ہمارا تعلیمی طرز اور تحریکی منہج

User Rating: 5 / 5

Star ActiveStar ActiveStar ActiveStar ActiveStar Active
 
ہمارا تعلیمی طرز اور تحریکی منہج
قرآن ، سنت اور فقہ کی اشاعت و تحفظ کے عالمی ادارے”مرکز اہل السنت والجماعت“ کامختصر تعارفی خاکہ: پس منظر ، پیش منظر اور تہ منظر
یہ سن 2002کی بات ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایک ایسے ادارے کی سنگِ بنیاد رکھنے کی توفیق دی جس کا فیض الحمدللہ تھوڑے ہی عرصہ میں علاقائی ملک کی جغرافیائی سرحدات کو پار کرکے ساری دنیا تک پھیل رہاہے۔مرکز اہل السنت والجماعت میں فعال انتظامی شعبہ جات کا تذکرہ کیے بغیر ہم صرف اس کے تعلیمی طرز اور تحریکی منہج کے بارے میں آپ کو کچھ بتانا چاہتے ہیں۔
1:شعبہ حفظ القرآن الکریم:
مرکز میں سب سے پہلے ہم نے اس مرکز ی کتاب کو شامل نصاب کیا جس کی مرکزیت کا لامحدود دائرہ بساط عالم کو محیط ہے یعنی”قرآن کریم“۔ اس کے تینوں شعبے ناظرہ،حفظ،اور تجوید سے بحمداللہ جو سکون واطمینان ملتا ہے اسے یہاں بخوبی محسوس کیا جاسکتا ہے۔اس وقت مرکز میں دو مشَّاق اور مجَوِّد قاری صاحبان تقریباً 80 طلباءکی تعلیمی ،اخلاقی اور معاشرتی تربیت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔عام مدارس سے ہٹ کر یہاں حفظ کے بچوں کا باضابطہ یونیفارم ہے۔ جبکہ سردیوں میں جرسی اور گرم ٹوپی کا اضافہ ہوجاتا ہے۔
2:ایک سالہ تخصص فی التحقیق والدعوة:
دینی مدارس کے فضلاءاور فارغ التحصیل علماءکرام کے لیے یہ اسپیشل کورس ہے،جس میں اصولِ تفسیر، تفسیر،اصولِ حدیث،حدیث،اصولِ فقہ، فقہ،اصولِ مناظرہ، مناظرہ،داعی اور واعظ بننے کی عملی مشق،مضمون نگاری ، کالم نگاری اور مقالہ نویسی کی عملی تربیت ،تقابلِ ادیان،حفظ الاحادیث،مختلف فیہ مسائل میں اہل السنت والجماعت احناف دیوبند کا نظریہ اور اس کے دلائل،اجماعی اور اتفاقی عقائد میں تصلب اور پختگی،اسلام اور اہل السنت والجماعت کے متصادم نظریات کے حامل فرقوں کا علمی رد، انٹر نیٹ کا صحیح استعمال ، مختصر کمپیوٹر کورس کرایا جاتا ہے۔
سیاست وعسکریت سے بالکل آزاد خالص علمی وفکری ماحول میں نشو ونما پانے والے رجال کار؛ بحمداللہ مختلف جہات اور میدانوں میں اپنی اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور افراد سازی کا یہ مرحلہ مسلسل جاری وساری ہے۔
3:شعبہ کتب درس نظامی :
مرکز اہل السنت والجماعت؛ وفاق المدارس العربیہ پاکستان سے الحاق شدہ ہے اور اس میں جو نصاب پڑھایا جاتا ہے وہ بھی وفاق المدارس ہی کا مقرر شدہ ہے۔ جس میں صرف ، نحو، تفسیر، حدیث ،فقہ اور دیگر علوم ریاضی، سائنس ، معاشرتی علوم وغیرہ شامل ہیں۔
4:بارہ روزہ دورہ تحقیق المسائل:
ماہ شعبان میں جب وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے امتحانات مکمل ہوتے ہیں اور سالانہ تعطیلات شروع ہوتی ہیں ان میں سے پہلے 12 دن میں اس کورس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
دینی مدارس کے اساتذہ کرام ،طلباء،ائمہ مساجد،خطباءاور واعظین اس دورے میں کثیر تعدادسے شرکت کرتے ہیں۔ اس کورس کا نصاب مخصوص عقائد ونظریات اور چند معرکۃ الآراء وہ مسائل ہیں جن سے اہل الحاد اور اہل بدعت نے اختلاف کیا ہے۔دونوں نظریات سامنے رکھ کر نظریہ اہل السنت والجماعت کا بادلائل اثبات جبکہ دوسرے نظریے کی علمی طور پر کمزوری کو ظاہر کیا جاتا ہے۔
