قسط- 55 بلیک فرائیڈے

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
قسط- 58 بلیک فرائیڈے
🕋اللہ تعالی نے جمعۃ المبارک کو تمام دنوں پر فضیلت بخشی ہے اس بابرکت دن میں کئی اہم واقعات پیش آئے ہیں اور احادیث شریفہ کی روشنی میں اسی دن قرب قیامت بہت سارے اہم واقعات پیش آئیں گے۔شریعت اسلامیہ میں جمعۃ المبارک کے دن کو سید الایام یعنی دنوں کا سردار کہا گیا ہے، اسے ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک ہونے، ظاہری وباطنی پاکیزگی حاصل کرنے، احکامات اسلامیہ کو سیکھنے، گناہوں سے معافی حاصل کرنے، قبولیت دعا، نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم پر کثرت کے ساتھ درود پاک بھیجنے اور روز قیامت کی یاددہانی کا دن قرار دیا گیا ہے۔
سابقہ امتوں کےلیے بعض ایام بطورخاص عبادت کے لیے مقرر تھے، مثلاً یہودیوں کےلیے ہفتہ کا دن اور عیسائیوں کے لیے اتوار کا دن، اللہ تعالی نے اہل اسلام کے لیے جمعۃ المبارک کا دن مقرر فرمایا۔ احادیث مبارکہ میں متعدد روایات اس دن کی فضیلت پر موجود ہیں، اس دن کو گزارنے کا طریقہ اس دن کے مسنون اعمال اور آداب بھی فرامین نبوی میں کثرت سے ملتے ہیں جس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ دن بہت زیادہ فضیلت و منقبت اور خیر وبرکت والا ہے۔
جب سے اہل اسلام نے غیر مسلم اقوام کی نقالی اور مشابہت شروع کی ہے، ان کی کوڑھ مغزی کو روشن خیالی سمجھ کر اپنانے لگے ہیں، اپنی اسلامی تہذیب و تمدن اور کلچر کو ہلکا اور گھٹیا تصور کیا ہے اسی دن سے تنزلی ذلت اور غلامی میں مبتلا ہے۔دنیا بھر کے غیر مسلم بالخصوص یہودو نصاریٰ نے اسلامی تعلیمات،عبادات، شعائر، تہذیب وتمدن اور کلچر کو تختہ مشق بنا لیا ہے، آئے دن کوئی نیا شوشہ چھوڑتے ہیں اور اسلامی احکامات کا تماشہ بناتے ہیں، اسی سلسلے کی ایک کڑی نومبر کے آخری جمعۃ المبارک کو بلیک فرائیڈے کے طور پر مناتے ہیں، اس کی حقیقت کیا ہے؟ مختصراًملاحظہ فرمائیں:
نومبر کے آخری جمعرات میں یوم شکر انہ(امریکہ کا ایک قومی تہوار) منانے کے بعد نومبر کے آخری جمعہ کو امریکہ وبعض مغربی ممالک میں بلیک ڈے (Black Day) کے نام سے منایا جاتا ہے۔ مغربی ممالک میں ہر سال نومبر کے آخری جمعہ میں شاپنگ سینٹرز کی طرف سے رعایتی پیکج دیے جاتے ہیں۔
عیسائی لوگ اِس دن سے اپنے مذہبی تہوار ’’کرسمس‘‘ کے لیے شاپنگ کرنا شروع کردیتے ہیں۔ امریکا میں 2005ء سے یہ دن خریداری کے اعتبار سے سال کا سب سے زیادہ مصروف دن بنتا جا رہا ہے۔مغربی ممالک اور بالخصوص عیسائیوں کی دیکھا دیکھی اب مسلم ممالک بطور خاص پاکستان میں بھی مختلف کاروباری کمپنیاں اس دن کو بلیک فرائیڈے کے طور پر منانے کی تیاری کر رہی ہیں، آن لائن شاپنگ سینٹرز میں بڑے زور شور سے اس کی تشہیر جاری ہے، ستم کی بات تو یہ ہے کہ یہ سب کچھ ڈسکاؤنٹ(رعایت) کے نام پر کیا جارہا ہے۔
