اہل السنت کی نشانیاں

User Rating: 0 / 5

Star InactiveStar InactiveStar InactiveStar InactiveStar Inactive
 
آخری قسط
اہل السنت کی نشانیاں
مولانا عابد جمشید
مردوں کا زندہ کیا جا نا اور میدان حشر میں جمع ہو نا:۔
امام اعظم ابوحنیفہ نعمان بن ثابت رحمہ اللہ تعالی نے اپنے متعلقین اور شاگردوں کو جمع کر کے جو نصیحتیں کیں اور ان کو اہلسنت کی علامات بتا کر ان پر کاربند رہنے کا حکم فرمایا ان میں سے بارھویں اور آخری علامت یہ ہے کہ اہل السنت والجماعت کا یہ عقیدہ ہے کہ اللہ تعالی انسانوں کو مرنے کے بعد ایک خاص دن میں دوبارہ زندہ کرے گا اور اس دن کی مقدار پچاس ہزار سال کے برابر ہے قرآن کریم میں اللہ تعالی کا ارشاد ہے۔
’’تعرج الملئکۃ والروح الیہ فی یوم کان مقدارہ خمسین الف سنۃ ‘‘
[سورۃ المعارج ]
اور ’’وان اللہ یبعث من فی القبور‘‘
[ سورۃ الحج ]
اس دن انسانوں کو ان کے اعمال کا بدلہ ملے گا اور ہر شخص کے حقوق پورے پورے ادا کئے جائیں گے، کسی کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوگی۔
اللہ تعالی کی زیارت اور اس کی کیفیت:۔
اہل السنت والجماعت کا عقیدہ یہ ہے کہ اہل جنت کو اللہ تعالی کی زیارت نصیب ہو گی البتہ اس کی کوئی خاص کیفیت، جہت یا تشبیہ ممکن نہیں۔ بعض گمراہ لو گ یہ کہتے ہیں کہ اللہ تعالی کودیکھنا ممکن نہیں لیکن اہلسنت کہتے ہیں کہ قیامت کے دن اہل ایمان کو اللہ تعالی زیارت نصیب ہو گی۔ قرآن کریم میں ارشاد باری تعالی ہے۔
وجوہ یومئذ ناضرۃ الی ربھا ناظرہ
ترجمہ : اس دن بہت سے چہرے تروتازہ ہو ں گے اور اپنے رب کی طرف دیکھ رہے ہوں گے۔
البتہ اس دنیا میں رہتے ہوئے عام آنکھ سے حالت بیداری میں اللہ تعالی کو دیکھنا ممکن نہیں تاہم خواب میں زیارت باری تعالی عین ممکن ہے۔ یاد رہے کہ اہل السنۃ والجماعۃ کے ہاں شب معراج کے موقع پر جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالی کی زیارت کی اور قرآن و حدیث میں اس کا ثبوت بھی ملتا ہے۔
شفاعت حق ہے اور جنت دوزخ ہمیشہ رہیں گی:۔
امام اعظم رحمہ اللہ فرماتے ہیں : اہلسنت کا عقیدہ یہ ہے کہ جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم قیامت کے دن شفاعت فرمائیں گے اور یہ تمام اہل ایمان کے لیے ہو گا اگرچہ وہ کبیرہ گناہ کا مرتکب ہی کیوں نہ ہو۔ اہل سنت کا یہ بھی عقیدہ ہے کہ سیدہ خدیجۃ الکبری رضی اللہ تعالی عنھا کے بعد سب سے افضل مقام سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنھا کا ہے۔ اور روافض ان کی شان میں گستاخی کرتے ہو ئے جتنے الزامات اور تمہتیں ان پر لگاتے ہیں وہ ان سب سے بری ہیں۔
امام اعظم رحمہ اللہ آخر میں فرماتے ہیں کہ ہم اس بات پر بھی ایمان رکھتے ہیں کہ جنت اور دوزخ کا معاملہ وقتی اور عارضی نہیں بلکہ دائمی ہے اہل جنت جنت میں ہمیشہ رہیں گے اور کفار اور مشرکین ہمیشہ ہمیشہ کے لیے جہنم میں رہیں گے اللہ تعالی جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسل کی شفاعت کے صدقے ہمیں جنت الفردوس میں جگہ عنایت فرمائے اور دوزخ کی آگ اور عذاب سے ہماری حفاظت فرمائے۔
یا اللہ کریم ہمیں ہمیشہ ہمیشہ اہل السنت والجماعت کے عقائد ونظریات پر کار بند رہنے کی توفیق عطا فرمائیے اور ایسے اعمال کرنے کی توفیق مرحمت فرمائیے جن سے آپ اور آپ کے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کی رضا نصیب ہو۔
آمین بجاہ النبی الکریم علیہ والصلوۃ والتسلیم