گرمیوں کی چھٹیاں

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
گرمیوں کی چھٹیاں
عابد جمشید رانا
موسم گرما کی تعطیلات کی آمد آمد ہے نرسری پریپ کے بچوں سے لے کر گریجوایشن تک کے طلباءوطالبات جوش سے بھرے ہیں۔چھٹیوں کو بھر پور انداز میں انجوائے کرنے کے لیے پروگرامز بن رہے ہیں رات سوتے میں اور دن کو جاگتی آنگھوں سے ننھیال اورپھوپھیوں کے ہاں جانے کے خواب نظر آتے ہیں۔ماﺅں کا ووٹ بچوں کے ماموں اور خالہ کے پلڑے میں ہے جب کہ والد گرامی کی رائے میں بچے اپنی پھوپھی کے ہاں زیادہ خوش رہیں گے، طرفین کے گرماگرم دلائل اور بچوں کی رائے سے کوئی درمیانی راہ نکل ہی آئے گی کہ ننھیال اور ددھیال دونوں کے پاس کچھ دن بِتا لیے جائیں۔
دوسری طرف بھاری بھر کم ہوم ورک اور چھٹیوں کے فوراً بعد امتحانات کا خیال ہی سوہان روح بنا ہوا ہے تاہم یہ خیال فی الحال خوشیوں کے بوجھ تلے دبا ہے اورآخری ہفتے میں ابھرے گا۔ الغرض ایک عجیب جوش وخروش کی فضاءہے اور اس فضاءمیں مناسب معلوم ہوتا ہے کہ ایک بڑی، خوش کن، برکتوں سے بھری، رحمتوں سے گھری، اورسعادتوں سے لپٹی خبر میں اپنی بہنوں کو بھی شریک کیاجائے۔ خبر یہ ہے کہ گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی گرمیوں کی چھٹیوں میں ملک بھر میں اسکولز اور کالجز کے لیے” صراط مستقیم کورس“ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
بہنوں کے لیے خاص خوشخبری یہ ہے کہ اس مرتبہ ہمارے محبوب مدیر اعلیٰ مولانا محمد الیاس گھمن حفظہ اللہ نے اپنی گوناں گوں مصروفیات میں سے وقت نکال کر خواتین کے لیے بھی ”صراط مستقیم کورس“ترتیب دیا ہے۔
کورس کیا ہے ایک حسین گلدستہ ہے، ایک جامع دستاویز ہے یا یوں کہہ لیجئے کہ ایک مرتبہ اور معطر گلشن ہے جس میں ایمان وایقان کی بہاریں بھی ہیں اور مسائل واعمال کے گلہائے رنگا رنگ بھی، قلوب انسانی کو نور وحدت اور محبت الہیہ میں رنگ دینے والی آیات کا انتخاب بھی ہے اور عشق نبیﷺ کو دل میں موجزن کرتی احادیث کے جواہر پارے بھی، مشام روح و جان کو معطر کرتی سنتو ں کاذخیرہ بھی ہے اور روزمرہ کی زندگی کو نورانی طریقوں کے مطابق گزارنے کے لیے جامع اور مختصر دعاﺅں کے حسین پھول بھی۔ سچی بات ہے کہ قلم میں تاب نہیں اور الفاظ میں طاقت نہیںکہ اس مختصر مگر جامع کورس کے محاسن اور خوبیوںکا احاطہ کیا جاسکے۔
مزے کی بات تو یہ ہے کہ اس کورس کو” احناف میڈیا سروس “اور” مکتبہ اہل السنة والجماعة “نے کتابی شکل میں چھاپ بھی دیا ہے۔ ظاہری وباطنی خوبیوں سے مالا مال اس کتاب نے اب الحمد للہ اس کورس سے استفادہ کو بہت آسان کردیا ہے۔
یہاں میں آپ سے ایک سوال کرنا چاہوں گا قیامت کے دن انسانو ں کے دوگروہ ہوں گے ایک گروہ کے چہرے سیاہ ہوں گے ا ور دوسرے گروں کے چہروں پر نور چمکتا ہوگا۔ قرآن تصریح کے مطابق سیاہ چہروں والے تو عذاب میں گرفتار ہوں گے جب کہ نورانی چہروں والے اللہ کی رحمت میں رہیں گے۔ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما کی بتلائی ہوئی تفسیر کے مطابق سفید اور نورانی چہروں والے اہل السنة والجماعة ہوں گے اب آپ بتائیے کہ آپ اپنا اور اپنی دوسری بہنوں کا حشر کس گروہ کے ساتھ ہونا پسند کریں گی؟ظاہر ہے کہ اہل السنة والجماعة نوانی چہروں والے گروہ کے ساتھ !
تو آئیے گرمیوں کی چھٹیوں میں بہت ہی مختصر دورانیے کے ان کورسز میں شرکت کریں اورحقیقی اہل السنة والجماعة کے عقائد مسائل اور اعمال سے آگاہی حاص کرکے اپنی آخرت کو سنواریں۔
اسکولز،کالجز اور مدارس کے ارباب اختیار سے گزارش ہے کہ اپنے اداروں اورحلقہ اثر میں اس بابرکت اور باسعادت صراط مستقیم کورس کااہتمام کریں۔ اس کورس کو پڑھانے کے لیے معلمین اور معلمات کے لیے مختصر اور جامع ہدایات پر مشتمل کتابچہ بھی موجودہے۔
روزانہ یا ہفتے میں تین یاچار دن صرف دوتین گھنٹے کی کلاس میں اس کورس کوبآسانی ایک ماہ میں ختم کیا جاسکتا ہے۔مدیر اعلیٰ کی زیر نگرانی ان شاءاللہ العزیز ملک کے طول وعرض میں اس کورس کاانعقاد کیا جا رہاہے۔
آئیں تجدید عہد کریں اور اپنے وقت کو قیمتی بنائیں، متا ع وقت کی قدر پہچانیں اور کاروان کے چھوٹنے سے پہلے پہلے بیدار ہوجائیں۔قلیل وقت اور تھوڑی سی محنت کی سرمایہ کاری کریں اوردنیاوی واخروی سعادتوں اور فوزوفلاح کے الہی خزانوں سے وافرحصہ وصول کریں۔ آئیں مل کر دعا کے لیے ہاتھ اٹھائیں۔
”اھدناالصراط المستقیم“
صراط مستقیم کورس کتابی شکل میں منگوانے اورمزید تفصیلات جاننے کے لیے ان نمبرز پر رابطہ کریں۔
کورس سے متعلقہ تفصیلات جاننے کے لیے ان ای میل ایڈریسز پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