چونکہ ہمارے یہ اسباق براہِ راست انٹر نیٹ پر نشر ہوتے ہیں اور پوری دنیا کے لوگ اس سے مستفید ہوتے ہیں۔بیرون ممالک میں کئی ایسے ادارے ہمارے رابطے میں ہیں جو اس کورس سے استفادہ کا اس طرح اہتمام کرتے ہیں:کورس سے استفادہ کے خواہشمندسینکڑوں افراد کو ایک جگہ جمع کرتے ہیں،ان کے لیے کاغذ قلم کا بندوبست کرتے ہیں، ان کی رہائش اور خوارک کا انتظام کرتے ہیں اور بڑی اسکرینیں لگا کر ان کو اسباق سنواتے ہیں۔
5:ماہانہ تین روزہ تحقیق المسائل:
ہرانگریزی ماہ کی پہلی جمعرات سے اتوار صبح 00:10 بجے تک اپنی نوعیت کا منفرد اور غیرمعمولی حیثیت کا حامل یہ کورس بھی انتہائی مفید ثابت ہو رہا ہے۔ہم نے مشاورت سے یہ طے کیا کہ علماء، طلباءاور دین دار حلقے میں محنت برابر چلتی رہے لیکن عوام کو بھی نظرانداز نہ کیا جائے اس کے لیے صرف ماہانہ تین دن کا کورس کرایا جائے جس میں اسکولز، کالجز،یونیورسٹیز کے اسٹوڈنٹس ، لیکچرارزاور پروفیسرز کے ساتھ ساتھ وکلاءبرادری ، تاجر برادری اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہوں۔ الحمدللہ اس طبقے سے کافی افراد کا ہماری طرف رجوع شروع ہے۔
6:خانقاہ اشرفیہ اختریہ:
علمِ ظاہر کو جب تک علم باطن اور روحانیت کے پانی سے دھو نہ لیا جائے اس وقت تک اس گوہر سے فائدہ حاصل کرنے کی بجائے نقصان کا اندیشہ رہتا ہے۔اس حوالے سے حکیم الامت مجدد الملت الشاہ محمد اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ اور میرے مرشد کامل عارف باللہ الشاہ حکیم محمد اختر رحمہ اللہ کے مبارک اسماءپر” خانقاہ اشرفیہ اختریہ“ کا قیام بھی عمل لایا گیا۔
جہاں مریدین ،سالکین،منتسبین،معتقدین اصلاح عقائداور اصلاح مسائل کے ساتھ ساتھ اصلاح نفس سے بحمداللہ بہرہ ور ہوتے ہیں۔ ہر انگریزی ماہ کی پہلی جمعرات نماز مغرب کے بعد راقم کا اصلاحی بیان بھی ہوتا ہے چاروں سلاسل [نقشبندیہ، چشتیہ ، قادریہ، سہروردیہ]میں بیعت بھی کی جاتی ہے اور مشائخ کی امانت جلیلہ کا بارگراں تقسیم کیا جاتا ہے۔
الحمد للہ بندہ کو حضرت حکیم صاحب کے علاوہ دیگر مشائخ سے بھی اجازت حاصل ہے۔
7:مرکز اصلاح النساء:
خواتین کی دینی تعلیم وتربیت ان کا” بنیادی حق“ہے۔دورِ حاضر میں بےراہ روی،فحاشی،عریانی اور جنسی آزادی نسواں کا طوفانِ بلاخیز خواتینِ اسلام کی عزت ، آبرو، عفت اور پاکدامنی کو بہائے لے جا رہا ہے۔اس لیے خواتین کے دینی مدارس اور جامعات بہرصورت ناگزیر ہیں۔ان کے فوائد میں ہے کہ جہاں خواتین اور ہماری بچیاں غلط عقائد،رسوم اوربرے رواجوں سے محفوظ رہتی ہیں وہیں اس کی بدولت پاکیزہ معاشرے کو فروغ بھی ملتا ہے۔اس لیے خواتین کی دینی تعلیم اور اخلاقی تربیت کو پورا کرنے کے لیے ایک ادارہ بنام” مرکز اصلاح النساء“برائے خواتین کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔
الحمدللہ!یہاں ناظرہ،حفظ القرآن کے علاوہ دراسات دینیہ کورس،عصری تعلیم ،گھریلو رہن سہن کے آداب، خواتین کو خود کفیل بنانے کے لیے ووکیشنل سینٹر موجود ہے جہاں سلائی کڑھائی وغیرہ کی تربیت دی جاتی ہے۔ ہر انگریزی مہینے کے پہلے اتوار صبح 9 بجے علاقہ بھر اور مضافات کی ہر عمر کی خواتین کے لیے مرکز اصلاح النساءمیں اصلاحی بیان بھی ہوتا ہے۔
