انتخابات کے بعد کیا کریں؟

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
انتخابات کے بعد کیا کریں؟
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے عام انتخابات کا مرحلہ بخیر و خوبی مکمل ہو چکا ہے، اس موقع پر ملک کے جن حصوں میں ناخوشگوار واقعات پیش آئے بالخصوص کوئٹہ کا سانحہ جس میں 130 کے قریب افراد لقمہ اجل بن گئے اس پر تمام اہل وطن دکھی ہیں۔ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والے تمام مسلمانوں کی مغفرت فرمائے، زخمیوں کو مکمل صحت یاب فرمائے اور ملک کو سالمیت و استحکام نصیب فرمائے۔
جب سے عام انتخابات کا اعلان ہوا تھا اس وقت سے آج دن تک عوام و خواص مسلسل سیاسی تجزیوں میں مصروف عمل ہیں۔ الیکشن والے دن سے آج دن تک لوگوں کی توجہات کا مرکز ملک میں سیاسی اتھل پتھل بنی ہوئی ہے۔ ہر شخص اپنے ذہن کے مطابق سوچ رہا ہے اورمسلسل بول بھی رہا ہے، اس موقع پر پہلے بھی چند باتیں عرض کی تھیں کہ اب کچھ مزید عرض کی جاتی ہیں۔ اس وقت مجموعی طور پر تین طرح کے طبقات ہمارے سامنے موجود ہیں:جیتنے والا، ہارنے والا اور عوام
جیتنے والے کیا کریں؟

1.

اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں۔

2.

عوام کا شکریہ ادا کریں۔

3.

آپ کے کندھوں پر بہت بڑی عوامی ذمہ داری آن پڑی ہے اس کو احسن طریقے سے نبھانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔

4.

ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدات کو مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

5.

اقرباء پروری کے بجائے میرٹ کی بنیاد پر فیصلے کریں۔

6.

علاقے کے لوگوں کی ضروریات کو پورا کریں۔

7.

جن لوگوں کے بارے میں آپ کو یقین بھی ہو کہ انہوں نے آپ کو ووٹ نہیں دیا تھا ان کے کام بھی کریں۔

8.

منصب اور عہدے کی وجہ سے کسی پر دباؤ نہ ڈالیں۔

9.

قومی خزانہ آپ کے پاس عوامی امانت ہے اسےذاتی استعمال میں خرچ نہ کریں۔

10.

تعلیم، صحت اور روزگار کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کریں۔

11.

اسمبلی میں اپنے علاقے کی بہتری کے لیے موثر آواز بلند کریں۔

12.

آپ کے مقابلے میں جو امیدوار تھے ان سے بہتر راہ و رسم رکھیں۔

13.

اگر ان کی مشوروں کی ضرورت ہو تو دل بڑا رکھ کر ان سے مشورہ بھی کریں۔

14.

ان کی ذات کو طعن و تشنیع کا شکار نہ بناتے رہیں۔

15.

اللہ سے دعاء کریں کہ وہ آپ کوآئندہ بھی قوم کی خدمت کا موقع عطا فرمائے۔
ہارنے والے کیا کریں؟

1.

آپ بھی اللہ کا شکر ادا کریں کہ آپ کے حق میں اسی میں خیر ہو گی۔

2.

اپنے رویوں پر ٹھنڈے دل سے غور کریں۔

3.

اپنی کمزوریوں کو دور کرنے کی فکر کریں۔

4.

آئندہ انتخابات تک مکمل محنت کریں

5.

عوام سے گلے شکوے نہ کریں۔

6.

بے لوث ہو کر عوام کے خوشی و غمی میں برابر شریک ہوتے رہیں۔

7.

عوامی سہولیات کا دروازہ بند نہ کریں۔

8.

دوسرے فریق کو جیتنے پر مبارکباد پیش کریں۔

9.

دوسرے فریق کو طعن و تشنیع کا شکار نہ بنائیں۔

10.

اللہ سے دعا مانگیں کہ وہ آپ کوآئندہ قوم کی خدمت کا موقع عطا فرمائے۔
عوام کیا کرے؟

1.

انتخابات عوام کے سیاسی رجحان کے عکاس ہوتے ہیں، جیتنے والا اسےعوامی مینڈیٹ قرار دیتا ہے جو کہ واقعتاً اس کا حق ہے، اس حقیقت سے انکار نہ کریں۔

2.

اس وجہ سےقومی، علاقائی، خاندانی یہاں تک کہ گھریلو رشتوں کو ختم نہ کریں۔

3.

لڑائی جھگڑا کرنا اور قطعی تعلقی کرنا شریعت میں حرام ہے، اس سے بچیں۔

4.

پارٹی سے محبت اور وابستگی کی بنیادیں دو ہونی چاہییں: اسلام اور پاکستان۔ ان دونوں پر دیانت داری سے اپنی رائے قائم کریں اگر آپ کاقائم کردہ رجحان اسلام اور پاکستان کے حق میں بہتر ہے تو اسے برقرار رکھیں ورنہ دین و ملت کے وسیع تر مفاد میں اسے تبدیل کریں۔

5.

سیاسی تجزیہ کاری میں اپنے وقت کو برباد نہ کریں۔

6.

ملکی اداروں اور افواج پاکستان کے خلاف نفرتیں نہ پھیلائیں۔

7.

دنیا کے سامنےاسلام اور پاکستان مخالف قوتوں کو مزید قوت فراہم نہ کریں۔

8.

سوشل میڈیا پرفضول بحثوں سے بچیں۔

9.

دینی اور دنیاوی معاملات کو نظر انداز نہ کریں۔

10.

آپ بھی دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ اسلام اور پاکستان کی حفاظت فرمائے۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو اسلام اور پاکستان کا خیرخواہ اور محافظ بنائے۔
آمین یارب العالمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وسلم
والسلام
محمد الیاس گھمن
خانقاہ حنفیہ، مرکز اھل السنۃ والجماعۃ، سرگودھا
جمعرات، 2 اگست، 2018ء