مقامِ صحابیت حصہ اول

User Rating: 3 / 5

Star ActiveStar ActiveStar ActiveStar InactiveStar Inactive
 
مقامِ صحابیت )حصہ اول(
اللہ تعالیٰ نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین کو جو مقام و مرتبہ عطا فرمایا ہے اس مقام تک امت کے باقی افراد عبادتیں، ریاضتیں اور محنتیں کر کے بھی کبھی نہیں پہنچ سکتے۔ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے مقام و مرتبے کوقرآن و سنت اور اجماع امت میں بہت خوبصورت انداز میں ذکر کیا گیا ہے، اسی پر ہمارا ایمان ہے۔ اگر کسی تاریخی روایت سے ان کے مقام و مرتبے میں ذرہ برابر بھی کمی آئے تو ہم قرآن و سنت اور اجماع امت کے مقابلے میں ایسی تاریخی روایت کو کسی صورت تسلیم نہیں کرتے کیونکہ یہ ہمارے ایمان کا مسئلہ ہے۔
صحابی کی تعریف:
امام احمد بن علی بن حجر العسقلانی رحمہ اللہ )م: 852ھ(فرماتے ہیں:وَهُوَ مَنْ لَقِيَ النَّبِيَّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مُؤْمِنًا بِهٖ وَمَاتَ عَلَى الْإِسْلَامِ.
نزہۃ النظر شرح نخبۃ الفکر ،ص:133
ترجمہ: ہر اس شخص کو صحابی کہتے ہیں جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ایمان کی حالت میں ملے اور حالتِ اسلام ہی پر فوت / شہید ہو ۔
صحابی کےلیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے محض ملاقات کافی ہے یہ ضروری نہیں کہ وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بات کو سنے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے گفتگو کرے ۔ یہاں نہ لفظِ ”بصر “ ہے جس کا معنی ہوتا ہے دیکھنا، نہ لفظِ ” کلام“ ہےجس کا معنی ہوتا ہے بات کرنا اور نہ لفظِ ”سمع“ ہے جس کا معنی ہوتا ہے سننا۔ لہٰذا جو شخص رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی محفل میں ایمان کی حالت میں شریک ہو جائے وہ” صحابی“ کہلاتا ہے ۔
ذیل میں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے بارے اہلِ اسلام کے چند عقائد درج کیے جاتے ہیں ۔
1:صحابہ کرام پکے مومن ہیں:
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین پکے سچے مومن ہیں۔ قرآن کریم میں اللہ رب العزت فرماتے ہیں:
وَ الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا وَہَاجَرُوۡا وَجٰہَدُوۡا فِیۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ وَالَّذِیۡنَ اٰوَوۡا وَّ نَصَرُوۡۤا اُولٰٓئِکَ ہُمُ الۡمُؤۡمِنُوۡنَ حَقًّا ؕ لَہُمۡ مَّغۡفِرَۃٌ وَّ رِزۡقٌ کَرِیۡمٌ
سورۃ الانفال، رقم الآیۃ:74
ترجمہ: اور جو لوگ )اول (مسلمان ہوئے اور انہوں نے )ہجرت نبویہ کے زمانہ میں( ہجرت کی اور اللہ تعالیٰ کی راہ میں جہاد کرتے رہے اور جن لوگوں نے )ان مہاجرین کو( اپنے یہاں ٹھہرایا اور ان کی مدد کی یہی پکے مومن ہیں ان کےلیے )آخرت میں( بڑی مغفرت اور) جنت میں( بڑی معزز روزی ہے۔