8:احناف میڈیا سروسز:
اپنے پیغام کو چند سامعین کے محدود حلقے سے بڑھا کر ساری دنیا کے لوگوں تک پہنچانے کے لیے ہم نے انٹرنیٹ کی ضرورت کو ضرورت کے درجے میں تسلیم کرکے اس سے فائدہ بھی اٹھا رہے ہیں۔ احناف میڈیا سروسز کا مختصر خاکہ یہ ہے۔
1: ہماری ویب سائٹس
www.ahnafmedia.com ..www.islahunnisa.com
2: دعوتی مقاصدکے حصول کیلیےاور اہل باطل کے جوابات کے لیے فیس بک FaceBook پر ایک پیج Pageبنایا گیا ہے، جو ساتھی سوشل میڈیا کو فروغ اسلام اور دفاع اسلام کی نیت سے استعمال کرتے ہیں، وہ ضرور اس پیج کو وزٹ کریں اور لائک کریں۔یہ پیج اپنے دوست احباب اور جاننے والوں تک بھی پہنچائیں۔ ایڈریس یہ ہے:
www.facebook.com/AhnafMediaServices
3: یوٹیوب پر نیا چینل بنایا گیا ہے، اس میں مکمل بیانات کے علاوہ چھوٹے چھوٹے کلپس بھی اپ لوڈ کیے جارہے ہیں۔ ایڈریس یہ ہے:
www.youtube.com/user/AhnafMediaServices
4: مختلف اسلامک سافٹ وئیرز کی تیاری
5: ویڈیو ایڈیٹنگ ، کمپوزنگ ، ڈیزائنگ ، فارمیٹنگ اور دیگر تکنیکی امور ہماری ٹیم خود سرانجام دیتی ہے۔
6: واٹس ایپ سروس: اس سے روزانہ عقائد اسلامیہ ، مسائل اہل السنت ، دلائل ، ویڈیوز ، بیانات اور علمی و فکری مواد نشر کیا جاتا ہے نمبر یہ ہے: 03046109956
9:آن لائن دارالافتاء:
عوام کی سہولت کے پیش نظر مرکز اہل السنت والجماعت میں آن لائن دارالافتاءکا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے ، جس سے ملک بھر سے اور بیرون ممالک سے لوگوں کے مسائل کا شرعی حل بتایا جاتا ہے۔ ایڈریس یہ ہے:
This email address is being protected from spambots. You need JavaScript enabled to view it.
10:شعبہ رسائل وجرائد:
ہمارے ہاں دو رسائل شائع ہوتے ہیں۔
1:ماہنامہ فقیہ:
دورِ حاضر کے جدید مسائل کا حل ، فقہ اور فقہاءکرام کی ضرورت، فقہ حنفی کے نفاذ کے لیے ابلاغی مہم ، معاشی ، تجارتی اور معاشرتی مسائل کا حل ، فرقہ واریت کی روک تھام میں سنجیدہ اقدام وغیرہ جیسے اہم موضوعات پر ماہنامہ فقیہ کا اجراءکیا گیا ہے۔ الحمد للہچار سال کا مسلسل سفر طے کر کے اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہے۔
2:ماہنامہ بنات اہلسنت:
خواتین اسلام کے لیے مفید ، عمدہ اور اسلامی رنگ میں رنگی ہوئی ادبی و تخلیقی تحریریں، منتخب مضامین ،دل چسپ اور سبق آموز کہانیاں ، تربیت اولاد کے اصول ، لطائف و مزاح کے ہنس مکھ صفحات خواتین میں بے حد مقبول ہیں۔
11: شعبہ تصنیف و تالیف:
جدید ٹیکنالوجی نے اپنی بہت سی محیر العقول ایجادات پیش کی ہیں جس کی وجہ سے کافی چیزوں کی اہمیت یا تو بالکل ختم یا یوں کہہ لیں کہ کم ہوگئی ہیں جبکہ د وسرے طرف بہت ساری چیزوں کی افادیت و ضرورت کو پیداکیا ہے یا پھر زیادہ ہوگئی ہے۔ لیکن” کتاب“ کی ضرورت آج تلک جوں کی توں باقی ہے۔ اس سے” مونس تنہائی“ کا اعزازنہیں چھینا جا سکا۔ اس حوالے سے مرکز اہل السنت والجماعت میں” شعبہ تصنیف و تالیف“ موجود ہے۔
جس کے تحت مختلف موضوعات پر تقریباً 30 کتابیں مارکیٹ میں چھپ کر مقبولیت حاصل کر چکی ہیں۔ بندگانِ خدا کی کثیر تعداد اس سے فائدہ اٹھا رہی ہے۔ بیرون ممالک کے لیے ہم نے اپنی کتب کے حقوق طبع محفوظ نہیں رکھے۔ اس لیے انڈیا [دیوبند، سہارنپور، ممبئی وغیرہ ]، ترکی ، افغانستان بنگلہ دیش اور دیگر ممالک میں ہماری کتب مسلسل شائع ہو رہی ہیں۔
