پیش لفظ

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
پیش لفظ
ہر مسلمان مرد وعورت پر اتنا علم سیکھنا فرض ہے جس سے وہ اپنی یومیہ زندگی میں صبح کی بیداری سے لے کر رات سونے تک کے اعمال اور مسائل میں شرعی رہنمائی حاصل کر سکے۔ انسان کے لیے اپنے عقائد، اعمال اور اخلاق کو درست کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ دنیا اور آخرت میں سرخرو ہو۔
علمائے کرام تقریر و تحریر کے ذریعے امت کی رہنمائی کر رہے ہیں اور عقائد، اعمال اور اخلاق کی اصلاح کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔ اسی سلسلہ کی ایک کڑی زیر نظر ”صراط مستقیم کورس“ بھی ہے جسے بندہ نے عوام الناس کے لیے ترتیب دیاہے۔ کورس کی ترتیب کے وقت ہمارے سامنے عوام کے لیے درج ذیل امور پیش نظر تھے:
1: بنیادی عقائد و نظریات سے واقف ہونا۔
2: عبادات مثلاً نماز، روزہ، ز کوٰۃ، حج وغیرہ کی ادائیگی کا طریقہ کار معلوم ہونا۔
3: اچھے اخلاق مثلاً صبر وشکر، عفوو حلم، سخاوت وشجاعت اور حیاء وغیرہ کا حامل ہونا اور برے اخلاق مثلاً حسد و کینہ، بخل و بزدلی، کبر و عجب اور بے جا غصہ وغیرہ سے بچنا۔
4: اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی شریعت کے مطابق گزارنا۔
5: مختلف مواقع کی مسنون دعائیں یاد کرنا اور ان کا اہتمام کرنا۔
کورس کی ترتیب:
کورس چالیس اسباق پر مشتمل ہے۔ ہر سبق ان پانچ اجزاء پر مشتمل ہے:
1: قرآن مجید کی آیت/ آیات
2: حدیث مبارک
3: عقیدہ
4: مسئلہ
5: مسنون دعا
ان اجزاء کے بارے میں مختصر معلومات ”چند ابتدائی باتیں“ کے عنوان سے ایک مقدمہ میں ذکر کی گئی ہیں جو اسباق شروع ہونے سے پہلے دیا گیا ہے۔
کورس پڑھانے کا طریقہ:
1: کورس کے اسباق شروع کرنے سے پہلے یہ مقدمہ ”چند ابتدائی باتیں“ پڑھا دیا جائے تاکہ عقائد اور اعمال کی اہمیت کے ساتھ ساتھ بعض اہم اصطلاحات بھی شرکاء کے سامنے آ جائیں۔
2: کورس کے چالیس اسباق ہیں۔ وقت اور سہولت کے پیش نظراسباق پڑھانے کی کوئی بھی مناسب ترتیب بنائی جا سکتی ہے۔ اگر کورس کا دورانیہ چالیس دن کا ہو تو یہ کورس ایک سبق روزانہ کی بنیاد پر چالیس دنوں میں ختم ہو سکتا ہے۔ اگر دورانیہ بیس دن کا ہو تو دو اسباق روزانہ کے حساب سے پڑھایا جا سکتا ہے۔ استاذ صاحب کو چاہیے کہ کل وقت اور روزانہ دورانیے کا تعین طلبہ کے مشورہ سے کر کے اسباق پڑھائیں۔
3: کورس پڑھانے کے لیے یومیہ وقت کو تین حصوں میں تقسیم کر لیا جائے۔ ایک حصہ سبق پڑھانے، ایک سبق یاد کرنے اور ایک گزشتہ سبق سننے میں لگایا جائے۔ اس طرح ان شاء اللہ اچھے نتائج حاصل ہوں گے۔
4: کورس کے اختتام پر شرکاء کو ایک سند جاری کی جائے جو مکتبہ اھل السنۃ والجماعۃ سرگودھا (رابطہ نمبر: 0321- 6353540) سے حاصل کی جا سکتی ہے۔ اسناد تقسیم کرنے کے لیے ایک تقریب منعقد کر لی جائے۔ ممکن ہو تو مرکز اھل السنۃ والجماعۃ سرگودھا سے رابطہ کر کے کسی استاذ یا معلمہ کو بلا لیا جائے اور اس سے ہاتھ سے اسناد تقسیم کی جائیں ورنہ مقامی سطح پر کسی عالم دین یا عالمہ کو بلا لیا جائے۔
بہنوں سے گزارش ہے کہ اگر کوئی غلطی دیکھیں تو مطلع فرمائیں تاکہ آئندہ ایڈیشن میں اس کی اصلاح کی جا سکے۔
اللہ تعالیٰ امت کو افراط وتفریط سے محفوظ فرماتے ہوئے راہِ اعتدال پر گامزن رکھے اور اس کورس سے طالبات کااستفادہ آسان فرمائے۔
آمین بجاہ النبی الکریم صلی اللہ علیہ وعلی آلہ واصحابہ و ازواجہ واھل بیتہ اجمعین۔
محتاج دعا
محمدالیاس گھمن
مرکز اھل السنۃ والجماعۃ سرگودھا