مفتی اعظم پاکستان مفتی محمد شفیع عثمانی رحمہ اللہ )م: 1396ھ) فرماتے ہیں :
”آیت میں مکہ سے ہجرت کرنے والے صحابہ، ان کی مدد کرنے والے انصارِ مدینہ کی تعریف و ثنا ان کے سچا مسلمان ہونے کی شہادت،ان سے مغفرت اور باعزت روزی کا وعدہ مذکور ہے ارشاد فرمایا:اُولٰٓئِکَ ہُمُ الۡمُؤۡمِنُوۡنَ حَقًّا“
تفسیر معارف القرآن، تحت آیت مذکورہ
2:صحابہ کرام عادل ہیں :
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے عادل ہونے کا معنی یہ ہے کہ ان میں شریعت کے متعلق گواہی دینے کی اہلیت موجود ہے اور ان کی بات کو سچی گواہی کے طور پر تسلیم کیا جاتاہے۔ دین اسلام کا مدار انہی کی روایات، مرویات اورشہادات پر ہے اور ان کی روایات و شہادات کا انحصار ان کی ذات کے عادل ہونے پر ہے۔ الغرض ان کو سچا اور عادل تسلیم کرنے سے دین بچتا ہے اور انہیں عادل تسلیم نہ کرنے سے سارا دین بے بنیاد اور باطل ٹھہرتا ہے ۔
امام محمد بن احمد بن ابی بکر القرطبی رحمہ اللہ )م: 671ھ ( فرماتے ہیں :
فَالصَّحَابَةُكُلُّهُمْ عُدُولٌ أَوْلِيَاءُ اللهِ تَعَالٰى وَأَصْفِيَاؤُهُ وَخِيَرَتُهُ مِنْ خَلْقِهِ بَعْدَ أَنْبِيَائِهِ وَرُسُلِهِ. هَذَا مَذْهَبُ أَهْلِ السُّنَّةِ وَالَّذِي عَلَيْهِ الْجَمَاعَةُ مِنْ أَئِمَّةِ هَذِهِ الْأُمَّةِ.
تفسیر القرطبی، تحت سورۃ الفتح
ترجمہ: تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم عادل ہیں، اللہ تعالیٰ کے محبوب اور ولی ہیں، اللہ کے ہاں ان کا بہت بلند مقام ہے ۔ انبیاء اور رسل علیہم السلام کے بعد ساری مخلوق میں سب سے زیادہ بہتر اور اچھے انسان ہیں ۔ یہ اھل السنۃ کا مذہب ہے جس پر اس امت کے اہل علم کی جماعت متفق ہے ۔
3:صحابہ کرام محفوظ ہیں:
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے محفوظ ہونے کا معنی یہ ہے کہ اگر ان میں سے کسی ایک سے بشری تقاضوں کے مطابق کبھی کوئی گناہ ہو جائے تو اللہ تعالیٰ ان کے ذمے میں وہ گناہ باقی نہیں رہنے دیتے یعنی دنیا میں اس گناہ سےمعافی اور اس گناہ کی وجہ سے ملنے والے اُخروی عذاب سے ان کو محفوظ فرما لیتے ہیں ۔
وَ لَقَدۡ صَدَقَکُمُ اللہُ وَعۡدَہٗۤ اِذۡ تَحُسُّوۡنَہُمۡ بِاِذۡنِہٖ ۚحَتّٰۤی اِذَا فَشِلۡتُمۡ وَ تَنَازَعۡتُمۡ فِی الۡاَمۡرِ وَ عَصَیۡتُمۡ مِّنۡۢ بَعۡدِ مَاۤ اَرٰىکُمۡ مَّا تُحِبُّوۡنَ ؕمِنۡکُمۡ مَّنۡ یُّرِیۡدُ الدُّنۡیَا وَ مِنۡکُمۡ مَّنۡ یُّرِیۡدُ الۡاٰخِرَۃَ ۚثُمَّ صَرَفَکُمۡ عَنۡہُمۡ لِیَبۡتَلِیَکُمۡ ۚوَ لَقَدۡ عَفَا عَنۡکُمۡ ؕ وَ اللہُ ذُوۡ فَضۡلٍ عَلَی الۡمُؤۡمِنِیۡنَ ﴿۱۵۲﴾
سورۃ اٰل عمران، رقم الآیۃ: 152
