ایک پاؤں یا چاروں اعضاء (یعنی دونوں ہاتھ اور دونوں پاؤں) کے ناخن ایک وقت میں ایک جگہ کاٹ لیے ہیں تو سب کے عوض میں ایک ہی دم واجب ہوگا اور اگر چاروں اعضاء کے ناخن چار وقت میں چار جگہ کاٹے ہیں تو چار دم لازم ہوں گے۔
2: اسی طرح اگر ایک وقت میں ایک عضو کے ناخن کاٹ لیے ہیں اور دوسرے عضو کے دوسرے وقت میں کاٹ لیے ہیں تو دو دم لازم ہوں گے۔
3: کسی بھی عضو کے سب ناخن نہیں کاٹے بلکہ ہر ایک عضو کے پانچ ناخن میں سے کم کاٹے ہیں؛ چاہے چار چار کر کے سولہ ناخن کاٹ لیے ہیں تو دم لازم نہیں ہوگا بلکہ ہر ناخن کے عوض میں ایک صدقہ فطر لازم ہوگا۔ گویا ناخن کاٹنے میں ایک عضو کے پورے ناخن کاٹنے کا اعتبار ہے۔
حالت احرام میں خوشبو لگانا
1: مُحْرِم نے کسی بڑے پورے عضو کو خوشبو لگائی مثلاً پنڈلی یا ران یا سر یا چہرہ یا ہاتھ یا ہتھیلی کو تو دم دینا لازم ہے اگرچہ کچھ دیر کےلیے لگائی ہو۔
2: اگر چھوٹے اعضاء کو خوشبو لگائی مثلاً ناک، کان، آنکھ، انگلی وغیرہ تو ایک صدقۃ الفطر کی مقدار گندم کا صدقہ واجب ہے۔
دم وصدقہ کہاں دے
دمِ جنایت کا حدودِ حرم میں ذبح کرنا لازم ہے، حدودِ حرم سے باہر جائز نہیں البتہ جنایت کا صدقہ باہر دینا بھی جائز ہے۔