آخری گزارش

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
آخری گزارش
سبز ہلالی پرچم لہرائیے:!
دنیابھر کی اقوام اپنے وطن سے محبت کرتی ہیں اور کرنی بھی چاہیے۔ اسی طرح پاکستانی قوم بھی اپنے وطن سے محبت کرتی ہے، محبت کا اصل مقتضاء تو یہ ہے کہ اس کی تعمیر و ترقی میں اپنی صلاحیتیں کھپا دی جائیں۔ اس کا نام روشن کرنے اور دیگر ممالک کے مقابلے میں پرامن، خوشحال، ترقی یافتہ بنانے میں ہر پاکستانی شہری اپنا کردار ادا کرے۔ دوسری بات یہ ہے کہ دنیا کی ہرقوم اپنے ملکی پرچم کو قدر اور احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور دیکھنا بھی چاہیے۔ ہمیں بھی سبز ہلالی پرچم کی عظمت کو سمجھنا ہوگا۔ یہ پرچم دیگر ممالک کی طرح محض پرچم ہی نہیں بلکہ اس سے اسلامی جمہوریہ پاکستان کا تشخص ابھر رہا ہے۔ یعنی اسلام اور وطن دونوں کی عظمت کا علَم ہے۔
میں تمام اہلیان پاکستان سے گزارش کرتا ہوں کہ یہ ہم سب کا ملک ہے، اس کی آزادی بہت قربانیوں کے بعد نصیب ہوئی ہے، اس کے یوم آزادی پر ہمیں خوش ہونا چاہیے اور پوری دنیا کو یہ پیغام دینا چاہیے کہ ہم اللہ کی اس دی ہوئے عظیم الشان نعمت پر اس کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں۔ اس لیے یکم اگست سے ہی آپ اپنے گھر، دکان، دفتر، ادارے پر پاکستان کا پرچم لہرا دیا کریں اور بطور خاص 14 اگست کو استحکام پاکستان سیمینار / کانفرنس وغیرہ کا اہتمام کیا کریں۔
اس لیےہمیں اپنے تعلیمی ادارے، تجارتی مراکز، گھروں اور دفاتر وغیرہ پر سبز ہلالی پرچم لہرانا چاہیے بالخصوص یوم آزادی کے موقع پر اس کا بھر پور اہتمام کرنا چاہیے۔ہم اس کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدات کی رکھوالی کے لیے تن من دھن کی بازی لگادینے کو تیار ہیں۔
مرکز اہل السنت میں پرچم کشائی:
اس حوالے سے قرآن، سنت اور فقہ کی اشاعت و تحفظ کے عالمی ادارے مرکز اہل السنت والجماعت 87جنوبی سرگودھا میں اس کا بھرپور اہتمام کیا جاتا ہے۔ یوم آزادی پر مرکز اہل السنت والجماعت میں پرچم کشائی کی تقریب کاجبکہ استحکام پاکستان کے نام سے پُروقار سیمینار کا بھرپور انعقاد کیا جاتا ہے۔ جس میں تلاوت، نعت، قومی ترانہ اور پاکستان کے استحکام وسالمیت کے عنوان پر پُرمغز بیان ہوتا ہے۔ آخر میں پاکستان کے استحکام کے لیے خوب دعائیں کی جاتی ہیں۔
دردمندانہ اپیل:
میری تمام پاکستانیوں سے دردمندانہ اپیل ہے کہ ملکی ترقی و استحکام کے لیے تمام تر اختلافات بھلا کر اس پرچم کے سائے تلے ایک ہو جائیں۔ یہ ملک اللہ کریم کا انعام، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا فیضان، علمائے حق کا احسان، قائد اعظم اور اقبال کی دلی امنگوں کا ترجمان اور مسلمانان برصغیر کی قربانیوں کی عظیم داستان ہے۔ اس کو دہشت گردی، فرقہ واریت اور تخریب کاری سے محفوظ بنانے کے لیے یک دل اور یکجان ہو جائیے۔
آئیں! عزم کریں کہ جیسے ہمارے آباؤ اجداد نے قربانیاں دے کر پاکستان بنایا تھا ویسے ہم قربانیاں دے کر پاکستان بچائیں گےکیونکہ جیسے یہ آپ کا پاکستان ہے بالکل اسی طرح یہ ہے :