ترجمہ: اور اللہ تعالیٰ نے تم سے اپنا وعدہ سچ کر دکھلایا جب تم اللہ کے حکم سے ان )کافروں (کو قتل کرنے لگے یہاں تک کہ جب تم بے ہمت ہو گئے اور ایک معاملہ میں )مورچے پر ٹھہرنے اور نہ ٹھہرنے کے بارے )آپس میں جھگڑا بھی کیا اور تم اس بارے پیغمبر کے حکم کی خلاف ورزی کر بیٹھے۔ اس کے بعد اللہ نے تمہیں وہ چیز(میدانِ جنگ میں فتح ، دشمن پر غلبہ اور اس سے حاصل ہونے والا مالِ غنیمت( دکھا دی جو تم پسند کرتے تھے۔ تم میں سے کچھ ایسے ہیں جو دنیا )کے اسباب یعنی مال غنیمت ( کا ارادہ کرتے ہیں اور بعض ایسے ہیں جو آخرت )کے ثواب( کا ارادہ کرتے ہیں۔پھر اللہ تعالیٰ نے تمہیں آزمائش میں ڈالنے کے لیے ان سے پھیر دیا (یعنی کچھ وقت کےلیے اپنی مدد موقوف کر دی) پکی بات ہے کہ اللہ نے تمہیں معاف فرما دیا ہے اور وہ اہل ایمان پر فضل فرمانے والا ہے۔
اِنَّ الَّذِیۡنَ تَوَلَّوۡا مِنۡکُمۡ یَوۡمَ الۡتَقَی الۡجَمۡعٰنِ ۙ اِنَّمَا اسۡتَزَلَّہُمُ الشَّیۡطٰنُ بِبَعۡضِ مَا کَسَبُوۡا ۚ وَ لَقَدۡ عَفَا اللہُ عَنۡہُمۡ ؕ اِنَّ اللہَ غَفُوۡرٌ حَلِیۡمٌ
سورۃ اٰل عمران، رقم الآیۃ: 155
ترجمہ: دو فوجوں کی باہمی لڑائی)غزوہ اُحد( والے دن جو لوگ تم میں سے پیچھے ہٹ گئے، شیطان نے انہیں اُن کے بعض )پہلے والے(گناہوں کی وجہ سے بہکایا۔ یقیناً اللہ تعالیٰ نے اُنہیں اس کی بھی معافی دے دی۔ بے شک اللہ تعالیٰ کی ذات بخشنے والی اور بردبار ہے ۔
لَقَدۡ تَّابَ اللہُ عَلَی النَّبِیِّ وَ الۡمُہٰجِرِیۡنَ وَ الۡاَنۡصَارِ الَّذِیۡنَ اتَّبَعُوۡہُ فِیۡ سَاعَۃِ الۡعُسۡرَۃِ مِنۡۢ بَعۡدِ مَا کَادَ یَزِیۡغُ قُلُوۡبُ فَرِیۡقٍ مِّنۡہُمۡ ثُمَّ تَابَ عَلَیۡہِمۡ ؕ اِنَّہٗ بِہِمۡ رَءُوۡفٌ رَّحِیۡمٌ
سورۃ التوبۃ، رقم الآیۃ:117
ترجمہ: حقیقت یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے نبی کریم اور مشکل وقت میں ان کا ساتھ دینے والے مہاجرین و انصار پر نظر رحمت فرمائی وہ ایسا مشکل وقت تھا کہ جب یہ اندیشہ ہونے لگا کہ ان میں سے ایک گروہ کے دل ڈگمگا جائیں گے۔ اللہ تعالیٰ نے ان کے حال پر مہربانی فرمائی یقینا ًوہ ذات ان کےلیے بہت شفیق اور مہربان ہے ۔
4: صحابہ کرام تنقید سے بالاتر ہیں :
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے تنقید سے بالاتر ہونے کا معنی یہ ہے کہ ان کےکسی قول و فعل پر ایسا تاریخی/ معاندانہ تبصرہ کرناجس سے مقصد ان کی شخصیت کو مجروح کرنا ہو یا ان کی شان میں کمی کرنی ہو ایسی تاریخی بات اور معاندانہ تبصرے کرنا حرام ہے ۔تنقید کی دو ممکنہ صورتیں بن سکتی ہیں : ایمان پر تنقید اور اعمال پر تنقید لیکن دونوں ممنوع ہیں ۔
ایمان پر تنقید نہیں ہو سکتی:
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے ایمان پر تنقیداس لیے نہیں ہو سکتی کیونکہ اللہ تعالیٰ نے ان کے ایمان کو معیار قرار دیا ہے ۔
فَاِنۡ اٰمَنُوۡا بِمِثۡلِ مَاۤ اٰمَنۡتُمۡ بِہٖ فَقَدِ اہۡتَدَوۡا ۚ
سورۃ البقرۃ، رقم الآیۃ:137
ترجمہ: اگر وہ لوگ ایسے ایمان لائیں جیسے تم )صحابہ (ایمان لائے ہو تو پھر وہ کامیاب ہوں گے یعنی ان کا ایمان مقبول ہوگا ۔