بعض کتب کے اردو کے علاوہ دیگر زبانوں [انگلش ، فارسی ، پشتو وغیرہ ] میں تراجم ہو چکے ہیں۔ باقی کتب کی ٹرانسلیشن پر بھی پیش رفت حوصلہ افزا ہے۔
12: رحمۃ للعالمینﷺ لائبریری:
مرکز اہل السنت والجماعت میں دن رات خالص عقائد کی محنت جاری ہے اس کے ساتھ ساتھ ملحدانہ ، مبتدعانہ اور متجددانہ نظریات ، مسائل اور رسوم کا علمی اور اصولی انداز میں تعاقب کیا جارہا ہے۔
اس لیے کتب کی ضرورت سے انکار کی گنجائش نہیں۔اس حوالے سے مرکز میں ایک وسیع لائبریری بھی موجود ہے، چونکہ کام برابر بڑھ رہا ہے اس لیے مزید کتب کے اضافے کی ضرورت بھی ناگزیر ہو رہی ہے۔ دیکھیے اللہ تعالیٰ کس صاحب دل شخص کا اس بارے انتخاب فرما کر اشاعت و تحفظ دین کی سعادت بخشتے ہیں۔
13: مکتبہ اہل السنت والجماعت:
اہل السنت والجماعت کی فکر و نظر ، ان کے عقائد و ایمانیات اور مسائل و دلائل؛ لوگوں کو فراہم کرنے میں” مکتبہ اہل السنت والجماعت“جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کثیر تعداد میں علمی و فکری کتابیں ، پاکٹ سائز بکس ، پوسٹرز ، پمفلٹس ، آڈیو کیسٹیں، ویڈیو سی ڈیز اور میموری کارڈز کی ترسیل اور ہوم ڈلیوری سہولیات کی خدمات سر انجام دے رہا ہے۔
14: احناف ٹرسٹ:
عوام الناس کی رفاہی خدمات میں سرگرم مرکز اہل السنت والجماعت کا یہ شعبہ بھی کافی فعال ہے۔ آفت زدہ علاقوں میں خلق خدا کی کثیر تعداد کو ٹرسٹ نے اپنی وسعت کے مطابق راشن ، خیمے ، لباس خوراک اور دیگر ضروریات مہیا کی ہیں۔اس کے اغراض و مقاصد درج ذیل ہیں۔
قدرتی آفات کے متاثرین کی قانونی دائرے میں رہتے ہوئے ہر ممکن امداد
عوام کیلیے دینی ،علمی ، اصلاحی اور تاریخی کتب پر مشتمل لائبریریوں کا قیام۔
دینی و عصری علوم سے ہم آہنگ اداروں کا قیام۔
علماء، مبلغین اور طلباءکی معاشی ضروریات کا انتظام۔
باصلاحیت اور مستحق طلباء و طالبات کی تعلیمی کفالت۔
بے سہارا ، نادار اور مفلس لوگوں کی کفالت۔
خواتین کو ہنر مند بنانے کے لیے ووکیشنل سنٹرز کا قیام۔
فری ڈسپنسریز کا قیام اور ایمبولینس سروس کی سہولت۔
15: شعبہ مبلغین:
مرکز اہل السنت والجماعت سے ایک سالہ تخصص فی التحقیق والدعوة مکمل کرنے والے فضلاءمیں سے چند مخصوص نوجوانوں پر مشتمل افراد کی اس شعبہ میں تشکیل کی گئی ہے۔
جو اپنے اپنے علاقوں میں دروس القرآن ، دروس الحدیث ، صراط مستقیم کورس ، فکری ، نظریاتی اور تربیتی نشستیں ، اصلاحی بیانات اور اہل باطل کے پیدا کردہ شکوک و شبہات کے مدلل جوابات دینے کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
قارئین کرام !آئیے ہم سب دست بدعا ہو کر اللہ تعالیٰ سے عالمِ اسلام کے تمام مسلمانوں کی کامیابیاں و کامرانیاں مانگیں ، کرہِ ارضی پر بسنے والے تمام اہل ایمان کے لیے عافیت مانگیں ، تمام دینی اداروں کی ترقی و خوشحالی مانگیں ، علماء، مشائخ ، صوفیاء، طلباءاور اللہ کے راستے میں اپنی جانوں کی قربانیاں دینے والوں کی حفاظت و سلامتی مانگیں ، مرکز اہل السنت والجماعت کی مزید دینی ،مسلکی ، تعلیمی ، سماجی اور رفاہی خدمات میں اضافے اور اس کی قبولیت مانگیں۔