تیسرا سبق

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
تیسرا سبق
[1]: باری تعالیٰ کا تعارف
﴿اَلْحَمْدُ لِلهِ رَبِّ الْعٰلَمِيْنَ؁ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ؁ مٰلِكِ يَوْمِ الدِّيْنِ؁ اِيَّاكَ نَعْبُدُ وَاِيَّاكَ نَسْتَعِيْنُ؁﴾
ترجمہ: تمام تعریفیں اللہ کے لیے ہیں جو تمام جہانوں کا رب ہے، جو بڑا مہربان اور نہایت رحم کرنے والا ہے، قیامت کے دن کا مالک ہے، ہم تیری ہی عبادت کرتے ہیں اور تجھ ہی سے مدد چاہتے ہیں۔
[2]: چالیس احادیث یاد کرنے کی فضیلت
عَنْ اَبِی الدَّرْدَآئِ رَضِیَ اللہُ عَنْہُ قَالَ قَالَ رَسُوْلُ اللہِ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ: "مَنْ حَفِظَ عَلٰی اُمَّتِیْ اَرْبَعِیْنَ حَدِیْثاً فِیْ اَمْرِ دِیْنِھَا بَعَثَہُ اللہُ فَقِیْھًا وَ کُنْتُ لَہُ یَوْمَ الْقِیَامَۃِ شَافِعاً وَّ شَہِیْداً."
(شعب الایمان للبیہقی:ج2ص240 باب فی طلب العلم)
ترجمہ: حضرت ابو الدرداء رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص میری امت کے دینی امور کے متعلق چالیس حدیثیں یاد کرے گا اللہ تعالیٰ اس کو فقیہ بنا کر اٹھائیں گے اور میں قیامت کے دن اس کے لیے سفارش کروں گا اور (اس کے حق میں) گواہی دوں گا۔
[3]: عموم قدرت وتقدیر باری تعالیٰ
عموم قدرت باری تعالیٰ:
اللہ تعالیٰ اپنے کیے ہوئے فیصلوں کے تبدیل کرنے پر قادر ہیں اگرچہ وہ اپنے فیصلوں کو بدلتے نہیں۔
تقدیر باری تعالیٰ:
اس عالم میں جو کچھ ہوتاہے یا ہوگا وہ سب کچھ ہونے سے پہلے ہی اللہ تعالیٰ کے علم میں ہے اور اللہ تعالیٰ اپنے علم کے موافق ہر چیز کو پیدا فرماتے ہیں۔ تقدیر؛علمِ الہی کانام ہے نہ کہ امر ِالہی کا۔
[4]: جوٹھے پانی کے احکام
جو حکم جاندار کے گوشت کا ہے وہی حکم اس کے پسینے، لعاب اورجوٹھے کا ہے۔
1: انسان اور گھوڑے کا پسینہ، لعاب اور جوٹھاپاک ہے۔
2: بلی کا جوٹھا پاک ہے لیکن اس سے طہارت حاصل کرنا مکروہ تنزیہی ہے۔
3: چوہے، سانپ اور چھپکلی وغیرہ کا جوٹھا مکروہ ہے۔
4: گدھے اور خچر کا جوٹھامشکوک ہے یعنی پاک تو ہے لیکن اس بات میں شک ہے کہ اس سے طہارت حاصل ہوتی ہے یا نہیں!
[5]: بیت الخلاء میں جانے کی دعا
بِسْمِ اللہِ اللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَعُوْذُبِکَ مِنَ الْخُبُثِ وَ الْخَبَاِئثِ.
(کتاب الدعاء للطبرانی: ص132 باب القول عند دخول الخلاء)
ترجمہ: اللہ کے نام کے ساتھ، اے اللہ! میں شریر جنوں اور جنیوں سے تیری پناہ مانگتی ہو ں۔