اعمال کی وجہ سے تنقید نہیں ہو سکتی:
پہلی بات تو یہ ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے شرفِ صحابیت میں ان کے اعمال کو سرے سے دخل ہی نہیں کہ ان کے اعمال کو لے کر ان پر تنقید ہو سکے۔ دوسری بات یہ ہے کہ جن اعمال کی وجہ سے تنقید کرنی ہے وہ اعمال اللہ نے معاف فرما دیے ہیں ۔ جن باتوں کو اللہ تعالیٰ نے معاف کر دیا ہو انہی باتوں کو لے کر اُن پر تنقید کرنا کہاں کی عقلمندی ہے؟
اعمال کی باز پرس اور ان پر عذاب دینے کا حق صرف اللہ تعالیٰ کو ہے ایک لاکھ چوبیس ہزار صحابہ میں سے اِکّا دُکّا کسی سے کبھی کچھ لغزش ہو گئی جسے بعد میں خود اللہ تعالیٰ نے معاف بھی فرما دیا تو اب خود اس صحابی پر یا اس کی وجہ سے پوری جماعتِ صحابہ کو تنقید کا نشانہ بنانا بے وقوفی کے سوا اور کیا ہو سکتا ہے ؟
چمنستانِ دنیا اور چمنستانِ نبوت:
ایک بہت بڑا پھولوں کا باغ ہو جس میں رنگارنگ کےہزاروں / لاکھوں خوبصورت پھول اپنی خوشبوئیں بکھیر رہے ہوں ،ہر ایک پھول کی رنگت اور مہک سے دور دور تک فضا معطر اور باغ کی دل کشی بڑھ رہی ہو ان ہزاروں / لاکھوں پھولوں میں اگر ایک دو پھول گرمی کی سخت لُو سے کچھ دیرکے لیے مرجھا گئے یا جھلس گئے ہوں پھر چمن کے مالی نے اُن کی دیکھ بھال کر کے دوبارہ انہیں اس قابل بنا دیا ہو کہ وہ باغ میں اپنی رنگت اور مہک سے حسن اور معطر فضا کا باعث بن گئے ہوں۔ بھلا ان ایک دو پھولوں کے کچھ وقت کے مُرجھا جانے سے سارے چمن کے ہزاروں /لاکھوں پھولوں پر کیسے تنقید کی جا سکتی ہے؟
نہیں بالکل نہیں!اسی طرح چمنستانِ نبوت میں ایک لاکھ چوبیس ہزار کھلے ہوئے پھولوں)صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین( میں سے ایک دو کسی وجہ سے کچھ دیر کےلیے مرجھا بھی گئے اور بعد میں اللہ تعالیٰ نے انہیں دوبارہ شادابی بخش دی اور انہوں نے چمنستانِ نبوت کو اپنے وجود سے دوبارہ حُسن اور مہک بخشی ہو اس طرح کے دوبارہ شادابی سے کھلنے والے پھولوں کی آڑ لے کر پورے چمنستانِ نبوت کو تنقید کا نشانہ بنانا، بھلا کیسے اور کہاں تک درست ہو سکتا ہے؟
5:صحابہ کرام خدائی انتخاب ہیں:
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے خدائی انتخاب ہونے کا معنی یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جیسے نبوت ورسالت کےلیے انبیاء و رسل علیہم السلام کا انتخاب فرمایا اسی طرح اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کو بھی خود منتخب فرمایا۔ معلوم یہ ہوا کہ مقام صحابیت محض اللہ کی طرف سے عطا کردہ ایک عظیم الشان منصب ہے اس کو حاصل کرنے میں انسان کی کوششوں کو دخل نہیں ہے۔
عَنْ جَابِرِ بْنِ عَبْد الله رَضِیَ اللہُ عَنْہُ: قَالَ: رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: إِنَّ اللهَ اِخْتَارَ أَصْحَابِي عَلَى جَمِيعِ الْعَالَمِينَ سِوَى النَّبِيِّينَ وَالْمُرْسَلِينَ وَاخْتَارَ لِي مِنْ أَصْحَابِي أَرْبَعَةً أَبَا بَكْرٍ وَعُمَرَ وَعُثْمَانَ وَعَلِيًّا فَجَعَلَهُمْ خَيْرَ أَصْحَابِي وَفِي أَصْحَابِي كُلِّهِمْ خَيْرٌ۔
