فقید المثال دورہ تحقیق المسائل

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
فقید المثال دورہ تحقیق المسائل
مولانا محمد کلیم اللہ حنفی﷾
اگر آپ مجھ سے سوال کریں کہ آج کے دورکا سب سے بڑا المیہ کیا ہے؟ تو میں برملا یہی جواب دوں گا :
” علمی انحطاط اور قحط الرجال“۔
اس ضرورت کے پیش نظر حضرت الاستاذ متکلم اسلام مولانا محمد الیاس گھمن حفظہ اللہ نے اکابر کی علمی و تحقیقی روایت کو نئے انداز میں پروا ن چڑھایا ،حالات کا رخ عدم برداشت اورشدت موڑ کر سنجیدہ اور شستہ زبان کے ساتھ دلائل کی طرف لائے اورہرشخص کویہ دعوت فکر دینے کی کوشش کی کہ قبول حق میں دلیل کو بنیاد بنائیں۔
اسی روایت کی ایک کڑی 12 روزہ دورہ تحقیق المسائل بھی ہے۔ جوحسب سابق اس سال بھی قرآن وسنت اور فقہ کی اشاعت و تحفظ کے عالمی ادارے مرکز اہل السنت والجماعت87 جنوبی سرگودھا میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سالانہ امتحانات کے فوراً بعد 23مئی تا 4 جون 2013 ء منعقد ہوا۔
پابندی وقت کے مطابق صبح 7:30 بجے اسباق شروع کر دیے گئے۔ ملک بھر سے فضلاء ،علماء ،عالمات ، طلباء ، مدرسین ،ائمہ مساجد اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے کثیر افراد نے اس کورس میں اپنی حاضری یقینی بنائی۔
مرکز اہل السنت کی شوریٰ میں یہ طے شدہ امور اور ذمہ داریاں تمام شعبہ جات کے مسوؤلین کو سپرد کردیں اور تاکید کی کہ اپنے فرائض میں کوتاہی نہ برتیں اللہ جزائے خیر دے مرکز اہل السنت والجماعت کے اساتذہ کرام اور تمام کارکنان کو جنہوں نے آنے والے مہمانوں کے اکرام میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ اہل السنت والجماعت کے متفقہ عقائد ومسائل کو بادلائل سمجھانے اور ان کی تنقیح کرنے کے لیے پہلے سے فائلیں ترتیب دے دی گئیں اس لیے کہ شرکاء کورس نفس مسئلہ اچھی طرح سمجھ لیں اور اس دوران ان کو لکھنے کی زحمت بھی نہ کرنا پڑے۔
یہ کورس اپنے اندر بہت افادیت رکھتا ہے، مسلک اہل السنت والجماعت احناف دیوبند سے وابستہ افراد کو اپنے مسائل اور ان کے دلائل سے واقفیت و آگاہی ، ان فکری تربیت اور دینی شعور کی بیداری اس کے مضمرات ہیں۔
دورِ حاضر میں جعل سازوں کی بہتات ہے اور اہل علم وفن چیدہ چیدہ ہیں جعل سازوں کے اعتراضات ، شبہات ، اشکالات نے عوامی سوچ و فکرپر برے اثرات ڈالے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہر روز نت نئے عملی واعتقادی فتنوں کا ظہور ہو رہا ہے۔ دین مبین کی غلط تشریح، عقائد اسلامیہ کی من گھڑت تعبیر ، قرآن وسنت کی من مانی توضیح جیسے الم ناک واقعات؛ قصر ِاسلام کی بنیادوں کو ہلانے کی سازشیں ہیں۔ اس لیے عوام کو صحیح عقیدہ ،نظریہ، مسئلہ اور دلیل دینا اہل حق کا اولین فرض ہے اسی کے پیش نظر یہ مختصر دورانیے پر مشتمل دورہ تحقیق المسائل تشکیل دیا گیا ہے۔ اس میں پڑھائے جانے والے لیکچرز کی فہرست ملاحظہ فرمائیں۔ قارئین اس کی افادیت کا اندازہ خود لگائیں۔

