عرضِ مؤلف

User Rating: 5 / 5

Star ActiveStar ActiveStar ActiveStar ActiveStar Active
 
عرضِ مؤلف
”اعتکاف کورس“ آپ کے ہاتھوں میں ہے جو معتکفین کیلیے ایک انمول تحفہ ہے۔ اس کی ترتیب کی بنیادی طور پر دو وجوہات ہیں
1: رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد اعتکاف کی عبادت سرانجام دیتی ہے۔ مبارک ساعات اور مسجد کے بابرکت ماحول میں ذکر و عبادات کا لطف تو ہوتا ہی ہے لیکن اعتکاف کے مسائل نہ جاننے کی وجہ سےبے حد غلطیاں واقع ہو جاتی ہیں، حتیٰ کہ بعض مرتبہ معتکف اعتکاف بھی توڑ بیٹھتا ہے۔ اس لیے شدید ضرورت محسوس ہوئی کہ اعتکاف سے متعلق بنیادی مسائل مختصرانداز میں تحریر کر دیے جائیں۔
2: دس دن کا مختصر عرصہ اور مسجد کی یکسوئی والا ماحول، معتکف کی علمی و عملی تربیت کیلیے انتہائی قیمتی وقت ہے۔ انسان جب کسی بات کو یکسو ئی اور توجہ کےساتھ پڑھتا اور سنتا ہے تو یقینی طور پر وہ دل میں جا گزیں ہو جاتی ہے۔ اس لیے اس بات کا داعیہ پیدا ہوا کہ ایسا نصاب مرتب کر دیا جائے جو اعتکاف کے اس عشرہ کی مناسبت سےمختصر ہونے کے ساتھ ساتھ پر اثر بھی ہو۔
ان دو وجہوں کے پیش نظر یہ کورس ترتیب دیا گیا ہے جس میں اعتکاف کے بنیادی مسائل، اعتکاف کے دوران خاص معمولات، چند بنیادی نظریات و معلومات اور مختلف موضوعات پر چالیس احادیث کا مجموعہ شامل ہے۔
اس بات کی انتہائی کوشش کی گئی ہے کہ کورس مختصر ہو تاکہ یاد کرنے اور مذاکرہ کرنے میں آسانی ہو، اس لیے دلائل سے قطع نظر صرف مسئلہ کے بیان کرنے پر اکتفاء کیا گیا ہے۔
کورس سے استفادہ کی ترتیب
کورس سے استفادہ کی ایک صورت یہ ہےکہ مسجد کے امام یا مسجد سے منسلک عالم دین ایک وقت مقرر کر لیں جس میں معتکفین کو یہ کورس درساً پڑھائیں اورمعتکفین حضرات آپس میں مذاکرہ کرتے رہیں، پھر دوسرے وقت میں اس درس کا اعادہ کر کےان سے سن لیا جائے۔ سہولت کی خاطر کورس کو نو یا دس حصوں میں تقسیم کر کےہر دن ایک حصہ کا درس دیا جائے۔
اس کی دوسری صورت یہ بھی ہے کہ معتکفین حضرات مذکورہ ترتیب پر کورس کو نو یا دس حصوں میں تقسیم کر کے اپنے طور پر اس کا مطالعہ کریں اور جو چیز قابل وضاحت ہو وہ امام صاحب یا مسجد سے متعلق عالم دین سے پوچھ لیا کریں، لیکن پہلی صورت میں سہولت اور فائدہ زیادہ ہے۔دورانِ اعتکاف دعاؤں کا بھر پور اہتمام کریں۔ تمام عالم اسلام کی سلامتی کے لیے خصوصی مناجات کریں اور اس عاجز کو بھی اپنی دعاؤں میں یاد ضرور رکھیں۔اللہ تعالی دین کی خدمت کے لیے قبول فرمائے اور خاتمہ بالخیر فرمائے۔
والسلام
محمد الیاس گھمن
مرکز اہل السنۃ والجماعۃ،سرگودھا