اصول السنۃ لابن ابی زمنین، رقم الحدیث:191
ترجمہ: حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالیٰ نے انبیاء و رسل کے علاوہ تمام عالَم سے میرے صحابہ کو پسند فرمایا اور بطور خاص میرے )جانشین بننے کے(لیے چار صحابہ کوپسند فرمایا یعنی ابوبکر ، عمر ، عثمان اور علی )رضی اللہ عنہم(ان کو میرا بہترین ساتھی بنایا اور میرے تمام صحابہ میں خیر ہی خیر رکھ دی۔
وَعَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ مَسْعُودٍ رَضِیَ اللہُ عَنْہُ قَالَ: إِنَّ اللهَ عَزَّ وَجَلَّ نَظَرَ فِي قُلُوبِ الْعِبَادِفَوَجَدَ قَلْبَ مُحَمَّدٍ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ خَيْرَ قُلُوبِ الْعِبَادِ فَاصْطَفَاهُ لِنَفْسِهِ وَابْتَعَثَهُ بِرِسَالَاتِهِ ثُمَّ نَظَرَ فِي قُلُوبِ الْعِبَادِ بَعْدَ قَلْبِ مُحَمَّدٍ فَوَجَدَ قُلُوبَ أَصْحَابِهِ خَيْرَ قُلُوبِ الْعِبَادِ فَجَعَلَهُمْ وُزَرَاءَ نَبِيِّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ۔
مجمع الزوائد و منبع الفوائد، رقم الحدیث : 832
ترجمہ: حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے لوگوں کے دلوں پر نظر ِانتخاب فرمائی تو ان میں سے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے دل مبارک کو سب لوگوں کے دلوں سے بہترین پایا چنانچہ انہیں نبوت و رسالت کےلیے منتخب فرمایا پھر اس کے بعد لوگوں کے دلوں پر نظر ِانتخاب فرمائی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کرام کے دلوں کو )انبیاء و رسل علیہم السلام کے علاوہ(تمام لوگوں کے دلوں میں سب سے اچھا پایا چنانچہ انہیں اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا رفیق کار بنادیا۔
خلاصہ یہ ہے کہ

1.

صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین میں سے ہر ایک پکا سچا مومن ہے۔

2.

صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین میں سے ہر ایک عادل ہے ۔

3.

صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین میں سے ہر ایک محفوظ ہے ۔

4.

صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین میں سے ہر ایک ہرقسم کی تنقید سے بالا تر ہے ۔

5.

صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین میں سے ہر ایک خدائی انتخاب ہے۔
اللہ تعالیٰ ہمیں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی سچی محبت، اطاعت اور عقیدت عطا فرمائے ، ان کے نقشِ قدم پر چلائے اور قیامت والے دن ہمارا حشر انہی مقدس شخصیات کے ساتھ فرمائے ۔
آمین بجاہ النبی الکریم صلی اللہ علیہ وآلہ وصحبہ وسلم ۔
والسلام
محمدالیاس گھمن
پیر ،14ستمبر ، 2020ء