حیرت اور تعجب کی بات یہ ہے کہ پاکستانی کاروباری کمپنیاں یہ خصوصی آفر رمضان المبارک، عید الفطر اور عید الاضحیٰ کے موقع پر کیوں نہیں دیتی، اسلامی تہواروں میں مہنگائی کا ایک طوفان ہوتا ہے جو غریب اور متوسط طبقے کی خوشیاں بہا کے لےجاتا ہے۔دوسری اس سے زیادہ تعجب کی بات یہ ہے کہ امریکہ میں نومبر کی آخری جمعرات ان کا قومی تہوار یوم شکرانہ منایا جاتا ہے جمعرات سے لےکر اتوار تک چار دن چھٹی ہوتی ہے، وہاں کے عوام شاپنگ سینٹرز کا رخ کرتے ہیں، ان دنوں مارکیٹس میں بہت رش ہوتا ہے۔جمعرات، جمعہ، ہفتہ اور اتوار بازاروں میں خوب گہما گہمی ہوتی ہے، جمعرات، ہفتہ اور اتوار کو بلیک ڈے کے طور پر کیوں نہیں منایا جاتا؟ حالانکہ جو وجہ جمعہ کے بلیک ڈے ہونے کی بتائی جاتی ہے وہ وجہ باقی دنوں جمعرات، ہفتہ اور اتوار میں بھی پائی جاتی ہے۔ صرف جمعۃ المبارک کو ہی بلیک ڈے کیوں قرار دیا جاتا ہے؟
چونکہ ہفتہ یہودیوں کا مقدس دن ہے اور اتوار عیسائیوں کا۔ اس لیے اسے کوئی بلیک کہنے کے لیے تیار نہیں، صرف اہل اسلام کے مقدس دن کے تقدس کو پامال کرنے کے لیے اسے بلیک قرار دیا جانا، گوروں کی عصبیت کے سوا اور کیا ہو سکتا ہے؟
دنیابھر کے اہل اسلام کو چاہیے کہ کفار کی اس سوچی سمجھی منظم سازش کو عملا ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، بطور خاص اسلامی ممالک کا میڈیا اہل اسلام کی رائے عامہ کو ہموار کرنے اور شعائر اسلامیہ کے تقدس کو باقی رکھنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ مسلمان تاجروں سے گزارش ہے کہ وہ بھی یہود و نصاریٰ کے اس منصوبے کو ناکام بنائیں۔ کفار جنتے فیصد تک رعایت کا جھانسہ دیں تو مسلمان تاجر برادری اس کے بڑھ کر رعایت کرنے کی فراخ دلی کا ثبوت دیں۔ہر مسلمان یہ اقرار کرتا ہے کہ میری روح میرابدن اور میرا مال و دولت ہر چیز اللہ کےلیے ہے۔
اللہ تعالی ہمیں اسلامی شعائر کی قدر ومنزلت جاننے اور انہیں اپنانے کی توفیق عطاء فرمائے۔ یہود و نصاریٰ اور دیگر غیر مسلم اقوام کے اس طرح کے منصوبوں سے تمام اہل اسلام کی حفاظت فرمائے۔آخر میں علمائے کرام سے درد مندانہ گزارش ہے کہ جمعۃ المبارک کے اجتماعات میں اس مبارک دن کے فضائل، مناقب، اس کے گزارنے کا مسنون طریقہ عوام کو بتلائیں۔ اللہ کریم عمل کی توفیق عطاء فرمائے۔
آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وسلم
والسلام
محمد الیاس گھمن
خانقاہ حنفیہ، مرکز اھل السنۃ والجماعۃ ،سرگودھا
جمعرات ، 23 نومبر،2017ء