عقیدہ 62

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
حقیقت ومراتب ایمان
عقیدہ 62:
متن:
وَالْإِيْمَانُ هُوَ الْإِقْرَارُ بِاللَّسَانِ وَالتَّصْدِيْقُ بِالْجَنَانِ.
ترجمہ: ایمان؛ زبان سے اقرار اور دل سے تسلیم کرنے کا نام ہے۔
شرح:
ایمان دراصل ”تصدیق قلبی“کا نام ہے، زبان سے اقرار کرنا یہ ایمان کا رکن اصلی نہیں بلکہ ایمان کی علامت ہے کیونکہ تصدیق ایک باطنی اور پوشیدہ امر ہے جس کا علم زبان سے اظہار کے ذریعے ہی ہوتا ہے۔ اس لیے غیر معذور افراد (جو اپنی زبان سے بول سکتے ہوں) کے لیے زندگی میں ایک بار زبان سے کلمہ ایمان کا اظہار ضروری ہے ورنہ ایسے شخص کے ایمان کی تصدیق نہیں کی جائے گا۔ اسی طرح بوقت ضرورت بھی زبان سے اظہار لازمی ہے۔
فقط تصدیق قلبی ہی ایمان کا رکن اصلی ہے، زبان سے اقرار اور اعمال صالحہ یہ ایمان کے رکن اصلی نہیں ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ قرآن وسنت میں ایمان کا تعلق دل سے بیان کیا گیا ہے:
1: ﴿وَقَلْبُهٗ مُطْمَئِنٌّ بِالْاِيْمَانِ﴾.
(النحل:106)
ترجمہ:اس کا دل ایمان پر مطمئن رہے۔
یہاں ایمان کے ساتھ فقط دل کے اطمینان کا ذکر ہے، لسان اور اعضاء و جوارح کا ذکر نہیں کیا گیا۔
2: ﴿وَلَمَّا يَدْخُلِ الْاِيْمَانُ فِيْ قُلُوْبِكُمْ﴾.
(الحجرات:14)
ترجمہ:ایمان تو ابھی تمہارے دلوں میں داخل نہیں ہوا۔
3: ﴿اُولٰئِكَ كَتَبَ فِيْ قُلُوْبِهِمُ الْاِيْمَانَ﴾.
(المجادلۃ:22)
ترجمہ:یہ وہ لوگ ہیں جن کے دلوں میں اللہ نے ایمان نقش فرمایا۔
4: حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ نے ایک جنگ کے موقع پر ایک آدمی کو قتل کردیا جس نے لاالہ الااللہ کہا تھا۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے وجہ پوچھی تو عرض کیا کہ اس نے تلوار کے ڈر سے پڑھا تھا،تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا تھا:
أَفَلَا شَقَقْتَ عَنْ قَلْبِهٖ حَتّٰى تَعْلَمَ أَقَالَهَا أَمْ لَا؟
(صحیح مسلم: ج1ص67، 68باب تحریم قتل الکافر بعد قولہ لاالہ الا اللہ)
ترجمہ:کیا تونے اس کا دل چیر کر دیکھا تھا کہ اس نے تلوار کے ڈر سے پڑھا ہے یا نہیں؟
اعمال ظاہرہ نفس ایمان میں داخل نہیں البتہ کمال ایمان میں داخل ہیں یعنی ان کی کمی وزیادتی کی وجہ سے نفسِ ایمان کم زیادہ نہیں ہوتا بلکہ کمال ایمان کم وزیادہ ہوتا رہتا ہے۔ اس لیے نیک کام کرنے والے اور گناہ کرنے والے مومن نفسِ ایمان میں تو برابر سمجھے جائیں گے البتہ نیک اعمال کرنے والا کامل وصالح مومن اور گناہ کرنے والا فاسق مومن کہلائے گا۔