ختم نبوت،معجزات ،عصمت انبیاء، حیات الانبیاء۔

صحابہ معیار حق۔ حجیت حدیث،کشف و کرامات

تصوف ، سلوک و احسان کی اہمیت

اتحاد اور اعتدال کی ضرورت

مسئلہ تقلید۔

عوام؛ علماء میں دوری کیسے ختم ہو؟

مسئلہ تین طلاق ،مسئلہ بیس رکعات تراویح۔

منکرین حدیث اور منکرین فقہ

مسئلہ ترک رفع یدین۔

مسئلہ وضع الیدین تحت السرہ۔

مرد و عورت کی نماز میں فرق۔

ترک قراۃ خلف الامام۔

قدیم فقہ جدید مسائل

جماعت المسلمین کے خدوخال ، آمین بالسر

تصوف،عرض اعمال،

توسل،استشفاع

عصر حاضر کے متجددین،اسلامی میڈیا کا کردار

عصری تعلیم اور دینی مدارس
چونکہ شرکاء کورس کی اکثر تعداد مدرسین ، فضلاء ، علماء ، طلباء ،ائمہ مساجد اور جدید تعلیم یافتہ حضرات پر مشتمل تھی اس لیے اہم موضوعات کا انتخاب کیا گیا اور معلمین بھی ماہر فن متعین کیے گئے۔
یہ بھی یاد رہے کہ مرکز اہل السنت والجماعت جہاں ایک دینی ادارہ ہے وہاں پر خانقاہ بھی ہے اس لیے ملک بھر مشائخ عظام بھی تشریف لائے اور شرکاء سے اصلاحی ملفوظات سے مستفید فرمایا۔ چند نام یہ ہیں۔

شیخ الحدیث مولانا ارشاد احمد مہتمم جامعہ دارالعلوم عید گاہ کبیر والا خانیوال

شیخ الحدیث مولانا محمد نواز سیال نقشبندی مہتم جامعہ قادریہ حنفیہ ملتان

شیخ الحدیث مولانا یسٰین صابر جامعہ عمر بن خطاب ملتان

شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد طیب مہتمم جامعہ اسلامیہ امدادیہ فیصل آباد

شاہین ختم نبوت مولانا اللہ وسایا )مرکزی رہنما عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت (

مفتی شاہد مسعود ضلعی امیر جمعیت علماء اسلام )سرگودھا (

مولانا محمد اکرم طوفانی )مرکزی رہنما عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت (

شیخ الحدیث مولانا زاہد الراشدی جامعہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ

پیر طریقت مولانا عزیز الرحمان ہزاروی

استاد العلماء مولانا عبدالجبار چوکیروی

مولانا بشیر احمد کلیار سرگودھوی

مولانا خبیب احمد گھمن
ہمارے ہاں وقت کی قدر کا بطور خاص خیال رکھا جاتا ہے اس لیے شرکاء کورس کے ہمہ وقت مصروف رکھا جاتا ہے تاکہ یہاں آنے پر ان کے مزاج میں یہ بات سما جائے کہ متاع وقت ہمارا کل اثاثہ ہے۔ہم نے اپنے تئیں اس بات کی بھر پور کوشش کی ہے کہ آنے والے مہمانان گرامی کا کوئی لمحہ بھی ضائع نہ ہو۔ شرکاء کورس کو مرکز کی طرف سے اسناد تقسیم کی گئیں۔
اختتامی تقریب میں مولانا عزیز الرحمان ہزاروی نے حضرت الاستاذ متکلم اسلام مولانا محمد الیاس گھمن کی علمی و تحقیقی خدمات کو بہت سراہا اور دعا کرائی۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اخلاص کے ساتھ دین کی اشاعت اور تحفظ کا ذریعہ بنائے۔ اللہ تعالی حاسدین کے حسد سے بچائے رکھے اور عافیت کے ساتھ دین کی خدمت کرنے کی توفیق دے اور اس کو اپنی بارگاہ میں قبول بھی فرمائے۔
نوٹ : دورہ تحقیق المسائل کے اسباق اور لیکچرز کی فائلزاوردورہ کے تمام اسباق میموری کارڈ اور سی ڈیز میں بھی دستیاب ہیں۔
رابطہ : مکتبہ اہل السنت والجماعت سرگودھا۔ 03216353540